یورپ (رپورٹس)

جرمنی کے سالانہ بک فیئر میں جماعت احمدیہ کا تبلیغی سٹال

(عرفان احمد خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل جرمنی)

جرمنی میں منعقد ہونے والی عالمی نمائشیں جو دنیا بھر میں بہت شہرت رکھتی ہیں ان میں ہر سال اکتوبر میں لگنے والے کتابوں کے میلے جسے Frankfurter Buchmesse کے نام سے جانا جاتا ہے۔ امسال یہ بک فئیر ۱۶تا۲۰؍اکتوبر بروز بدھ تا اتوار پانچ روز حسب معمول فرینکفرٹ میں منعقد ہوا جس میں ۱۵۳؍ممالک سے چار ہزار ۳۰۰؍پبلشرز نے اپنی اپنی مطبوعات کو اپنے سٹالز کی زینت بنایا۔ ان پانچ دنوں میں تین ہزار ۳۰۰؍مذاکرے ہوئے اور دو لاکھ ۳۰؍ہزار لوگوں نے اس بک فیئر سے استفادہ کیا۔

جماعت احمدیہ جرمنی کے پبلشنگ ادارے Verlag der Islam نے بھی ہال نمبر ۳ کی پہلی منزل پر اپنا سٹال لگایا جس میں جماعت کی طرف سے شائع کردہ جرمن اسلامی لٹریچر نمائش میں پیش کیا گیا۔ جرمن ترجمۃ القرآن، اسلامی اصول کی فلاسفی اور سیرت النبی ﷺ کی کتب کو خاص اہمیت دی گئی تھی۔ جماعتی سٹال پر ان کے پوسٹر نمایاں طور پر لگائے گئے تھے جو ہر پاس سے گزرنے والے کی توجہ کا مرکز بنے۔

سوموار کے روز مکرم ظفر اقبال صاحب کی معیت میں سٹال تیار کر کے اس کو خوبصورتی سے مزین کیاگیا۔ بدھ اور جمعرات کے روز صرف کتب فروش کمپنیوں اور بک سیلرز کونمائش دیکھنے اور آرڈر بک کروانے کی اجازت ہوتی ہے۔ جبکہ جمعہ، ہفتہ اور اتوار داخلہ ٹکٹ کے ساتھ افادہ عام کے ليے نمائش کو دیکھنے اور کتابوں سے تعارف حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا جاتا ہے۔ ان پانچ دنوں میں سینکڑوں لوگ جماعت احمدیہ کے سٹال پر آئے، اسلام اور اسلامی لٹریچر کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور آرڈر بک کروائے۔ جماعت کے سٹال کو یہ انفرادیت حاصل تھی کہ وہاں آنے والوں کو ان کا نام عربی خطاطی میں لکھ کر تحفۃً پیش کیا جاتا تھا۔ حافظ لقمان احمد صاحب اور فرہاد عبدالغفار صاحب نے یہ خدمت سرانجام دی۔ مہمانوں سے گفتگو کرنے کا فریضہ محمد مصور صاحب، نبیل احمد شادصاحب، سفیر الرحمان ناصرصاحب، اسد جری اللہ صاحب، طلحہ کاہلوں صاحب اور عبدالمنان واگس ہاؤزر صاحب نے ادا کیا۔ جماعت احمدیہ جرمنی اللہ تعالیٰ کے فضل سے گذشتہ ۵۲؍سال سے اس نمائش میں شرکت کر رہی ہے۔

اس نمائش کا اہتمام جرمن پبلشر اور بک سیلرز کا ادارہ مل کر فرینکفرٹ میں قائم ادارہ Frankfurt Messe کے گیارہ وسیع و عریض ہالز میں کرتا ہے جن کا رقبہ تین لاکھ ۷۲؍ہزار مربع میٹر ہے۔ فرینکفرٹ میںسے شنگھائی، ہنوور کے بعد دنیا کا تیسرا بڑا فیئری گراؤنڈ ہے جس کا کُل رقبہ پانچ لاکھ ۹۲؍ہزار ۱۲۷؍مربع میٹر ہے۔ بک فیئر کے دوران کھلی جگہوں پر بھی خیمہ جات لگا کر سٹال لگائے جاتے ہیں۔ ہالز کے اطراف میں داخلی گیٹوں سے ملحق پرانی کتابیں فروخت کرنے والوں کے جمگھٹے بک فیئر کی رونق میں اضافہ کا موجب بنتے ہیں۔

اس سال اٹلی کو خصوصی مہمان کا درجہ حاصل تھا۔ ۲۰۲۵ء میں فلپائن کو یہ درجہ حاصل ہو گا۔ جس ملک کو خصوصی مہمان ملک کا درجہ حاصل ہو اس ملک کے پبلشنگ اداروں، میڈیا انڈسٹری، لٹریچر فینز کو بطور خاص متعارف کروایا جاتا ہے اور میڈیا میں خصوصی کوریج کا اہتمام کروایا جاتا ہے۔ امسال سات ہزار ۵۰۰؍پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے افراد بک فیئر کی کوریج کے ليے موجود تھے۔

(رپورٹ: عرفان احمد خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button