حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے خصوصی پیغام برموقع نیشنل اجتماع لجنہ اماءاللہ لائبیریا کا اردو مفہوم
عزیز ممبرات لجنہ اماء اللہ لائبیریا!
السلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ
آپ کےسالانہ نیشنل اجتماع کے اس مبارک موقع پر آپ کی صدر صاحبہ نے درخواست کی ہے کہ میں آپ کو ایک پیغام بھیجوں۔ آپ جہاں اپنے درمیان بھائی چارہ کے رشتوں کو مضبوط کرنے اور اپنے ایمان کو تازہ کرنے کے لیے اکٹھی ہوئی ہیں میں آپ کو چند اہم پہلوؤں کی طرف توجہ دلانا چاہتا ہوں جو ممبرات لجنہ اماء اللہ کے لیے بہت اہمیت کے حامل ہیں۔
ہمیشہ یاد رکھیں کہ اللہ تعالیٰ کا آپ پر کتنا عظیم احسان ہے کہ اس نے آپ کو حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو قبول کرنے کی توفیق عطا فرمائی ہے۔ آپؑ صدیوں کی غلط تشریحات اور بدعات سے پوشیدہ اسلام کی حقیقی روح کو زندہ کرنے اور تمام انسانیت کے لیے راستبازی کی راہ روشن کرنے کے لیے مبعوث ہوئے تھے۔ آپ نے حضرت مسیح موعودؑ کی بیعت کی ہے اور خوش قسمت ہیں کہ آپ ان کی الٰہی ہدایت یافتہ جماعت میں شامل ہیں۔
تاہم اس نعمت کے ساتھ آپ پر ایک بہت بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ احمدی مسلمان خواتین ہونے کی حیثیت سے آپ نے اس دور میں اسلام کے دفاع اور تبلیغ کا فریضہ انجام دینا ہے۔ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے آنے والی نسلوں کی تشکیل میں خواتین کے اہم کردار پر بہت زور دیا ہے۔ آپ اپنے گھروں کی معمار ہیں، اپنے بچوں کی پرورش کرنے والی ہیں اور معاشرہ کے لیے اخلاقی راہنمائی کے مینار ہیں۔
میں آپ کوتاکید کرتا ہوں کہ آپ اس دور میں اللہ کی طرف سے دی گئی نعمتوں سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ خلافت احمدیہ کا الٰہی نظام ہر قدم پر راہنمائی کرتا ہے اور ایم ٹی اے اس راہنمائی کے ساتھ ایک مستقل تعلق فراہم کرتا ہے۔ ایم ٹی اے کے ذریعہ آپ خطبات اور خطابات کو باقاعدگی سے سن سکتی ہیں اور اپنی عملی زندگیوں میں ان سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔ ان نعمتوں کو اپنے لیے اور اپنے اہل خانہ کے لیے روحانی نشو ونما کا ذریعہ بنائیں۔
میری عزیز ممبرات یاد رکھیں کہ آپ کی حقیقی قدر دنیاوی رجحانات کی عارضی دلکشی میں نہیں بلکہ تقویٰ اور راستبازی کی تلاش میں ہے۔ اپنے آپ کو تقویٰ کے خوبصورت لباس سے آراستہ کریں، اپنی نماز کی حفاظت کریں اور اپنے بچوں کے دلوں میں اللہ کی محبت پیدا کریں۔ جب آپ اپنے ایمان کو تمام دنیاوی معاملات پر ترجیح دیتی ہیں تو آپ اپنے لیے، اپنے اہل و عیال اور پوری دنیا کے روشن مستقبل کی حقیقی ضامن بن جاتی ہیں۔ اللہ تعالیٰ آپ کے اجتماع کو بے شمار برکتوں سے نوازے، آپ کے دلوں کو اپنی محبت سے بھر دے اور آپ کو ان عظیم ذمہ داریوں کو پورا کرنے کی طاقت عطا فرمائے جو آپ کے کندھوں پر ہیں۔ آمین