متفرق

ربوہ کا موسم(۶تا۱۲؍دسمبر٫۲۰۲۴)


۶؍دسمبر جمعۃ المبارک کے دن سورج اپنی آب و تاب سے چمک رہا تھا۔ دن کے وقت دھوپ کی وجہ سے قدرے گرمی تھی تاہم شام سے فضا میں خنکی آ موجود ہوئی۔ ہفتہ کو بھی مطلع صاف تھا۔ شام کے وقت خنکی میں گذشتہ دنوں کی نسبت اضافہ ہوگیا، آہستہ رفتار سے ہوا بھی چلتی رہی۔ اتوار کے دن صبح سے ہی آسمان پر بادل موجود تھے، کچھ دیر کے لیے دھند بھی چھا ئی رہی۔ گیارہ بجے کے قریب بادل مزید گھنے ہوگئے اور روشنی کم ہونے کی وجہ سے لوگوں نے اپنے گھروں کے اندر لائٹس جلا لیں تاکہ روشنی کی کمی کو دُور کیا جاسکے۔ صبح گیارہ، بارہ بجے بوندا باندی بھی ہوئی۔ جس کی وجہ سے سردی میں اضافہ محسوس ہونے لگا۔ دوپہر کے وقت کچھ دیر کے لیے سورج نے بادلوں میں سے جھانکااور اللہ تعالیٰ کے بندوں پر اپنی کرنیں بکھیر دیں۔ تیز ہوا کی وجہ سے دن کو بھی ٹھنڈ محسوس ہوتی رہی، بعد دوپہر بھی بادلوں کی ہلکی تہ آسمان پر جمی رہی۔ رات گئے تک تیز اور سرد ہوا چلتی رہی اور ٹھنڈ میں اضا فہ ہوگیا۔ ٹمپریچر زیادہ سے زیادہ ۱۸؍ اور کم سے کم ۷؍درجہ سینٹی گریڈ تھا۔ سوموار کو مطلع جزوی طور پر ابر آلود تھا۔ دن کو دھوپ پوری طرح زمین پر نہیں پہنچ رہی تھی، رات کو سردی میں مزید اضافہ ہوگیا۔

اس ہفتہ کے آخری تین دن کا موسم ایک جیسا تھا۔ یعنی دن کو دھوپ رہی اور ہوا کی وجہ سے اس دھوپ میں بیٹھنے پر ٹھنڈ کا احساس ہوتا تھا۔ شام اور رات کے وقت اب سردی میں اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے۔ نماز فجر کے وقت تو بہت ٹھنڈ محسوس ہوتی ہے۔ جونہی دسمبر شروع ہوتا ہے ربوہ کے باسیوں کو جلسہ سالانہ کی تیاریوں اور پھر مہمانوں کی جلسہ میں شرکت کے لیے جوک در جوک ربوہ میں آمد کی یادیں آنا شروع ہوجاتی ہیں۔ گو اب جلسہ سالانہ کومنعقد ہوئے چالیس سال کا طویل عرصہ گزر چکا ہے لیکن پُر سوز یادیں ہیں کہ دل سے جاتی ہی نہیں۔ اللہ تعالیٰ وہ بھرپور اور سُہانے دن پھر لوٹادے ہمیں۔

(ابو سدید)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Check Also
Close
Back to top button