نماز جنازہ حاضر و غائب

نمازِ جنازہ حاضر و غائب

مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز تحریر کرتے ہیں کہ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ۲۷؍نومبر۲۰۲۴ء بروز بدھ بارہ بجے بعد دوپہر اسلام آباد (ٹلفورڈ) میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکر مکرم اختر حسین صاحب ابن مکرم نیک محمد صاحب مرحوم (برمنگھم ویسٹ۔یوکے)کی نماز جنازہ حاضر اور چار مرحومین کی نمازِ جنازہ غائب پڑھائی۔

نماز جنازہ حاضر

مکرم اختر حسین صاحب ابن مکرم نیک محمد صاحب مرحوم (برمنگھم ویسٹ۔یوکے)

23؍ نومبر2024ء کو 75 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کے والد مکرم نیک محمد صاحب نے 1950ء کی دہائی میں حضرت خلیفۃ ا لمسیح الثانی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے ہاتھ پر بیعت کی توفیق پائی۔ مرحوم جنوری 2024ء میں پاکستان سے یوکے آئے تھے۔ مرحوم صوم و صلوٰۃ کے پابند، نیک مخلص اور سلسلہ کے ایک دیرینہ خادم تھے۔خلافت سے پیار اور وفا کا تعلق تھا۔ آپ نے 35 سال سے زائد عرصہ بطور اعزازی معلم خدمت کی توفیق پائی۔ زیادہ عرصہ سندھ اور کچھ عرصہ لاہور میں تعینات رہے۔ آپ ایک پُر جوش داعی الی اللہ تھے اور آپ کی تبلیغ سے متعدد احباب کو بیعت کی توفیق ملی۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ 2 بیٹیاں اور 3 بیٹے شامل ہیں۔

نماز جنازہ غائب

۱۔مکرمہ رضیہ احمد صاحبہ بنت مکرم پروفیسر محمد ابراہیم ناصر صاحب مرحوم (مالٹن یارک شائر۔یوکے)

9؍نومبر2024ء کو 82سال کی عمر میں بقضائےالٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ جامعہ نصرت کالج ربوہ میں 1972ء تک شعبہ تدریس سے منسلک رہیں۔ شادی کے بعد یوکے آگئیں اور زندگی کا بیشتر حصہ گلاسگو میں گزارا اور وہاں صدر لجنہ کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔مرحومہ صوم وصلوٰۃ کی پابند، شفیق، ملنسار، خوش اخلاق، نیک اور مخلص خاتون تھیں۔خلافت کے ساتھ ہمیشہ وفا کا تعلق رکھا۔مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں ایک بیٹی شامل ہیں۔

۲۔مکرم مرزا نسیم احمد صاحب ابن مکرم مرزا نذیر احمد صاحب(ربوہ)

17؍اکتوبر 2024ء کو70 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم کے پڑدادا مکرم حاجی فتح محمد صاحب ( آف سیالکوٹ) نے 1904ء میں بیعت کرکے جماعت میں شمولیت اختیار کی۔ مرحوم نے محلہ حسن آباد ملتان میں سیکرٹری مال اور صدر جماعت کے علاوہ محلہ دارالنصرت ربوہ میں سیکرٹری تحریک جدید اور معاون سیکرٹری اصلاح وارشاد دفتر صدر عمومی کے طورپر خدمت کی توفیق پائی۔ مرحوم صوم و صلوٰۃ کے پابند، خاموش طبیعت کے مالک، دعا گو، مخلص اور نیک انسان تھے۔ بچوں کو بھی نماز پر ساتھ لے کر جاتے تھے۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹے اور تین بیٹیاں شامل ہیں۔

۳۔مکرم طارق ہمایوں مانگٹ صاحب ابن مکرم ہدایت اللہ مانگٹ صاحب(مانگٹ اونچا ضلع حافظ آباد)

29؍اگست 2024ء کو 61سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم مقامی سطح پر نائب صدر، سیکر ٹری وقف جدید اور زعیم انصار اللہ کے طور پر خدمت بجالارہے تھے۔قبل ازیں و اہ کینٹ میں ملازمت کے دوران بھی جماعتی اورتنظیمی سطح پر خدمت کی توفیق پائی۔ خلافت سےاخلاص کا گہرا تعلق تھا۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں ایک بیٹا اور ایک بیٹی شامل ہیں۔

۴۔مکرم ارشد محمود بھٹی صاحب ابن مکرم حاجی محمد شریف بھٹی صاحب (دنیا پور ضلع لودھراں)

5؍نومبر2024ء کو 62سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ کوئٹہ میں محکمہ تعلیم سے ریٹائرمنٹ کے بعد وکالت کا پیشہ اختیار کیا اور کوئٹہ کے حالات خراب ہونے پر دنیا پور میں مستقل رہائش اختیار کرلی اور یہاں بھی وکالت کے پیشہ سے منسلک رہے۔ مرحوم ضلع بھر میں اکیلے احمدی وکیل تھے۔ دنیا پور قبرستان کے حصول کے لیے بہت محنت سے کام کیا۔مرحوم صوم و صلوٰۃ اور تلاوت قرآن کریم کے پابند، تہجد گزار،خوش اخلاق، ہمدرد، مخلص اور نیک فطرت انسان تھے۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی کتب کا مطالعہ باقاعدگی سے کرتے تھے۔تبلیغ کا بہت شوق تھا اور سرکاری اور غیر سرکاری عمائدین کو بڑی حکمت کے ساتھ پیغام پہنچاتے تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹا اور تین بیٹیاں شامل ہیں۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین

٭…٭…٭

مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز تحریر کرتے ہیں کہ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ۳۰؍نومبر ۲۰۲۴ء بروز ہفتہ بارہ بجے بعد دوپہر اسلام آباد (ٹلفورڈ) میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکر مکرمہ رشیقہ باجوہ صاحبہ اہلیہ مکرم نسیم احمد باجوہ صاحب (مربی سلسلہ بیت الفتوح۔یوکے) اور مکرم ناصر محمود سجاد صاحب ابن مکرم رشید احمد سجاد صاحب (ہنسلو۔یوکے) کی نماز جنازہ حاضر اور تین مرحومین کی نمازِ جنازہ غائب پڑھائی۔

نماز جنازہ حاضر

۱۔مکرمہ رشیقہ باجوہ صاحبہ اہلیہ مکرم نسیم احمد باجوہ صاحب (مربی سلسلہ بیت الفتوح۔یوکے)

27 ؍نومبر2024ء کو 75 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ مکرم مولانا محمد سعید انصاری صاحب مرحوم( سابق مبلغ انڈونیشیاوملائیشیا)کی بیٹی تھیں۔ مرحومہ صوم وصلوٰۃ اور تلاوت قرآن کریم کی پابند، تہجد گزار، خوش اخلاق، نیک اور مخلص خاتون تھیں۔ مرحومہ نے حضرت مسیح موعودعلیہ السلام کی تمام کتب کا دور مکمل کیا ہوا تھا۔ تعلیم مکمل کرنے کے بعد نصرت گرلز ہائی سکول میں بطور ٹیچر کام کرتی رہیں۔ 1979ء میں اپنے شوہر مکرم نسیم احمد باجوہ صاحب کے ساتھ یو کے آگئیں اوران کے ساتھ ساؤتھ ہال،مسجد فضل، برمنگھم، بریڈ فورڈ اور لندن میں خدمت کی توفیق پائی۔ 1990ء سے 1992ء تک تنزانیہ میں رہیں۔ بچپن ملائیشیا میں گزرا۔ ملائیشین زبان جانتی تھیں۔ اس لیے ربوہ میں جلسہ سالانہ پر انڈونیشین اور ملائیشین مہمانوں کی خدمت پر معمور ہوتی تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں شوہر کے علاوہ تین بیٹیاں شامل ہیں۔

۲۔مکرم ناصر محمود سجاد صاحب ابن مکرم رشید احمد سجاد صاحب(ہنسلو۔یوکے)

28؍نومبر2024ء کو 52 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی حضرت محمد اسماعیل حلال پوری صاحب رضی اللہ عنہ کے پڑنو اسے اور مکرم حکیم محمد دین صاحب آف گوجرانوالہ کے پڑپوتے تھے۔ مرحوم نےجماعت کے ساتھ مضبوط تعلق قائم رکھا۔ صوم وصلوٰۃ کے پابند نیک مخلص اور باوفا انسان تھے۔ طویل بیماری کا مقابلہ بڑی بہادری اور صبر کے ساتھ کیا۔ آپ نے کمپیوٹر سائنس میں ماسٹرز کیا ہوا تھا۔ ریڈیو وائس آف اسلام میں Pathway to Peace پروگرام کے بہت ایکٹو Presenter تھے۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں والد کے علاوہ 3 بھائی، اہلیہ اور 3 بچے شامل ہیں۔

نماز جنازہ غائب

۱۔مکرم بشیر احمد صاحب ابن مکرم غلام محمد صاحب (ٹھروہ ضلع سیالکوٹ)

17؍نومبر 2024ء کو ایک حادثہ میں 70سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کے دادا حضرت چودھری رحمت علی صاحب رضی اللہ عنہ اور نانا حضرت چودھری الٰہی بخش صاحب رضی اللہ عنہ دونوں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابہ میں سے تھے۔ مرحوم صوم وصلوٰۃ کے پابند، تہجد گزار،بے شمار خوبیوں کے مالک ایک نیک اور مخلص انسان تھے۔ چندہ جات میں با قاعدہ تھے۔ مرحوم موصی تھے۔آپ کی اپنی کوئی فیملی نہیں تھی۔ پسماندگان میں دو بہنیں شامل ہیں۔

۲۔مکرمہ ناصرہ بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم حبیب احمد سیٹھی صاحب (نصرت آباد اسٹیٹ ضلع میر پور خاص)

30؍اکتوبر 2024ء کو 85سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کے خاندان میں احمدیت کا نفوذ خلافت ثانیہ کے دور میں آپ کے والد مکرم چودھری علی محمد صاحب مرحوم کے ذریعہ ہوا جو حضرت نواب عبد اللہ خان صاحب آف مالیر کوٹلہ کے منشی تھے۔ مرحومہ پنجوقتہ نمازوں کی پابند، دعا گو اور باقاعدگی سے تلاوت قرآن کریم کرنے والی، ملنسار، خوش مزاج، مہمان نواز، ایک نیک اور مخلص خاتون تھیں۔مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں ایک بیٹی اور پانچ بیٹے شامل ہیں۔ آپ کی بیٹی مکرمہ عفت حلیم صاحبہ کی شادی ڈاکٹر عبد الحلیم صاحب (انچارج احمدیہ مسلم کلینک لائبیریا) سے ہوئی۔ جو آجکل نیشنل صدر لجنہ اماء اللہ لائبیریا کے طور پر خدمت کی توفیق پارہی ہیں۔

۳۔مکرم محمود اختر گل صاحب ابن مکرم فیض دین صاحب (ربوہ)

11؍نومبر2024ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کے دادا مکرم میاں فضل دین صاحب اور ان کے تین بھائیوں نے اپنے والد محترم میاں رحیم بخش صاحب کے ساتھ 1889ء میں بیعت کی سعادت حاصل کی۔ مرحوم نے محلہ میں سیکرٹری ضیافت کے طورپر خدمت کی توفیق پائی۔ مالی قربانی میں پیش پیش رہتے۔ اپنے تمام چندے سال شروع ہونے کے ساتھ ہی ادا کر تے اوراس کے علاوہ اضافی چندہ جات بھی ادا کرتے رہتے تھے۔ مرحوم کبڈی کے بہت اچھے کھلاڑی تھے اور طاہر کبڈی ٹورنامنٹ میں ربوہ کی طرف سے کھیلتے تھے۔ مرحوم کو 1974ء میں اسیر راہ ِمولا ہونے کا شرف بھی حاصل ہوا۔ مرحوم بہت سی خوبیوں کے مالک تھے۔ جماعتی خدمت اور ضرورت مندوں کی مدد کے لیے ہر وقت تیار رہتے۔ مرحوم کا خلافت کے سا تھ بے پناہ اطاعت اور احترام کا تعلق تھا۔ مرحوم موصی تھے۔پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹا اور 5بیٹیاں شامل ہیں۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button