متفرق مضامین

منکی پاکس(Monkeypox)

(آمنہ نورین (جرمنی))

خاکسار کی ایک بیٹھک اپنی خالہ مکرمہ شمیم رمضان صاحبہ سے ہوئی جو ایک ہسپتال میںنرسنگ ڈائریکٹر ہیں۔خالہ جان نے چند بیماریوں کے متعلق آگاہی دی جن میں سے خاکسار آپ کے ساتھ ایک منکی پاکس (monkeypox)کا ذکر کرنا ضروری سمجھ رہی ہے جس کی ایک وجہ یہ ہے کہ یہ بیماری کورونا، چیچک اور خسرہ سے مشابہت رکھتی ہے اورایک سے دوسرے انسان میں تیزی سے پھیلنے والی بیماریوں میں سے ایک ہے۔

سال ۲۰۱۹ء کے آخر میں ایک قدرتی آفت کورونا وائرس کی صورت میں پوری دنیا میں ایک قیامت برپا ہوئی۔ قریباً چار سال ہو گئے ہیں یہ آفت ابھی پوری طرح ٹلی نہیں کہ ایک نئی قدرتی آفت نے دنیا بھر میں قدم رکھ لیا ہے۔ اس کا نام ہے ‘منکی پاکس’۔

تعارف:یہ وائرس جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہونے والے وائرسز میں سے ایک جدید ترین وائرس ہے۔ انسان کا اس وائرس سے متاثر ہونے سے لے کر مریض کی علامات ظاہر ہونے کا دورانیہ عام طور پر سات سے چودہ دن اور زیادہ سے زیادہ اکیس دن تک ہو سکتا ہے۔اس کی علامات اور احتیاطی تدابیر کچھ حد تک کورونا وائرس سے ملتی جلتی ہیں۔

علامات:بخار، سردرد، جسم، کمر اور پٹھوں میں درد، جسم پر غیر معمولی موٹے دانے یا چھالے جن میں ریشہ پڑ جائے ( جنہیں پھوڑے، پھنسیاں بھی کہا جا سکتا ہے) اور بغل کے نیچے مدافعاتی غدود میں سوجن۔

پھیلاؤ:منکی پاکس ایک متعدی( ایک شخص سے دوسرے تک لگنے والی) مرض ہے اور وائرس (بیماری) متاثرہ شخص سے ہاتھ ملانے، گلے ملنے، بوس و کنار، جنسی عمل، مریض کی استعمال شدہ اشیاء مثلاً کپڑے، چادر، بستر اور برتن وغیرہ کے بغیر دھوئے استعمال کرنے سے پھیلتا ہے۔ نیز بیمار جانور کے ذبح کرنے یا اس کے خون اور گوشت کو ہاتھ لگانے سے بھی پھیلتا ہے۔

منکی پاکس سے بچاؤ:منکی پاکس سے بچاؤ کی چند تدابیر درج ذیل ہیں:

ہاتھوں کی صفائی ( صابن اور پانی سے ہاتھ دھونا یاHand Sanitizer استعمال کرنا)، غیر ضروری محفل، ہجوم یا رش سے گریز، اگر رش والی جگہ جانا ضروری ہو تو ماسک کا استعمال، جنسی تعلقات سے قبل دونوں فریقین کی اچھی طرح صفائی۔

تشخیص:منکی پاکس سے ملتی جلتی علامات ہرپیز، خسرہ اور آتشک جیسے امراض میں بھی ظاہر ہوتی ہیں۔ چونکہ یہ بیماری چند دوسری بیماریوں سے ملتی جلتی ہے اس لیے ڈاکٹر چیک کرنے کے بعد ٹھیک سے بتا سکتا ہے کہ آپ کو اس وقت کون سا مرض لاحق ہے۔

مریض کی ہسپتال منتقلی:منکی پاکس کے مشتبہ مریض کےليے فوراً اپنے علاقہ کی ایمرجنسی کی صورت میں ملک کی طرف سے جاری کردہ نمبر پر رابطہ کریں اور مریض کو ہسپتال پہنچانے کی کوشش کریں۔

منکی پاکس کے مریض کی گھر پر دیکھ بھال:اس مرض میں لاحق افراد کو تندرست ہونے میں دو سے چار ہفتوں کا وقت لگتا ہے مگر اس دوران مریض کے لیے چند احتیاطی تدابیر درج ذیل ہیں:

مریض کو ایک علیحدہ اور ہوادار کمرے میں رکھیں، مریض الگ غسل خانے کا استعمال کرے یا پھر غسل خانے کے استعمال کے بعد کسی جراثیم کش سپرے یا دوا سے غسل خانے میں چھڑکاؤ کر دے، مریض دوسرے افراد خانہ یا احباب سے ملنے سے گریز کرے۔ مریض کی استعمال شدہ اشیاء مثلاً کپڑے اور بستر کو گرم پانی اور صابن سے دھوئیں اور آخر میں چند منٹ جراثیم کش دوا میں بھگو کر رکھ دیں اور سوکھنے کے لیے ڈالیں، مریض دوسرے لوگوں کی موجودگی میں ماسک پہنے اور اپنے جسم کو پوری طرح کپڑے سے ڈھانپ کر رکھے، مریض متوازن غذا، مناسب مقدار میں پانی جوس اور پُرسکون نیند لے، منہ میں چھالے ہوں تو نمک ملے پانی سے غرارے کرے، جسم پر موجود چھالوں کو ہاتھ لگانے اور چھیلنے سے گریز کریں، جسم پر ہاتھ لگانے کے بعد ہاتھ اچھی طرح صابن سے دھوئیں، مریض کو اس وقت تک علیحدہ رکھیں جب تک چھالوں سے کھرنڈ اتر کر جلد مکمل طور پر تندرست نہ ہو جائے۔

منکی پاکس کے مریض کی دیکھ بھال کرنے والے کےليے احتیاطی تدابیر:مریض کی دیکھ بھال کرنے والا عام لوگوں سے میل جول سے گریز کرے، مریض سے ملاقات کے بعد اردگرد کی اشیاء کو ہاتھ لگانے کے بعد ہاتھ اچھی طرح صابن سے دھوئے، مریض سے ملاقات کے وقت دستانے، ماسک، حفاظتی ایپرین اور حفاظتی عینک پہنے، مریض سے ایک میٹر کا فاصلہ رکھے، مریض سے ہاتھ ملانے یا براہ راست ملاقات سے پر ہیز کرے، ہر دفعہ مریض سے ملاقات کے وقت نئے دستانے، ماسک اور حفاظتی ایپرین کا استعمال کرے۔ استعمال شدہ دستانے، ماسک اور حفاظتی ایپرین کو فوری طور پر کوڑے دان میں لفافہ میں اچھے سے باندھ کر پھینکیں۔ انفیکشن کنٹرول کے اصولوں پر عمل کریں۔

آخر میں خالہ جان نے نصیحت کی کہ ظاہری اور باطنی صفائی انسان کو پُرسکون اور صحت مند رکھنے میں بہت اہم کردار ادا کرتی ہے اور مختلف بیماریوں سے بچاتی ہے۔ لہذا صحت مند زندگی کےليے صفائی کا خاص خیال رکھا کریں۔

(نوٹ: اس مضمون میں عمومی معلومات دی گئی ہیں۔ قارئین اپنے مخصوص طبی حالات کے پیش نظر اپنے ڈاکٹر یا جی پی (GP)سے مشورہ کریں۔)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button