پیغام حضور انور

’’نظام سلسلہ کی کامل پابندی اور احمدیت کے متعلق دلوں میں جذبۂ احترام پیدا کریں‘‘

خصوصی پیغام امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز بر موقع پچاسواں سالانہ اجتماع مجلس خدام الاحمدیہ بھارت (بشکریہ ہفت روزہ بدر، قادیان 31؍ اکتوبر 2019ء)

پیارے ممبران مجلس خدام الاحمدیہ بھارت

السلام علیکم ورحمة اللہ و برکاتہ

مجھے یہ جان کر بہت خوشی ہوئی ہے کہ آپ کو اپنا پچاسواں سالانہ مرکزی اجتماع منعقد کرنے کی توفیق مل رہی ہےنیز آپ اس موقع پر سالانہ اجتماعات کی تاریخ پر ایک سوونیئر بھی شائع کر نا چاہتے ہیں۔اللہ تعالیٰ اسے ہر لحاظ سے بابرکت فرمائے۔آمین۔

مکرم صدر صاحب خدام الاحمدیہ نے اس بارے میں مجھ سے پیغام بھجوانے کی درخواست کی ہے ۔میر ا پیغام یہ ہے کہ ان مقاصد کو مدِنظر رکھیں جن کے لیے مجلس خدام الاحمدیہ قائم کی گئی تھی اور انہیں اپنے خلافت سے مضبوط تعلق میں استعمال کریں۔

مجلس خدام الاحمدیہ احمدی نوجوانوں کی ذیلی تنظیم ہے جس کی بنیاد حضرت خلیفۃ المسیح الثانی رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے 1938ءمیں قادیان میں رکھی۔آپ چاہتے تھے کہ احمدی نوجوانوں کی بہترین دینی تربیت کی جائے تاکہ وہ اسلامی تعلیمات کا عمدہ نمونہ اپنے وجود میں پیش کرسکیں۔ہر نسل پہلی نسل کی پوری قائم مقام ہو اور جانی اور مالی قربانیوں میں پہلوں کے نقش قدم پر چلنے والی ہو۔

چنانچہ جب آپؓ نے اس کی بنیاد رکھی تو فرمایا:

‘‘آج نو جوانوں کی ٹریننگ کا زمانہ ہے اوران کی تربیت کا زمانہ ہے۔اور ٹریننگ کا زمانہ خاموشی کا زمانہ ہوتا ہے ۔لوگ سمجھ رہے ہوتے ہیں کہ کچھ نہیں ہو رہا ۔مگر جب قوم تربیت پاکر عمل کے میدان میں نکل کھڑی ہوتی ہے تو دنیا انجام دیکھنے لگ جاتی ہے۔درحقیقت ایک ایسی زندہ قوم جو ایک ہاتھ پر اٹھے اور ایک ہاتھ کے گرنے پر بیٹھ جائے دنیامیں عظیم الشان تغیر پیدا کر دیا کرتی ہے’’

اسی طرح آپ نے مجلس خدام الاحمدیہ کے پہلے سالانہ اجتماع کے موقعہ پر جو نصائح فرمائیں ان کا ملخص یہ تھاکہ قومی ترقی کا تمام تر انحصارنوجوانوں پر ہوتا ہے اگر کسی قوم کے نوجوان ان روایات کے صحیح طور پر حامل ہوںجو اس قوم میں چلی آتی ہوں تو وہ قوم ایک لمبے عرصہ تک زندہ رہ سکتی ہے۔لیکن اگر آئندہ پودنکمی ہو تو قوم کبھی ترقی نہیں کر سکتی بلکہ جو ترقی حاصل ہوچکی ہے وہ بھی تنزل سے بدل جاتی ہے۔اس ضمن میں حضور نے نظام سلسلہ کی کامل پابندی کرنے نیز خدام الاحمدیہ کے لائحہ عمل میں مذکورہ امور کی طرف توجہ دلائی۔آپ نے نصیحت فرمائی کہ احمدیت کے متعلق دلوں میں جذبۂ احترام پیدا کریں۔استقلال کا مادہ پیدا کریں۔محنت کی عادت ڈالیں۔اجتہادات اور قیاسات سے کام لینے سے اجتناب کریں۔وسعت ِنظر پیدا کریں اور حالاتِ حاضرہ سے گہری واقفیت حاصل کریں۔دیانت کی روح پیداکریں۔خدمت خلق کے کاموں میں حصہ لیں۔سچائی کو اختیار کیا جائے ۔اپنے مقصود کو ہر وقت اپنے سامنے رکھا جائے۔اپنے آپ کو کام کے نتائج کا ذمہ دار قرار دیا جائے۔اگر کوئی قصورہو جائے تو سزا برداشت کرنے کے لیے تیار رہیں۔جو شخص قوم کے لیے فنا ہوتا ہے وہ فنا نہیں ہوتا۔قومی زندگی کے قیام کے مقابلہ میں انفرادی قربانی کوئی حقیقت نہیں رکھتی۔صرف اپنی اصلاح نہ کی جائے بلکہ ماحول کی بھی اصلاح کی جائے۔اطاعت کا مادہ اپنے اندر پیدا کیا جائے اور ہمیشہ خیال رکھا جائے کہ جماعت کا قدم ترقی کی طرف ہی بڑھے۔

حضرت مصلح موعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا یہ فقرہ آپ بار بار سنتے رہتے ہیں کہ‘‘قوموں کی اصلاح نوجوانوں کی اصلاح کے بغیر نہیں ہوسکتی ۔’’یہی وجہ تھی کہ آپ نو جوانوں کی تربیت پر مسلسل خاص توجہ فرماتے رہے ۔ایک خطبہ جمعہ میں آپ نے فرمایا:

‘‘قوموں کی کامیابی کے لیےکسی ایک نسل کی درستی کافی نہیں ہوتی جو پروگرام بہت لمبے ہوتے ہیںوہ اسی وقت کامیاب ہو سکتے ہیں جبکہ متواتر کئی نسلیں ان کو پورا کرنے میں لگی رہیں۔جتنا وقت ان کو پورا کرنے کے لیے ضروری ہوا گر اتنا وقت ان کو پورا کرنے کے لیے نہ دیا جائے تو ظاہر ہے کہ وہ کسی صورت میں مکمل نہیں ہو سکتے اور اگر وہ مکمل نہ ہوں تو اس کے معنے یہ ہوں گے کہ پہلوں نے اس پروگرام کی تکمیل کے لیے جو محنتیں، کو ششیں اور قربانیاں کی ہیں وہ بھی سب رائیگا ںگئیں…اس لیے میںنے مجلس خدام الاحمدیہ کی بنیاد رکھی ہے۔’’

پس ان تمام مقاصد کو اپنے پیشِ نظر رکھیں۔خلیفۂ وقت کی رہ نمائی اور دعاؤں سے اپنے پروگراموں کو کامیاب بنائیں۔خلیفۂ وقت کی تمام نصائح پر عمل کریں اور کامل اطاعت اور اخلاص و وفا کا عمدہ نمونہ بنیں۔خدمت دین کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔اسلام و احمدیت کی تبلیغ سے کبھی غافل نہ ہوں۔ہر پہلو سے اپنے دینی،اخلاقی اور روحانی معیاروں کو بلندتر کرتے چلے جائیںاور نیکی اور روحانیت میں ہمیشہ ترقی کرتے رہیں۔اللہ تعالیٰ آپ کو دین و دنیا کی حسنات کا وارث بنائے۔آمین۔

والسلام

خاکسار

(دستخط) مرزا مسرور احمد

خلیفة المسیح الخامس

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button