کیمرون میں جلسہ ہائے سیرۃ النبی ﷺ کا بابرکت انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل سے امسال ماہ ستمبر و اکتوبر کے دوران کیمرون کے تین ریجنز (Littoral, Central اور West) میں اجتماعی جلسہ ہائے سیرۃ النبیﷺ منعقد کیے گئے ۔ جبکہ باقی ریجنز میں جماعتوں نے انفرادی پروگرام کیے۔
ان جلسوں میں آنحضرتﷺ کی حیات مبارکہ کے مختلف پہلوؤں پر قرآن کریم، احادیث، حضرت مسیح موعودؑ کے اقتباسات اور خلفائے کرام کے ارشادات کی روشنی میں مربیان ومعلمین سلسلہ اور احمدی نوجوانوں نے انگریزی اور دیگر مقامی زبانوں میں تقاریر کیں۔ غیر از جماعت احباب کے ساتھ ساتھ غیر مسلم احباب بھی ان جلسوں میں شریک ہوئے جن کے لیے تبلیغ کا یہ ایک بہترین اور مؤثر ذریعہ ثابت ہوا۔
کیمرون میں تین ٹی وی اور چار ریڈیو سٹیشنز پر ان جلسوں کے متعلق گفتگو ہوئی اور اعلانات بھی کیے گئے۔ اس موقع پر ملک بھر میں آنحضرتﷺ کی شان میں حضرت مسیح موعودؑ کی تحریرات کی روشنی میں ایک پمفلٹ انگریزی اور فرنچ زبانوں میں ۳۱؍ہزار کی تعداد میں شائع کرکے جماعتوں میں تقسیم کیا گیا۔ غیر احمدی احباب شوق سے پمفلٹ ساتھ لے کر گئے۔ اس طرح پمفلٹ کے ذریعہ جماعت کا پیغام دُور دراز علاقوں تک پہنچا۔ الحمدللہ
(رپورٹ:عبد الخالق نیر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭