گنی کناکری کے بوکے (Boke) ریجن میں افتتاح مسجد بیت الرشید و مشن ہاؤس
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ گنی کناکری کو بوکے (Boke) ریجن کے گاؤں بونڈیا (Bondiya) میں مورخہ یکم نومبر۲۰۲۴ء بروز جمعۃ المبارک مسجد اور مشن ہاؤس کا افتتاح کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہ شفقت مسجد کا نام مسجد بیت الرشید عطا فرمایا ہے۔ یہ مسجد مکرم صالح نبیل ارشد صاحب آف یوکے کے تعاون سے تعمیر ہوئی ہے۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے افتتاحی تقریب میں ضلع کے صدر اور اسی طرح لیگ اسلامک کے انچارج اور ۱۲؍ائمہ شریک ہوئے۔ تمام احباب نے علاقہ میں جماعت احمدیہ کی خدمات کو سراہا اور مسجد کی تعمیر پر خوشی کا اظہار کیا اور مبارک باد پیش کی۔ ضلع کے صدر شیخو عثمان کمارا صاحب نے کہا کہ جب احمدیہ مسلم جماعت کا تعارف اس علاقے میں ہوا تو جماعت کے مخالفین نے بہت شور مچایا کہ یہ لوگ کافر ہیں، ان کی باتیں نہ سنو۔ لیکن جب ہم نے غور سے ان کے مبلغین کی تبلیغ کو سنا تو ہمیں محسوس ہوا کہ حقیقی اسلام تو یہی ہے اور اس کا ثبوت آج جماعت احمدیہ کی طرف سے ہمارے دُور دراز علاقے کے چھوٹے سے گاؤں میں اللہ کے گھر کی تعمیر ہے جس پر ہم اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں اور اس بابرکت جماعت سے ہمیشہ وفا کے ساتھ قائم رہنے کے ليے دعا کی درخواست کرتے ہیں۔
صدر جماعت نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا اور جماعت کی طرف سے ان کے گاؤں میں مسجد کی تعمیر پر بہت خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ہمیشہ جماعت احمدیہ کے ساتھ کھڑے رہنے اور خلافت احمدیہ کے ساتھ وفا کے تعلق کا وعدہ کیا۔
تقریب کے آخر میں خاکسار (مربی سلسلہ) نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطابات کی روشنی میں مساجد کی تعمیر کے مقاصد اور اہمیت بیان کی اور تقویٰ کے ساتھ عبادات بجا لانے کی طرف توجہ دلائی۔ نیز خطبہ جمعہ میں تلقین کی کہ اس مسجد کو اللہ تعالیٰ کی وحدانیت اور آنحضرتﷺ کی رسالت اور حضرت مسیح موعودؑ کی تعلیمات کو تمام علاقے میں پھیلانے کا ذریعہ بنانا ہے۔ ان شاءاللہ
الحمدللہ، اس تقریب میں ۳۴۵؍مرد و زن شامل ہوئے جن کی خدمت میں نماز جمعہ کے بعد کھانا پیش کیا گیا۔
اللہ تعالیٰ اس مسجد کو علاقے میں جماعت احمدیہ کی ترقی کا پیش خیمہ بنا دے اور احباب جماعت کو اسے آباد رکھ کر اس کا حق ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ: طاہر محمود عابد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)