یورپ (رپورٹس)

جرمنی کی دو جماعتوں میں جلسہ ہائے سیرۃ النبیﷺ کا بابرکت انعقاد

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جرمنی میں جماعت مہدی آباد اور جماعت Bad Segebergکو اپنے اپنے جلسہ ہائے سیرۃالنبیﷺ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ ہر دو پروگراموں کی رپورٹ پیش خدمت ہے۔

جماعت مہدی آباد:جماعت احمدیہ مہدی آباد جرمنی کو مورخہ ۳؍نومبر بروز اتوار مسجد بیت البصیر، مہدی آباد میں جلسہ سیرۃالنبی ﷺ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ جلسہ کی کارروائی کا آغاز دوپہر بارہ بجے مکرم سلیم احمد طور صاحب صدر جماعت احمدیہ کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم سے ہوا۔ بعدازاں مکرم شارب بلوچ صاحب مربی سلسلہ Pinnebergنے نبی کریمﷺ کی سیرت مبارکہ کے پہلو ’’شرم و حیا‘‘ کے موضوع پر جرمن زبان میں تقریر کی۔ پھر حضرت مسیح موعودؑ کے قصیدہ يَاعَيْنَ فَيْضِ اللّٰهِ وَ الْعِرْفَانٖ کے بعد نیشنل شعبہ تربیت جماعت احمدیہ جرمنی کی سیرت النبیﷺ کی مناسبت سے تیار کردہ ایک کوئز پروگرام پیش کیا گیا۔ پوچھے گئے سوالات کے جوابات میں سب کی نمائندگی رہی لیکن ماشاء اللہ اطفال کی شمولیت دیدنی تھی۔

بعد ازاں ناصرات الاحمدیہ نے حضرت ڈاکٹرمیر محمد اسماعیل صاحبؓ کی نعت ’’بدرگاہ ذی شان خیر الانام‘‘ کے کچھ اشعار خوش الحانی سے پیش کیے۔ آخر میں خاکسار (مربی سلسلہ مہدی آباد) نے جلسہ سیرۃ النبی ﷺ کی اہمیت اور نبی کریمﷺ کے عظیم اوصاف ’’صبر، تحمل، احترامِ جذبات اور رشتہ داروں سے حسنِ سلوک‘‘ پر تقریر کی۔ اختتامی دعا اور نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد تمام شاملین کی کھانے سے تواضع کی گئی۔ شاملین کی تعداد ۱۴۷؍رہی۔

جماعت باڈ زِیگے برگ (Bad Segeberg): جماعت باڈ زیگے برگ ریجن شلسویگ ہولشٹائن (Schleswig Holstein)کی چھوٹی جماعتوں میں شمار ہوتی ہے جس کی کل تجنید ۴۹؍افراد پر مشتمل ہے۔ یہ جماعت بھی اپنے ماہانہ اجلاسات و جلسہ جات مسجد بیت البصیر مہدی آباد میں ہی منعقد کرتی ہے۔

مورخہ ۹؍نومبر بروز ہفتہ مسجد بیت البصیر میں جماعت Bad Segebergکو مکرم ملک فہیم احمد کھوکھر صاحب صدر جماعت احمدیہ کی زیر صدارت جلسہ سیرۃ النبی ﷺ کے انعقاد کی توفیق ملی۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم کے بعد مکرم نبیل احمد صاحب جنرل سیکرٹری نے جرمن زبان میں ’’آنحضورﷺ کی بچوں سے شفقت‘‘ کے موضوع پر کی۔ اس کے بعد کوئز پروگرام ہوا۔ اختتامی تقریر خاکسار نے ’’آنحضورﷺ کی صفت قناعت اور غیر مسلموں سے سلوک‘‘ کے موضوع پر کی۔ دعا اور نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد تمام شاملین کی کھانے سے تواضع کی گئی۔

شاملین جلسہ میں اطفال، خدام، انصار، ممبرات لجنہ، ناصرات اور چھوٹے بچے بچیوں کو ملاکر کل تعداد ۲۸؍رہی۔

(رپورٹ:مشہود احمد ظفر۔ مربی سلسلہ مہدی آباد)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button