مکونو، یوگنڈا کے ریجنل جلسہ کا بابرکت انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۱۷؍نومبر۲۰۲۴ء بروز اتوار مکونو ریجن، یو گنڈا کو اپنا ساتواں ریجنل جلسہ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
مکونو ریجن، دارالحکومت کمپالا سے ۸۰؍کلومیٹر بطرف دریائے نیل واقع ہے اور یہ ۱۶؍جماعتوں پر مشتمل ہے۔ امسال یہ جلسہ ریجنل ہیڈ کوارٹر امبیکو کی بجائے جماعت Bugolo میں منعقد ہوا جو وکٹوریہ جھیل کے کنارے اور دریائے نیل کے سنگم پہ آباد ایک خوبصورت پہاڑی گاؤں ہے۔
جلسے سے دو ہفتے قبل وقار عمل کے ذریعہ جلسہ گاہ کی طرف آنے والے راستوں کو ٹھیک کیا گیا اور جلسہ کے روز راہنمائی کے ليے کچھ خدام کو مختلف جگہوں پر متعین کیا گیا اور جلسہ کے بینرز بھی سڑکوں پہ لگائے گئے تھے۔
نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد مکرم محمد علی کائرے صاحب امیر و مبلغ انچارج یوگنڈا اور نیشنل عاملہ کے ممبران نے مختلف شعبہ جات اور انتظامات کا معائنہ کیا۔ جلسہ کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور نظم سے ہوا۔ بعدازاں ان موضوعات پر تقاریر ہوئیں: ’’اسلام امن کا مذہب‘‘ از مکرم شیخ آدم حمید صاحب، ’’شرک باللہ‘‘ از مکرم شیخ قاسم سابا صاحب اور ’’بیعت اور جماعت احمدیہ کا پیغام‘‘ از مکرم شیخ ایگا ہاروناصاحب۔ ان تقاریر کے بعد مکرم امیر صاحب نے تمام حاضرین کو جلسہ کی اہمیت اور جماعت کے بارے میں آگاہی دی اور آنے والے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا نیز جلسہ کے انتظامات اور کارکنان کی خدمات کو سراہا۔
مکرم امیر صاحب کے بعد لوکل گورنمنٹ کے کچھ نمائندگان اور دیگر مہمانوں نےاپنی مختصر تقاریر میں معاشرے میں امن اور انصاف کی ضرورت پر زور دیا اور اس حوالے سے جلسہ کے انعقاد پر خوشنودی کا اظہار کیا اور جماعت احمدیہ کی خدمات کا بھی اعتراف کیا۔
مہمان خصوصی عزت مآب Hon. Diana Ruth وزیر مملکت برائے لینڈ افیئرز یوگنڈا نے اظہار خیال کرتے ہوئے اس علاقہ میں اسلام احمدیت کو خوش آمدید کہا اور جلسہ کے انعقاد پر جماعت احمدیہ کا شکریہ ادا کیا۔ موصوفہ پہلے بھی جماعت کو جانتی ہیں اور انہوں نے جلسہ میں شمولیت پر مسرت کا اظہار کیا اور جماعت کے تبلیغی اور رفاہی کاموں کو سراہا۔ بعدہٗ مکرم امیر صاحب نے معزز سامعین وحاضرین کا شکریہ ادا کیا اور معاشرے میں امن و انصاف کی ضرورت پر زور دیا اور واضح کیا کہ اس کا عملی اظہار ہمارے گھروں اور معاشرے سے ہونا چاہيے۔ دعا کے بعد تمام شاملین کی کھانے سے تواضع کی گئی۔
جلسے کی حاضری پانچ ہزار ۸۰۰؍سےزائد تھی جس میں نائب امراءنیشنل عاملہ کے ممبران، مبلغین کرام و دیگر ریجنز سے احباب جماعت اور کثیر تعداد میں غیر از جماعت احباب بھی شامل تھے۔ الحمدللہ
مکونو ریجن کا یہ جلسہ اس سال کا آخری ریجنل جلسہ تھا جس کے بعد اب نیشنل جلسہ کی تیاریوں کا آغاز کردیا گیا ہے جو ۱۰تا۱۲؍جنوری ۲۰۲۵ء کو جماعت کی زمین ’ربوہ فارم‘ میں منعقد ہوگا۔ ان شاءاللہ
اللہ تعالیٰ ہمیں جلسہ کی برکات سے فائدہ اٹھانے والا بنائے اور اس کار خیر میں ہماری حقیر کوششوں کو قبول فرمائے۔ آمین
(رپورٹ:رانا صباحت احمد۔ ریجنل مشنری مکونو، یوگنڈا)
٭…٭…٭