افریقہ (رپورٹس)

مجلس خدام الاحمدیہ ساؤتومے و پرنسپ کا پانچواں سالانہ اجتماع

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ ساؤتومےو پرنسپ کو مورخہ ۳۱؍اگست ۲۰۲۴ءبروز ہفتہ گوادالوپ شہر میں پانچواں ایک روزہ نیشنل اجتماع منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

اللہ تعالیٰ کے فضل سے اجتماع میں ۲۲۰؍خدام و اطفال نے شمولیت کی۔

اجتماع سے قبل ۳۰؍خدام پر مشتمل ایک ٹیم بنائی گئی جو ایک رات قبل اجتماع گاہ پہنچی اور تمام انتظامات کو مکمل کیا۔

اجتماع کے موقع پر خصوصی مہمان کے طور پر سپورٹس منسٹر Euridice Semedo صاحبہ کو بھی دعوت دی گئی جنہوں نے دعوت قبول کی اور اجتماع کے دوران دو گھنٹے کے پروگرام میں شامل ہوئیں۔ اجتماع کے انتظامات پر انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔

مزید برآں نیشنل ٹی وی نے اجتماع کے پروگرام کی کوریج کی اور انٹرویوز بھی ليے۔ ٹی وی پر خبر نشر ہونے پر لوگوں نے اچھے انداز میں تبصرے کیے۔

افتتاحی تقریب:اجتماع خدام الاحمدیہ کی افتتاحی تقریب گوادالوپ شہر کے فٹ بال گراؤنڈ میں منعقد ہوئی۔ تلاوت قرآن کریم اور عہد کے بعد مکرم انصر عباس صاحب نیشنل صدر جماعت احمدیہ نے خدام کو ہدایات دیں۔ پھر مقابلہ جات کا آغاز ہوا۔ درج ذیل ورزشی مقابلہ جات ہوئے: دوڑ ایک سو میٹر، بوری ریس، تین ٹانگ دوڑ، ریلے ریس، ثابت قدمی، فٹ سال۔ تمام مقابلہ جات خدام اور اطفال کے علیحدہ علیحدہ ہوئے۔

ورزشی مقابلہ جات کے بعد درج ذیل علمی مقابلہ جات ہوئے: اذان، تقریر اور کوئز۔

مبلغین کرام کے درمیان فٹ سال میچ:ان مقابلہ جات کے علاوہ مقامی و مرکزی مبلغین کو دو ٹیموں میں تقسیم کر کے فٹ سال کا ایک میچ کروایا گیا جسے شاملین اجتماع نے بڑےذوق و شوق سے دیکھا۔

پیدل مارچ:پہلی دفعہ اجتماع کے پروگرام میں پیدل مارچ بھی رکھا گیا جس میں خدام گوادالوپ فٹ بال گراؤنڈ سے مےشیوں سکول گوادالوپ تک دو کلو میٹر پیدل قطاروں میں ترانے پڑھتے ہوئے اور نعرہ ہائے تکبیر بلند کرتے ہوئے شامل ہوئے۔ سپورٹس منسٹر نے بھی اس مارچ میں حصہ لیا۔ سکول کے گراؤنڈ میں پہنچ کر ایک وقفہ کیا گیا جس میں تمام خدام کو ریفریشمنٹ دی گئی اور فٹ سال کے مقابلہ جات ہوئے۔ سکول کے دو گراؤنڈز ہیں اس ليے ایک گراؤنڈ میں خدام الاحمدیہ اور دوسرے میں اطفال کے مقابلہ جات کروائے گئے۔

اختتامی تقریب: اختتامی تقریب مےشیوں سکول گوادالوپ کے ہال میں ہوئی۔ تقریب شروع ہونے سے قبل نماز ظہر و عصر ادا کی گئیں۔ نمازوں کے بعد تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور عہد سے ہوا۔ اس کے بعد مقابلہ جات میں بہترین کارکردگی دکھانے والے خدام و اطفال کو انعامات دیے گئے۔ آخر پرنیشنل صدر صاحب جماعت نے خدام الاحمدیہ کو نصائح کیں اور دعا کرائی۔

مہمانوں کے تاثرات:ایک عیسائی مہمان مکرم کارلوش صاحب نے کہا کہ آپ کی دعوت کا بہت شکریہ۔ یہ سچ ہے کہ ملک نوجوانوں کی اصلاح کے بغیر ترقی نہیں کرتے۔ یہی وہ مثبت سوچ ہے جس سے ہم اپنے اہداف حاصل کرسکتے ہیں اور مستقبل کے لیڈر بن سکتے ہیں۔ نوجوان کو نوجوان کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا۔ ہمیں نوجوانوں میں ایک بڑی تبدیلی کی ضرورت ہے۔ خدا کرے کہ ہم اس تبدیلی کو لانے میں کامیاب ہوں۔

اللہ تعالیٰ تمام شاملین کو اخلاص و وفا میں بڑھائے۔ آمین

(رپورٹ: محمد اعزاز الرحمٰن۔ قائم مقام صدرمجلس خدام الاحمدیہ ساؤتومے و پرنسپ)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button