یورپ (رپورٹس)

سٹراس برگ، فرانس کی مسجد مہدی میں ’اوپن ڈَورز ڈے‘ کا اہتمام

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ سٹراس برگ، فرانس کو مورخہ ۶؍اکتوبر۲۰۲۴ء بروز اتوار مسجد مہدی میں دوسرا ’اوپن ڈَورز ڈے‘ پروگرام منعقد کرنے کی توفیق ملی۔

پروگرام کی تشہیر کےليے پانچ ہزار دعوت نامے پرنٹ کروائے گئے۔ احباب جماعت نے انفرادی طور پر اپنے دوستوں کو مدعو کیا نیز دعوت نامے ارد گرد کے دیہات میں لیٹربکسز میں بھی ڈالے گئے۔ ریجنل اخبار DNA، مختلف ریجنل ٹی وی چینلز اور ریڈیو چینلز سے بھی رابطہ کیا گیا۔ اخبار DNA نے مورخہ ۵؍اکتوبر کے شمارے میں اس پروگرام کی تفصیل اور مسجد کے اندرونی حصہ کی فوٹو کے ساتھ تشہیر کی۔

ایک دن پہلے بروز ہفتہ خدام نے وقار عمل کے ذریعے مسجد اور اس کے احاطے کی صفائی کی۔ ہر سٹینڈ کی جگہ متعین کی گئی اور اس کی متعلقہ اشیاء سیٹ کردی گئیں۔

پروگرام کا اہتمام کچھ یوں رہا کہ استقبال اور رجسٹریشن کے بعد ڈیوٹی پر موجود گائیڈز مکرم کامل افضل صاحب کی نگرانی میں مہمانوں کو مسجد سے متعلق معلومات دے کر مسجد میں ترتیب سے لگائے گئے مختلف سٹینڈز کی طرف راہنمائی کرتے۔ ہر سٹینڈ پر موجود ذمہ دار اپنے اپنے موضوع کی تفصیل پیش کرتا۔

لائبریری میں قرآن کریم کے تراجم ، تاریخ احمدیت اور اسلامی نماز سے متعلق نمائشیں موجود تھیں۔ اسی طرح ایک سوال و جواب کا سٹینڈ تھا جہاں مکرم نصیر احمد شاہد صاحب مربی سلسلہ سوالوں کے جواب دیتے۔ تمام مہمانوں کی خدمت میں مختلف موضوعات پر لکھے ہوئے لیف لیٹس کا ایک پیکٹ بھی پیش کیا جاتا۔

اس کے علاوہ بعض سٹالز ہال میں لگائے گئے تھے جن میں عربی خطاطی، ہیومینٹی فرسٹ، ضیافت، بچوں کی کھیلیں، اور خواتین کا سٹال شامل ہیں۔

بفضل اللہ تعالیٰ ۱۳۰؍مہمانان تشریف لائے۔ ان میں سے بعض پہلی دفعہ تشریف لائے تھے۔ بعض مسجد کے افتتاح کی تقریب اور افطار ڈنر میں بھی تشریف لائے اور بعض اس کے علاوہ کئی بار مسجد آچکے تھے۔

اس پروگرام میں درج ذیل اہم شخصیات بھی شامل ہوئیں:

M. Justin VOGEL جو ایک ہمسایہ کونسل Truchtersheim کے میئر اور کئی کونسلز کے ایریا (Kochersberg) کےصدر ہیں۔

M. Laurent KRIEGERجو ایک ہمسایہ کونسل Gougenheim کے میئر اورعلاقہ کی کونسل کے ممبر بھی ہیں۔

Hurtigheim کونسل جہاں مسجد ہے اس کے میئر M. Jean-Jacques RUCH۔

M. Mikael POUTIERS علاقہ کے ممبر نیشنل اسمبلی کےنمائندہ۔

M. Christian LIBERT ہمسایہ کونسل Quatzenheim کے سابقہ میئر۔

Mme Denise BABILONNE علاقہ کے پرچم برداران کی تنظیم کی صدر۔

M. Benjamin BUCHHOLZ پروٹسٹنٹ پادری اور علاقہ کی پروٹسٹنٹ کمیونٹی کے صدر۔

مہمانوں کی اکثریت فرنچ مردو زن کی تھی۔ ان کے علاوہ افریقن، الجیرین، تیونیزن، مصری اورترک نژاد غیر احمدی مسلمان بھی پروگرام سے استفادہ کےليے تشریف لائے۔ یوں انہیں احمدیت سے متعلق جاننے کا موقع ملا۔

عمومی طور پر سب مہمان اسلام احمدیت سے متعلق جان کر خوش اور مطمئن نظر آتے تھے۔ جس کونسل میں جماعتی مسجد ہے اس کے میئر صاحب (Jean Jacques Ruch) نے ذکر کیا کہ جب آپ نے ۱۲؍سال قبل یہ جگہ خریدی تھی تو اس وقت گاؤں کے رہنے والوں کے کافی تحفظات تھے لیکن اب یہ تحفظات کافی حد تک دور ہو چکے ہیں۔ بلکہ میں یہ سمجھتا ہوں کہ آپ کی جماعت کا ادھر قائم ہونا ہمارے ليےایک مثبت چیز ثابت ہوئی ہے۔

ایک فر نچ دوست Gérard Wolfer صاحب نے بیان کیا کہ جب سے میں مسجد کے افتتاح کے موقع پر خلیفۂ وقت سے ملا ہوں میرا اِس مسجد کے ساتھ خاص تعلق پیدا ہو گیا ہے۔ ۲۰۱۹ء میں جب مجھے خلیفۂ وقت سے مصافحہ کرنے کا شرف حاصل ہوا اس کے بعد برکت کےليےمیں نے دو دن اپنے ہاتھ دھونے نہیں چاہے۔

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ احرارِ یورپ کے مزاج کو اسلام احمدیت کی طرف لے آئے۔ آمین

(رپورٹ:منصور احمد مبشر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button