لجنہ اماء اللہ ڈنمارک کے سالانہ نیشنل اجتماع ۲۰۲۴ء کا انعقاد
مکرمہ شیزہ منیر صاحبہ صدر لجنہ اماءاللہ ڈنمارک تحریر کرتی ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۱۹ و۲۰؍اکتوبر ۲۰۲۴ء کو مسجد نصرت جہاں کوپن ہیگن، ڈنمارک میں لجنہ اماءاللہ اور ناصرات الاحمدیہ ڈنمارک کا سالانہ اجتماع منعقد کیا گیا۔
اجتماع کی تیاری کا آغاز تین ماہ قبل ہو چکا تھا۔ مکرمہ سعدیہ حنا صاحبہ نیشنل سیکرٹری تعلیم کی طرف سے اجتماع کا نصاب تمام حلقہ جات میں بھجوایا گیا اور تیاری کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔ اسی طرح مکرمہ شمائلہ منیر صاحبہ نیشنل سیکرٹری ناصرات الاحمدیہ کی طرف سے بھی نصاب ناصرات کے ساتھ شیئر کیا گیا اور تیاری کے ليے باقاعدہ کلاسز کا انتظام کیا گیا۔
ناصرات الاحمدیہ کے حفظ القرآن اور دینی معلومات کے مقابلہ جات اجتماع سے دو دن پہلے آن لائن منعقد کیے گئے۔
اجتماع کا باقاعدہ آغاز ۱۹؍اکتوبر کو صبح گیارہ بجے تلاوت قرآن کریم اور نظم سے ہوا جس کے بعد خاکسار (صدر لجنہ اماءاللہ ڈنمارک) نے حضور انور ایدہ اﷲ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا لجنہ اماءاﷲ ڈنمارک کے ليے ارسال کردہ خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا جبکہ مکرمہ ریما بٹ صاحبہ نیشنل محاسبہ نے اس پیغام کا ڈینش ترجمہ پیش کیا۔
بعد ازاں مقابلہ جات کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ سب سے پہلے ناصرات الاحمدیہ کے تینوں گروپس (صالحات، قانتات اور محسنات) کے مقابلہ جات کا انعقاد ہوا جن میں حسن قراءت، نظم، اردو تقریر اور ڈینش پریزنٹیشن کے مقابلہ جات شامل تھے۔
اسی طرح لجنہ اماءاﷲ کے مقابلہ جات میں حسن قراءت، حفظ القرآن، نظم، اردو تقریر، ڈینش اور انگلش پریزنٹیشنز کے مقابلہ جات شامل تھے۔
اجتماع کے موقع پر ایک نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا تھا جس میں ممبرات لجنہ اماءاللہ اور ناصرات نے حصہ لیا اور مختلف آرٹس نمائش کا حصہ بنے۔ دونوں دن وقفہ کے دوران مختلف سٹالز کا بھی اہتمام کیا گیا اور سٹالز سے ہونے والی تمام آمدن چیریٹی میں بھجوا دی گئی۔
اجتماع کے اختتام پر پوزیشن حاصل کرنے والی ممبرات لجنہ اماءاللہ اور ناصرات میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ بعدازاں اختتامی تقریر میں خاکسار نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خصوصی پیغام دوبارہ سب حاضر لجنہ کو پڑھ کر سنایا اور تمام حاضرات اور کارکنات کا شکریہ ادا کیا۔ اس کے بعد تمام لجنہ ممبرات نے نماز مغرب وعشاء با جماعت ادا کیں۔ اس کے ساتھ ہی یہ بابرکت اجتماع بخیر و خوبی اختتام پذیر ہوا۔ الحمدللہ علیٰ ذالک۔اس اجتماع میں کُل حاضری ۱۱۷؍تھی۔
اﷲتعالیٰ تمام کارکنات اور خدمت کرنے والیوں کو جزائے خیر عطا کرے اور ہمیں خلیفۃ المسیح کا سلطان نصیر بننے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(مرسلہ: محمد اکرم محمود۔ نمائندہ الفضل انٹر نیشنل)