میڈیٹیرین ڈائٹ
ڈائٹ کیا ہوتی ہے ؟
ہمارے معاشرہ میں زیادہ تر کھانا پینا چھوڑ کر وزن کم کرنے کو ڈائٹ کا نام دیا جاتا ہے۔ مگر ڈائٹ کا مطلب اچھی صحت مند اور مناسب غذا کا بروقت استعمال ہے۔
میڈیٹیرین ڈائٹ
میڈیٹیرین ڈائٹ سے مراد سبزیوں، پھلوں، دودھ، مکمل اناج سے بنی غذائیں، زیتون، کینولا، بادام اور اسی طرح کے دوسرے خشک میوہ جات سے تیار تیل اور مچھلی پر مشتمل ایک مکمل ڈائٹ ہے۔ سادہ الفاظ میں اس کا مطلب لال گوشت (گائے، بکرے یا مرغی) کا استعمال کم سے کم کرنا ہے اور زمین سے اُگی غذا کا استعمال زیادہ ہے۔
میڈیٹیرین ڈائٹ کے فوائد
اس ڈائٹ پلان پر عمل کرنے والے افراد میٹا بولک سنڈروم کے نقصانات سے محفوظ رہتے ہیں۔ میٹابولک سنڈروم سے مراد موٹاپا، ہائی بلڈ پریشر، شوگر، کولیسٹرول کا بڑھ جانا اور دل کے امراض جیسی بیماریاں ہیں۔
تحقیق کے مطابق میڈیٹیرین ڈائٹ ڈپریشن سے بچانے میں مددگار ثابت ہوتی ہے جبکہ اس سے مردوں کے مقابلے میں خواتین کو زیادہ فائدہ پہنچتا ہے۔
میڈیٹیرین ڈائٹ کے لیے لازمی نہیں کہ تمام چیزیں کھائی جائیں لیکن ماہرین صحت کے مطابق بڑھتی عمر کے افراد کو کوشش کرکے، زیادہ تر میڈیٹیرین ڈائٹ میں شامل زیادہ سے زیادہ غذاؤں کا استعمال کرنا چاہیے۔
ماہرین کے مطابق اگر میڈیٹیرین ڈائٹ میں سے صرف مچھلی اور سبزیوں کا زیادہ سے زیادہ استعمال کیا جائے تو بھی اچھے نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ تحقیق سے معلوم ہوا کہ میڈیٹیرین ڈائٹ میں مچھلی کا زیادہ سے زیادہ استعمال خواتین میں ڈپریشن کے خطرے کو نمایاں حد تک کم کرتا ہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ اگر زیتون، کینولا، بادام اور دیگر خشک میوہ جات سے بنے تیل کا استعمال کیا جائے تو نتائج مزید بہتر ہوسکتے ہیں۔
(نوٹ: اس مضمون میں عمومی معلومات دی گئی ہیں۔ قارئین اپنے مخصوص طبی حالات کے پیش نظر اپنے ڈاکٹر یا جی پی (GP)سے مشورہ کریں۔)
٭…٭…٭
(مرسلہ:ام ازلان محمود)