اطلاعات و اعلانات
نوٹ: اعلانات صدر؍ امیر صاحب حلقہ؍جماعت کی تصدیق کے ساتھ آنا ضروری ہیں
سانحہ ارتحال
رانا مبین کاشف خاں ایڈووکیٹ تحریر کرتے ہیں کہ نہایت افسوس کے ساتھ اطلاع دی جاتی ہے کہ میرے والد صاحب مرحوم کے بہت قریبی، دیرینہ اور نہایت مخلص دوست عبدالعزیز مجاہد صاحب ولد چودھری برکت علی صاحب آف تخت ہزارہ ضلع سرگودھا حال مقیم بیت الکرامہ ربوہ مورخہ ۷؍ دسمبر ۲۰۲۴ء بروز ہفتہ رات گیارہ بج کر پینتیس منٹ پر بعمر۹۵؍ سال طاہر ہارٹ انسٹیٹیوٹ، ربوہ میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اناللہ وانا الیہ رجعون
آپ اللہ تعالیٰ کے فضل سے موصی تھے ۔ آپ راست باز، دعا گو، صوم و صلوٰۃ کےپابند اور دیانت دار انسان تھے۔ بڑے اہتمام کے ساتھ نماز کی پابندی کرتے تھے باجماعت نماز کی ادائیگی کے لیے آپ نے اپنی آخری عمر میں اپنے آرام کو قربان کرکے ربوہ میں رہائش کو ترجیح دی تاکہ پنجوقتہ نماز باجماعت ادا کرسکیں۔
برصغیر پاک وہند کی تقسیم کے بعد جماعت احمدیہ کے اسّی گھرانے تخت ہزارہ ضلع سرگودھا میں آباد ہوئے تھے۔ وہاں جب جماعت کی پہلی دفعہ تنظیم نو ہوئی تو مرحوم قائدمجلس خدام الاحمدیہ مقرر ہوئے تھے۔ مرکز کے حکم پر مرحوم اپنے ساتھ بارہ نوجوان لےکر فرقان بٹالین میں شامل ہوئے جہاں سے مارچ ۱۹۴۹ءمیں واپس لوٹے ۔ اس کے بعد گڑھ موڑ ضلع جھنگ میں ایک کاٹن فیکٹری میں مینیجر کی ملازمت کے دوران دس سال تک سیکرٹری مال اور زعیم مجلس انصار اللہ جماعت احمدیہ گڑھ موڑ خدمت کی توفیق پائی۔
مینیجر کاٹن جننگ فیکٹری ہوتے ہوئے آپ کے پاس بہت اختیارات تھے جس سے دنیا دار لوگ فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتے تھے لیکن مجاہد صاحب نے ہمیشہ نہایت دیانت داری سے ایک باعمل احمدی ہونے کا ثبوت دیا جس سے علاقہ میں آپ کی شہرت ایک دیانتدار احمدی مینیجر ہونےکے طور پر کی ہوئی۔
آپ نہایت متوکل انسان تھے ۔ ہمیشہ اللہ تعالیٰ کی ذات پر بھروسہ کیا۔ چندہ جات میں اس قدر باقاعدہ تھے کہ کسی بھی قسم کی آمد، جیب خرچ یا عزیز واقارب کی طرف سے تحفہ ملنے والی رقم پر بھی حصہ آمد فوری ادا کرتے تھے۔ بلکہ ایک دفعہ جن دنوں آپ کی ملازمت نہ تھی تحریک جدید یا وقف جدید کے وعدہ کی ادائیگی میں بقایا تھا تو آپ نے قرض لےکر چندہ ادا کیا۔
مرحوم کی نماز جنازہ مورخہ ۸؍دسمبر بروز اتوار ربوہ میں ادا کی گئی۔ بعدازاں آپ کی تدفین بہشتی مقبرہ دارالفضل، ربوہ میں ہوئی۔ مرحوم کی دو شادیاں تھیں۔ دونوں بیویاں(بشیراں بیگم صاحبہ اور بشریٰ مجاہد صاحبہ) آپ کی زندگی میں وفات پاگئی تھیں۔ پہلی بیوی کےبطن سے اکلوتی بیٹی امۃ الرحمٰن صاحبہ ساکن کینیڈا ہیں۔
اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ جملہ لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور مرحوم کی نیکیوں کو جاری رکھنے کی توفیق دے۔ آمین