مجلس خدام الاحمدیہ برطانیہ کے نئے گیسٹ ہاؤس ’سرائے مسرور‘ کا افتتاح
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مورخہ ۶؍دسمبر۲۰۲۴ء بروز جمعۃ المبارک اسلام آباد، ٹلفورڈ سے دس منٹ کی مسافت پر واقع مجلس خدام الاحمدیہ برطانیہ کے نئے گیسٹ ہاؤس ’سرائے مسرور‘ کا افتتاح فرمایا۔
یہ گیسٹ ہاؤس ڈرائنگ اور ڈائننگ کمروں کے علاوہ چاربیڈ رومز پر مشتمل ہے۔ اس عمارت کو گذشتہ سال چھ لاکھ پینتیس ہزار پاؤنڈز میں خریدا گیا تھا۔
حضورِانورجمعۃ المبارک کی شام پانچ بج کر چالیس منٹ پر گیسٹ ہاؤس تشریف لائے جہاں پر اراکینِ نیشنل عاملہ مجلس خدام الاحمدیہ یوکے نے حضورِانور کا استقبال کیا۔ حضورِانور نے سب سے پہلے گیسٹ ہاؤس کے داخلی دروازے کے ساتھ لگی ہوئی یادگاری تختی کی نقاب کشائی فرمائی۔
بعد ازاں حضورِانور نے گیسٹ ہاؤس کا تفصیلی معائنہ فرمایا۔ حضورِانور نے سب سے پہلے عمارت میں موجود گیراج دیکھا جس کے متعلق مکرم عبد القدوس عارف صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ یوکے نے بتایا کہ اس گیراج کو بھی مزید رہائشی کمروں میں تبدیل کرنے کا ارادہ ہے۔
حضورِانور نے کچن کا معائنہ فرمایا جہاں حضورِانور اور مہمانان کے لیے تیار کیے جانے والے مختلف اقسام کے پکوان موجود تھے۔ حضورِانور نے اس موقعے پر بعض کھانوں کا معائنہ بھی فرمایا۔
بیٹھک اور ڈائننگ روم کے معائنے کے دوران کھانے کی میز کے گِرد رکھی جانے والی چار کرسیوں کی بابت حضورِانورکے استفسار فرمانے پر صدر صاحب نے عرض کیا کہ ملحقہ ‘کنزرویٹری’ (conservatory) میں مزید کرسیوں کا انتظام ہے۔
اس کے بعد حضورِانور کنزرویٹری میں تشریف لے گئے اور باغیچے کی طرف جانے والے دروازے کے سامنے کچھ دیر کھڑے رہے۔ باغیچے میں اراکین نیشنل عاملہ جمع تھے۔ حضورِانور کے استفسار پر صدر صاحب نے ان اراکین نیشنل عاملہ کا تعارف کروایا۔ یہاں پر قنات لگا کر چند میزوں پر ریفریشمنٹ کا انتظام بھی کیا گیا تھا۔
بعد ازاں حضورِانور نے گیسٹ ہاؤس کی بالائی منزل پر موجود چار کمروں کا معائنہ فرمایا۔ حضورِانور نے معائنہ کرتے ہوئے وہاں لگےبستر وںوغیرہ کی بابت مختلف تفصیلات معلوم فرمائیں۔ اسی طرح حضورِانور نے دیگر اشیاء اور باتھ روم وغیرہ کا بھی معائنہ فرمایا۔ حضورِانور کے استفسار فرمانے پر کہ کیا کوئی کمرہ en-suiteبھی ہے؟ صدر صاحب نے عرض کیا کہ سب سے بڑا بیڈ روم en-suite ہے۔
حضورِانور نے نچلی منزل پر تشریف لے جانے سے قبل کمروں اور ان میں موجود کل بستروں کی تعداد کی بابت استفسار فرمایا۔ یاد رہے کہ سرِدست اس گیسٹ ہاؤس میں چار قابلِ رہائش کمرے ہیں جن میں آٹھ بستر لگائے گئے ہیں۔
حضورِانور کے نچلی منزل پر تشریف لے جانے کے بعد صدر صاحب نے حضورِانور کی خدمت میں چائے کی دعوت پیش کی جس پر حضورِانور نے ازراہ شفقت فرمایا کہ یہاں موجود تمام خدام اور مہمانوں میں چائے تقسیم کردیں۔
حضورِانور نے پوری عمارت کا معائنہ کرنے کے بعد باہر تشریف لے جاتے ہوئے صدر صاحب کی حوصلہ افزائی فرمائی اور واپسی پر یادگاری تختی کے پاس کھڑے ہوکر دعا کروائی۔ بعد ازاں اراکین نیشنل عاملہ کو حضورِانور کو الوداع کہنے کا شرف حاصل ہوا۔ حضورِانور پانچ بج کر پچپن منٹ پر یہاں سے روانہ ہوگئے۔
دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس عمارت کے ذریعہ مجلس الاحمدیہ کو مسیح آخرالزماں ؑکی برکت سے تشریف لانے والے مہمانوں کی بہترین خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ : نعمان احمد ہادی ۔ ایڈیشنل مہتمم تربیت مجلس خدام الاحمدیہ برطانیہ)