ربوہ کا موسم (۲۹؍نومبرتا ۵؍دسمبر٫۲۰۲۴)
۲۹؍نومبر جمعۃ المبارک کو صبح سے ہی مطلع جزوی طور پر ابر آلود تھا۔ دن بھر سورج کی کرنیں زمین پر نہ پہنچ سکیں، بعد دوپہر ہلکی ٹھنڈی ہوا چلنا شروع ہوئی اور رات گئے تک جاری رہی۔ ٹمپریچر زیادہ سے زیادہ ۲۴؍ اور کم سے کم ۱۲؍ درجہ سینٹی گریڈ تھا۔ ہفتہ کو مطلع صاف تھا او رسارا دن دھوپ نکلی رہی۔ اتوار کو آسمان پر ہلکے بادل چھائے رہے۔ دوپہر کو کچھ وقت کے لیے سورج نے بادلوں سے چہرہ نکال کر ایک نظر زمین پر ڈالی اور کرنیں بکھیر دیں اور پھر واپس بادلوں میں چلا گیا۔ ساتھ ہلکی ٹھنڈی ہوا نے سردی بنائے رکھی۔ سوموار اور منگل کے دن موسم تقریباً ایک جیسا تھا یعنی سرد اور خشک، لیکن آسمان پر بادلوں کی بہت ہلکی تہ کی وجہ سے سورج کی کرنیں ٹھیک سے زمین پر نہیں پہنچ رہی تھیں۔ منگل کی صبح اور شام کو ٹھنڈی ہوا چلتی رہی۔ ٹمپریچر زیادہ سے زیادہ ۲۲؍ اور کم سے کم ۱۲؍ درجہ سینٹی گریڈ تھا۔ بدھ کا دن قدرے گرم تھا کیونکہ مطلع صاف اور دھوپ خوب نکلی ہوئی تھی، جس سے گرمیوں کی دھوپ کا گمان ہوتا تھا۔ بعض لوگوں کو تو یہ کہتے ہوئے سنا گیا کہ کہیں گرمیاں دوبارہ تو نہیں لوٹ آئیں؟جمعرات کو بھی سورج خوب چمک رہا تھا۔ تاہم صبح اور رات کو اب خنکی آہستہ آہستہ بڑھتی جارہی ہے۔ جمعرات کے دن گذشتہ دنوں کی نسبت سردی میں واضح اضافہ نوٹ کیا گیا۔ ٹمپریچر زیادہ سے زیادہ ۲۲؍ اور کم سے کم ۸؍درجہ سینٹی گریڈ تھا۔
(ابو سدید)