مسجد بیت الحمید اور ریجنل احمدیہ لائبریری ایسیا، آئیوری کوسٹ کا افتتاح
محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ، مغربی افریقہ کو مورخہ ۱۰؍نومبر۲۰۲۴ء بروز اتوار ایسیا شہر میں مسجدبیت الحمید اور اس سے ملحقہ احمدیہ ریجنل لائبریری کے افتتاح کی توفیق ملی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
تعمیر مسجد بیت الحمید، ایسیا شہر: ایسیا شہر کے محلہ ایسیا ایس(Issia est) میں اواخر سال ۲۰۱۸ء میں ایک قطعہ زمین کی خرید برائے تعمیر مشن ہاؤس و مسجد کی گئی تھی جہاں پر پہلے سے ایک ایک کمرہ کے دو گھر تعمیرشدہ تھے نیز دو بڑے مکانوں کی تعمیر بھی دروازوں کے لیول تک کی جا چکی تھی۔ ۲۰۲۰ء میں مرکزی منظوری کے ساتھ پہلے سے تعمیر شدہ دو مکانات میں سے ایک کو تبدیل کرکے دو کمروں، ایک ہال، کچن اور واش رومز پر مشتمل معلم ہاؤس کی تعمیر کا آغاز کیا گیا۔ اسی دوران دوسرے مکان کو ریجنل مشن ہاؤس میں تبدیل کرنے کا کام بھی شروع کیا گیا۔ تاہم کورونا وبا کے باعث ان تعمیراتی منصوبوں میں کچھ وقفہ پیدا ہوگیا۔ اگست ۲۰۲۱ءمیں معلم ہاؤس نیز ریجنل مشن ہاؤس کی تعمیر کا دوبارہ آغاز کیا گیا جو دسمبر میں ختم ہوا۔
۲۰۲۱ء کے اواخر میں جماعتی پلاٹ پر ریجنل مشن ہاؤس کے پاس ہی مسجد کی تعمیر کا کام شروع کروایا گیا تھا۔ مورخہ ۲۲؍فروری ۲۰۲۲ء کو ایسیا ریجن کی جماعت بالائیو(Balahio) کی مسجد کے سنگ بنیاد کے معاً بعد مکرم عبدالقیوم پاشا صاحب امیر و مبلغ انچارج آئیوری کوسٹ نے مسجد کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔ اس سنگ بنیاد کی تقریب میں قرب و جوار سے مختلف غیر از جماعت امام سمیت ۱۵۰؍سے زائد افراد نے شرکت کی تھی۔ سنگ بنیاد کی تقریب کے بعد مسجد کی تعمیر کا سلسلہ جاری رہا جو اواخر ۲۰۲۲ء میں جا کر مکمل ہوا۔ دیگر کاموں کی تکمیل کے بعد یہ مسجدمکمل طور پر اپنی تعمیر کے اختتام کو پہنچی۔ اس مسجد کی تعمیرکے اخراجات حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی منظوری کے ساتھ خاکسار(مبلغ سلسلہ) کے والدین مکرم عبدالشکور صاحب اور مکرمہ رضیہ تبسم صاحب نے ادا کیے۔ مسجد کا نام حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہ شفقت والدین کی خواہش پر خاکسار کے دادا مرحوم کے نام سے منسوب ’’بیت الحمید‘‘ منظور فرمایا۔ اس مسجد کی تعمیر کا اعزاز اللہ کے فضل سے خاکسارکو حاصل ہوا ہے۔ اس مسجد کا احاطہ۱۶۸؍مربع میٹر پر مشتمل ہے جس کے چاروں اطراف ٹیرس کی تعمیر کے ساتھ ساتھ اس کے اندر دو کمرے برائے رہائش مہمانان اور دو واش رومز بھی تعمیر کیے گئے ہیں۔
تعمیر ریجنل احمدیہ لائبریری: سال ۲۰۲۳ء میں مرکزی منظوری کے ساتھ ریجنل مشن ہاؤس نیز مسجد کے درمیان واقع جگہ پر مکر م وارث علی صاحب مبلغ سلسلہ نے احمدیہ ریجنل لائبریری کی تعمیر کا آغاز کیا۔ اس لائبریری کا ہال ۳۰؍مربع میٹر پر مشتمل ہے جبکہ اس کے ساتھ ریجنل احمدیہ مشن آفس اور واش روم کی تعمیر بھی کی گئی ہے۔ لائبریری میں احمدی کتب کے علاوہ دیگر کتب بھی رکھی گئی ہیں۔ جبکہ جماعت احمدیہ کی جانب سے شائع کردہ قرآن کریم کے تراجم بھی اس لائبریری کی زینت بڑھانے کا موجب ہیں۔
تفصیل پروگرام افتتاح لائبریری و مسجد: مورخہ ۱۰؍نومبر بروز اتوار صبح دس بجے مسجد کے افتتاح کے پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم سے ہوا۔ بعدازاں مکرم طورے عبدالسلام صاحب مبلغ سلسلہ نے جماعت احمدیہ کا تعارف پیش کیا جس کے بعد مکرم وترا یحییٰ صاحب انچارج ہیومینٹی فرسٹ آئیوری کوسٹ نے ہیومینٹی فرسٹ کا تعارف پیش کیا اور آئیوری کوسٹ میں ہیومینٹی فرسٹ کی جانب سے جاری پروگرام کا خلاصہ پیش کیا۔ اس کے بعد شہر کے میئر جناب فانی کریم(Fani Kareem) صاحب نے اظہار خیال کرتے ہوئے جماعتی تعلیمات کو سراہا۔ بعدازاں مکرم امیر صاحب نے اپنی تقریر میں تعمیر مساجد کی اہمیت اور جماعت میں جاری چندہ جات کی تحریکات کے متعلق بیان کیا۔ آخر میں علاقہ کے نائب گورنر جناب Agnon Soualihoصاحب جو کہ اس پروگرام میں علاقہ کے گورنر کے نمائندہ کے طور پر شریک ہوئے تھے، نے تقریر کی جس میں مکرم احتشام الحسن صاحب مبلغ سلسلہ ایسیا ریجن کے ذریعے جماعت کے ساتھ حال ہی میں ہونے والے تعارف کا ذکر کیا اور جماعت کے امن کے پیغام کو سراہا۔ بعدہٗ مکرم امیر صاحب نے شہر کے میئر اور علاقہ کے نائب گورنر کے ساتھ مل کر اولاً ریجنل لائبریری کا افتتاح کیا اور آپ نے مہمانان کو لائبریری کا تعارف کروایا پھر مسجد کی تختی کی نقاب کشائی کی۔ دعا کے ساتھ اس پروگرام کا اختتام ہوا جس کے بعد تمام شاملین کی کھانے سے تواضع کی گئی۔ اس پروگرام میں ۲۰۰؍سے زائد افراد نے شرکت کی جس میں شہر کے میئر، نائب گورنر کے علاوہ علاقہ کی اماموں کی تنظیم کے نمائندہ بھی شامل تھے۔
اللہ تعالیٰ اس مسجد کو تقویٰ کے ساتھ آباد کرنے کی توفیق عطا فرمائے نیز لائبریری کو لوگوں کے علمی و روحانی معیار کو بڑھانے کا ذریعہ بنائے۔ آمین
(رپورٹ:عبدالنور۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭