مجلس انصاراللہ نیوزی لینڈ کی پانچویں مجلس شوریٰ کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۸؍نومبر۲۰۲۴ء کو شام ساڑھے پانچ بجے مجلس انصاراللہ نیوزی لینڈ کی مجلس شوریٰ کا پہلا اجلاس مکرم محمد یٰسین چودھری صاحب صدر مجلس انصاراللہ نیوزی لینڈ کی زیرصدارت تلاوت قرآن کریم کے ساتھ شروع ہوا۔ عہد کے بعد صدر صاحب نے اپنی افتتاحی تقریر میں مکرم عبدالخالق تعلقدار صاحب اسسٹنٹ پرائیویٹ سیکرٹری (انصار سیکشن) کی نیوزی لینڈ میں تشریف آوری پر شکریہ ادا کیا۔ صدر صاحب نے بتایا کہ نیوزی لینڈ میں انصار کی پہلی مجلس شوریٰ ۲۰۱۹ء میں ہوئی تھی نیز مجلس شوریٰ کے قواعد و ضوابط کی تفصیلات بھی بیان کیں۔ اس کے بعد مکرم شفیق الرحمٰن صاحب مربی سلسلہ نے اسلامی تعلیمات اور جماعت احمدیہ کی روایات نیز خلفائے احمدیت کے ارشادات کی روشنی میں مجلس شوریٰ کے ادارے کی اہمیت اور اس کے آداب کے بارے میں ممبران کو آگاہ کیا۔
مکرم ڈاکٹر ندیم احمدصاحب نے مجلس شوریٰ ۲۰۲۳ء کی رپورٹ پیش کی اور اس میں منظور ہونے والی تجاویز کی پیش رفت کے بارے میں ممبران مجلس شوریٰ کو بتایا۔ مکرم صدر صاحب مجلس نے بتایا کہ حضور ایدہ اللہ تعالیٰ نے دو تجاویز پر مشورہ کی منظور ی عطا فرمائی ہے۔ یہ تجاویز اب شوریٰ میں پیش کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ مجلس انصار اللہ نیوزی لینڈ کا سالانہ بجٹ بھی منظوری کے ليے پیش کیا جائے گا۔
مکرم محمد اقبال صاحب سیکرٹری مجلس نے منظورشدہ تجاویز پڑھ کر سنائیں اور اس کے لیے ممبران کو تین سب کمیٹیوں میں تقسیم کیا گیا۔
اس سلسلہ میں عبدالخالق صاحب نے راہنمائی کی کہ ممبران کا کمیٹیوں میں نام تجویز کیا جانا چاہیے، کوئی ممبر خود بھی اپنا نام تجویز کر سکتے ہیں۔ سب کمیٹی بننے کے بعد صدر مجلس اس کمیٹی کا صدر اور سیکرٹری مقرر کرتے ہیں جو بعد میں اپنی رپورٹ پیش کرتے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی شوریٰ کا پہلا اجلاس ختم ہوا اور سب کمیٹیاں اپنی اپنی میٹنگ کے ليے مقررہ جگہ پر چلی گئیں۔
نماز مغرب و عشاء کے بعد نو بجے مجلس شوریٰ کا دوسرا اجلاس تلاوت قرآن کریم سے شروع ہوا۔
مکرم صدر صاحب مجلس نے پہلی سب کمیٹی کے چیئرمین مکرم یونس حنیف صاحب سے رپورٹ پیش کرنے کے ليے کہا۔ ان کی طرف سے پیش کیے گئے مجوزہ لائحہ عمل میں ایک اضافہ کے ساتھ تمام ممبران شوریٰ نے اسے منظوری کے ليے حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت میں بھجوانے کی سفارش کی۔ دوسری سب کمیٹی کی رپورٹ ڈاکٹر ندیم احمد صاحب نے پیش کی۔ ان کی طرف سے تجویز کردہ لائحہ عمل کومنظوری کےليے حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت میں بھجوانے کے ليے بھی سب ممبرانِ مجلس شوریٰ نے اتفاق کیا۔ اس کے بعد قائد مال مکرم اقبال خان صاحب نے فنانس کمیٹی کاتجویز کردہ سالانہ بجٹ پیش کیا جس سے سب اراکین شوریٰ نے اتفاق کیا۔
آخر میں مکرم عبدالخالق تعلقدار صاحب نے اپنی تقریر میں خلیفہ وقت کی جماعت احمدیہ کے ليے غیر معمولی محبت اور آپ کی قبولیت دعا کے بعض ایمان افروز واقعات اور پاکستان میں منعقد ہونے والی مجالس شوریٰ کی کچھ یادیں سنائیں۔ نیز آپ نے ممبران شوریٰ کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔ رات گیارہ بجے دعا کے ساتھ مجلس شوریٰ کا اختتام ہوا۔
(رپورٹ: مبارک احمد خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)