افریقہ (رپورٹس)

گایا، نائیجر میں جماعت احمدیہ کی پہلی مسجد کا افتتاح

مکرم محمد عمران صاحب مبلغ سلسلہ گایا، نائیجر تحریر کرتے ہیں کہ گایا شہر نائیجر کے دوسو (Dosso)ریجن میں واقع ہے۔ یہ شہر دارالحکومت نیامیے سے ۲۸۹؍کلومیٹر جنوب مشرق میں دریائے نائیجر کے کنارے پر واقع ہے اور بینن اور نائیجیریا کی سرحدوں کے قریب ہے۔

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ کو گایاشہر میں اپنی پہلی مسجد تعمیر کرنے کی توفیق ملی ہے۔ الحمدللہ

امیر ومبلغ انچارج نائیجر مکرم اسد مجیب صاحب کی ہدایت پر اس وقت کے ریجنل مبلغ صاحب نے میئر گایا سے رابطہ کیا اور اللہ تعالیٰ کے فضل سے ایک پلاٹ حکومت کی طرف سے جماعت احمدیہ کو مل گیا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے مسجد کی تعمیرکا آغاز امسال ماہ اپریل میں ہو ا اورکام کی تکمیل نومبر میں ہوئی تھی۔ مسجد کا مسقف حصہ ۱۲۰؍مربع میٹر پر محیط ہے جس میں تقریباً ۲۰۰؍سے زائد نمازی نماز ادا کر سکتے ہیں۔

مسجد کا افتتاح:محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۲۲؍نومبر بروز جمعۃ المبارک مکرم امیر صاحب نے دعا سے مسجد کا افتتاح کیا اور نماز جمعہ پڑھائی جس میں گورنمنٹ کے عہدیداران سمیت مختلف محکموں سے تعلق رکھنے والے افسران بھی شامل ہوئے۔ کاروباری معروف شخصیات وشہر کےلوگوں کی کثیر تعداد شامل ہوئی۔ مختلف گاؤں کے امام و چیف اور لوگوں نے بھی شرکت کی۔ آخر پر مکرم امیرصاحب نے تما م اتھارٹیز ودیگر شاملین کا شکریہ ادا کیا۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس مسجد کے افتتاح کے موقع پر ۳۰۰؍سے زائد احباب نے شرکت کی اور مسجد کا مسقف حصہ بھر جانے کے باعث ایک بڑی تعداد نے مسجد کے باہر صفیں باندھ کر نماز جمعہ ادا کی جس میں ایک بڑی تعداد غیر احمدی احباب وخواتین کی بھی تھی۔ عورتوں کے لیے الگ سائبان لگا کر نماز جمعہ کا انتظام کیا گیا تھا۔

مسجد کے افتتاح سے قبل مقامی ریڈیو کے ذریعہ مسجد کے افتتاح کے حوالے سے اعلانات کیے گئے تھے۔ نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد مقامی ریڈیو سٹیشن کے ایک رپورٹر نے امیرصاحب کا انٹرویو لیا جس کے بعد پریفے (ضلعی ایڈمنسٹریٹر)کےنمائندہ، چیف اور دیگر اماموں نے اپنے تاثرات کا بھی اظہارکیا۔ اس خبر کو ریڈیو پر چلایا گیا۔ اس تقریب کی بدولت کثیر علاقے تک جماعت احمدیہ کا پیغام پہنچ گیا۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

اللہ تعالیٰ اپنے فضل سے اس مسجد کے ذریعہ جماعت احمدیہ کا پیغام مزید بہتر رنگ میں لوگوں تک پہنچانے کے سامان پیدا فرمائےاوریہ مسجد سعید روحوں کے ليے ہدایت کا موجب بنے۔ آمین

(رپورٹ:کوثر جمیل۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button