جرمنی کی جماعت Wittlich میں چوتھی چیریٹی واک کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصار اللہ جرمنی کے زیرِ انتظام جماعت وٹلش نے مورخہ ۸؍ستمبر۲۰۲۴ء بروز اتوار اپنی چوتھی چیریٹی واک منعقد کرنے کی توفیق پائی۔ مکرم عرفان احمد ججہ صاحب زعیم مجلس انصاراللہ وٹلش کی سربراہی میں اٹھارہ شعبہ جات نے اس کوپایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیےکام کیا۔
پروگرام میں صدر مجلس انصاراللہ جرمنی مکرم بشیر احمد ریحان صاحب اور شہر کے میئر مکرم Joachim Rodenkirsch صاحب نے بھی شرکت کی۔
پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ اس کےبعد دوڑ اور پیدل چلنے کے مقابلہ جات ہوئے۔ اس چیریٹی واک میں شاملین کی حاضری ۱۷۰ رہی، جن میں ۲۶جرمن مہمان بھی شامل ہوئے۔ انصارو خدام کے علاوہ اطفال نے بھی دوڑ اور آہستہ چلنے میں بھرپورحصّہ لیا۔ مختلف کمپنیوں نے عطیات دے کر اس کارخیرمیں اپنا حصّہ ڈالا۔ اس طرح چیریٹی کی مد میں ۳۱۴۰ یورو کی رقم اکٹھی ہوئی۔ یہ رقم جرمنی کی تین خیراتی تنظیموں میں تقسیم کی گئی،جن میں Humanity First بھی شامل ہے۔ ان تنظیموں کے نمائندگان نے پروگرام کے آخر میں چیک وصول کیےاور جماعت کاشکریہ ادا کیا۔اسی طرح دوڑ اور پیدل چلنے میں اوّل، دوم اور سوم آنے والوں نے معزز مہمانوں کے ہاتھوں سے انعامات اورسندات وصول کیں۔ مکرم صدر صاحب مجلس انصار اللہ جرمنی نے مہمانوں کادل کی گہرائی سے شکریہ ادا کیا۔ نیز وٹلش شہر کے میئر صاحب نے اس پروگرام کو سراہتے ہوئے جماعت کی توصیف و تعریف کرتے ہوئے جماعت کے ماٹو ’’محبت سب کے لیے نفرت کسی سے نہیں‘‘ کو بہت پسند کیا۔
اس روز کھانے اور ریفریشمنٹس کا بھی انتظام تھا۔
(رپورٹ: جاویداقبال ناصر۔ مربی سلسلہ جرمنی)