یورپ (رپورٹس)

لجنہ اماء اللہ و ناصرات الاحمدیہ آئرلینڈ کے پندرھویں سالانہ نیشنل اجتماع کا کامیاب انعقاد

(عطاء الرحمٰن خالد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل آئرلینڈ)

ناجیہ نصرت ملک صاحبہ نیشنل صدر لجنہ اماءاللہ آئرلینڈ تحریر کرتی ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے لجنہ اماءاللہ اور ناصرات الاحمدیہ آئرلینڈ کا پندرھواں نیشنل اجتماع ’’اَللّٰہُ نُوۡرُ السَّمٰوٰتِ وَالۡاَرۡضِ‘‘ کے مرکزی موضوع پر مورخہ ۲۱؍ستمبر۲۰۲۴ء کو مریم مسجد گالوے میں منعقد ہوا۔ ممبرات لجنہ اماءاللہ اور ناصرات نے اس سال بھی اجتماع سے بھرپور لطف اٹھایا اوریہ پروگرام شاملین کے ليے علم و روحانیت کو بڑھانے اور خلافت کے ساتھ اپنے تعلق کو مضبوط کرنے کا ایک قیمتی موقع ثابت ہوا۔

تمام ناظمات نے بھرپور جذبے و لگن کے ساتھ اپنی اپنی ذمہ داریوں کو ادا کرتے ہوئے اجتماع کی تیاری اور وائنڈاپ میں بھی بھرپور حصہ لیا۔ ممبرات لجنہ اماءاللہ اور ناصرات کے اجتماع کا نصاب شمیفہ ظہیرصاحبہ نیشنل سیکرٹری تعلیم اور ڈاکٹر خدیجہ عفت صاحبہ نیشنل سیکرٹری ناصرات نے تیار کیا۔ تمام ریجنز کی سیکرٹریات تعلیم نے تمام ممبرات سے رابطے کیے اور اجتماع میں شرکت کرنے کی طرف توجہ دلائی۔ لجنہ اماءاللہ اور ناصرات کے علمی مقابلہ جات کے لیے سینئر ممبرات لجنہ اماءاللہ کو منصفین کے فرائض دیے گئے۔ انہیں ان کے مقابلہ جات کے نصاب اور قواعد سے آگاہ کیا گیا۔

اجتماع کا آغاز تلاوت قرآن کریم، عہد اور نظم سے ہوا جس کے بعد نیشنل سیکرٹری تعلیم اور نیشنل سیکرٹری ناصرات نے سالانہ کارکردگی کی رپورٹس پیش کیں۔

افتتاحی اجلاس کے بعد شاملین کو عمر کے لحاظ سے گروپس میں تقسیم کیا گیا اور علمی مقابلہ جات منعقد ہوئے جن میں تلاوت قرآن کریم، نظم، تقریر، حفظِ قرآن، کوئز اور انگریزی زبان میں پریزنٹیشن کے مقابلے شامل تھے۔ ان مقابلہ جات کے دوران ہر ممبر کی فعال شرکت کو یقینی بنانے کے لیے مختلف غیر نصابی دلچسپ سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا جنہیں تمام ممبرات نے خواب سراہا۔ کھانے کے وقفے کے دوران ناصرات کو ’’بیک سیل سٹال‘‘ لگانے کا موقع ملا جس میں انہوں نے اپنے بیک کیے ہوئے کیکس، بسکٹس اور پیسٹریزفروخت کیں اور ناصرات الاحمدیہ کے ليے فنڈ اکٹھا کیا۔

مزید برآں لجنہ و ناصرات کی دلچسپی کے ليے کئی انٹرایکٹو اور معلوماتی سٹیشنز بھی لگائے گئے جن میں امیرالمومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت اقدس میں دُعائیہ خطوط، معائنہ صحت، کروشیا ورکشاپ، قرآن کلاس رجسٹریشن، آئی ٹی و مزید تعلیم حاصل کرنے کی خواہشمند لجنہ کے حوالے سے معلوماتی ڈیسک شامل تھے۔ اس کے علاوہ ناصرات کے لیےآرٹ کا مقابلہ بھی ہوا جس میں ’’صفاتِ الٰہیہ‘‘ پر مبنی آرٹ کی نمائش لگائی گئی جس نے منصفین کو بےحد متاثر کیا۔

لجنہ ممبرات کے ليے بھی خطاطی اور کھانا پکانے کے مقابلہ جات کا اہتمام کیا گیا جن میں شاملین نے اپنی غیرمعمولی فنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔

دوسرے اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور نظم کے ساتھ ہوا جس کے بعد خاکسار (نیشنل صدر لجنہ اماء اللہ آئرلینڈ)نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکا محبت بھرا پیغام پڑھ کر سنایا۔

آخر پر مقابلہ جات کے نتائج کا اعلان کیا گیا اور خاکسار نے پوزیشنزحاصل کرنے والی ممبرات میں انعامات تقسیم کیے۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے اجتماع میں آئر لینڈ کے پانچوں ریجنز کی ممبرات نے بھرپور شرکت کی اور اس پروگرام میں ملک بھر سے ۸۶؍ممبرات لجنہ اماءاللہ، ۲۴؍ناصرات اور سات سال سے کم عمر کی سات بچیوں نے شرکت کی۔ الحمدللہ۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے لجنہ اماءاللہ و ناصرات الاحمدیہ کا یہ سالانہ اجتماع نہایت کامیاب رہا۔ اللہ تعالیٰ ہماری حقیر کاوشوں کو باثمر کرے، جملہ کارکنات کو اجر عظیم سے نوازے اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی منشا کے مطابق خدمات بجا لانے کی توفیق عطا فرمائے اور ہمیں خلافت کی سلطان نصیر بنائے۔ آمین

(مرسلہ: عطاءالرحمٰن خالد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button