سکاٹ لینڈ میں ہفتہ بین المذاہب کے دوران ہونے والے بعض جماعتی پروگرامز
سکاٹ لینڈ میں بین المذاہب ہفتہ ایک غیر سرکاری تنظیم ‘انٹرفیتھ سکاٹ لینڈ’ کی طرف سے ماہ نومبر میں منایا جاتا ہے۔ اس دوران ملک بھر میں بین المذاہب گروہوں، مذہبی گروپس، سکولوں، تنظیموں اور مقامی کمیونٹیز کو مختلف پروگراموں کے ذریعے ایک دوسرےقریب آنے کا موقع ملتا ہے۔ اس ہفتے کے دوران مختلف مسالک کی طرف سےپروگرام منعقد کیے جاتے ہیں جو مکالمے، افہام و تفہیم اور تعاون کو فروغ دینے کے لیے مقامی مذاہب کے لوگوں کو اکٹھا کرتے ہیں۔ اس سال بھی سکاٹ لینڈ ریجن کو اس ہفتے کے دوران تبلیغی مساعی کی توفیق ملی جس کی رپورٹ درج ذیل ہے:
کافی مارننگ، لجنہ اماءاللہ گلاسگو نارتھ:لجنہ اماءاللہ سکاٹ لینڈ باقاعدگی سے مختلف فلاحی تنظیموں کے ساتھ کام کرتی ہے جس میں McMillan Cancer Support Scotland بھی شامل ہے۔ مورخہ ۲؍نومبر بروز ہفتہ مسجد بیت الرحمٰن، گلاسگو میں ایک کافی مارننگ کا اہتمام کیا گیا جس کا مقصد اس تنظیم کےليے چندہ اکٹھا کرنا تھا۔ ایک دن پہلے ہی ہال کو خوبصورتی سے سجایا گیا نیز مختلف اشیائے خور و نوش کے سٹال بھی لگائے گئے تھے جس کی تمام آمدن کو عطیہ کردیا گیا۔ قرآن کریم کے تراجم اور جماعتی لٹریچر کا سٹال سب سے نمایاں تھا جہاں مہمانوں نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
تلاوت قرآن کریم اور انگریزی ترجمہ کے بعد مکرمہ صبیحہ شمس صاحبہ صدر لجنہ اماءاللہ سکاٹ لینڈ نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور لجنہ کی تنظیم کا مختصر تعارف پیش کیا۔ اس کے بعد ایک مختصر ویڈیو دکھائی گئی جس میں جماعت احمدیہ کے تعارف اور فلاحی منصوبہ جات کا بھی ذکر تھا۔ McMillan Cancer Supportکی نمائندہ خاتون نے اظہار خیال کرتے ہوئے اپنی تنظیم کے جاری منصوبہ جات کا ذکر کیا اور لجنہ اماءاللہ گلاسگو نارتھ کا شکریہ ادا کیا جو ہر سال کافی مارننگ کا اہتمام کرکے عطیات اکٹھا کرتی ہے۔
اس چیریٹی پروگرام میں ۲۱۰۰؍پاؤنڈز سے زائد کے عطیات جمع کرکے McMillanکو دیے گئے جس میں ۵۵؍سے زائد خواتین اور بچیوں نے شرکت کی۔
قونصلیٹ جنرل آف امریکہ کا دورہ:مورخہ ۴؍نومبر کو ڈاکٹر عبدالحئی صاحب ریجنل امیر صاحب سکاٹ لینڈ اور مکرم فخر احمد آفتاب صاحب مربی سلسلہ گلاسگو نےامریکی قونصلیٹ ایڈنبرا کا دورہ کیا اور قونصل جنرل Kathryn Porter صاحبہ سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں باہمی امور اور جماعت احمدیہ عالمگیر کا تعارف کروایا گیا اور لٹریچر بھی دیا گیا جسے قونصل جنرل نے گہری دلچسپی سے سنا اور جماعت احمدیہ کےفلاحی منصوبہ جات کی تعریف کی۔
انٹرفیتھ کانفرنس:مورخہ ۱۷؍نومبر کو جماعت احمدیہ گلاسگو کے ایک وفد نے سکاٹ لینڈ کے گاؤں Balfron میں ایک بین المذاہب کانفرنس میں شمولیت کی جس میں مربی صاحب، مکرم مبشر احمد صاحب صدر جماعت گلاسگو نارتھ، مکرم معاذاحمد بی ٹی صاحب صدر جماعت گلاسگو ساؤتھ کے ساتھ دوسرے ممبران جماعت بھی شامل تھے۔
اس کانفرنس کا انعقاد گلاسگو پیس ایمبیسی کی طرف سے کیا گیا تھا جس میں مسلمان، عیسائی اور یہودی تنظیموں کے ساتھ اتحاد، افہام و تفہیم اور مشترکہ اقدار کے حصول کےليے قرارداد پیش کی گئی۔ اس کانفرنس میں جماعت احمدیہ کے دوست ریورنڈپیٹرگِل (Peter Gill)کے ساتھ ساتھ کئی کونسلرز اور دوسرے مذاہب کے راہنما شریک ہوئے جہاں سب کے ساتھ جماعت احمدیہ کا تعارف کروایا گیا اور انہیں جماعت کے پروگرامز میں شرکت کی دعوت دی گئی۔
مجلس انصاراللہ گلاسگو کی امن کانفرنس:مورخہ ۲۴؍نومبر بروز اتوار سہ پہر تین بجے گلاسگو کےنواحی علاقے پیزلے (Paisley)میں ایک مقامی چرچ کے ہال میں امن کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں ۱۲؍غیر مسلم مقامی سکاٹش لوگوں سمیت ۳۵؍احباب نے شرکت کی۔ پروگرام کی تیاری کے سلسلہ میں پیزلے کے مختلف گرجا گھروں کا دورہ کیا گیا اور پادری صاحبان کو ذاتی طور پر اس کانفرنس میں مدعو کیاگیا۔ علاوہ ازیں مقامی سکولوں، فلاحی تنظیموں، سیاستدانوں سمیت ایک ہزار ۵۰۰؍سے زائد دعوت نامے کئی دنوں کی محنت سے تقسیم کیے گئے تھے۔
پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا جس کے بعد خاکسار (زعیم مجلس) نے مجلس انصاراللہ کے قیام اور اس کے جاری منصوبہ جات کا مختصر ذکر کیا۔ اس کے بعد چند مہمانان کو اظہار خیال کرنے کا موقع دیا گیا۔
مہمانوں کو سوال وجواب کا موقع بھی دیا گیا جو پروگرام کے اختتام تک جاری رہے آخر پر مہمانوں کی تواضع ریفریشمنٹس سے کی گئی۔ اس موقع پر ایک بک سٹال کا بھی اہتمام کیا گیا تھا جس میں مہمانوں نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور کچھ جماعتی لٹریچر بھی اپنے ساتھ لے کر گئے۔
مجلس انصاراللہ ایڈنبرا کی امن کانفرنس: مورخہ ۳۰؍نومبر بروز ہفتہ صبح گیارہ بجے ایڈنبرا کےنواحی علاقے Rosythکے ایک چرچ میں امن کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں ۱۱؍غیر مسلم مقامی سکاٹش لوگ اور چار کونسلرز سمیت کُل ۲۵؍احباب نے شرکت کی۔ پروگرام سے پہلے مقامی سیاستدانوں، گرجا گھروں اور ہمسایوں میں ایک ہزار سے زائد دعوتی کارڈز تقسیم کیے گئے تھے۔
پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا جس کے بعدڈاکٹر جمیل احمد سنوری صاحب نے تعارفی کلمات کہے اور مہمانوں کو خوش آمدید کہا، جس کے بعد جماعتی تعارف پر مشتمل ایک ویڈیو بھی دکھائی گئی۔ اس کے بعد چند مہمانوں نے اظہار خیال کیا۔
مہمانوں کے ساتھ گفت وشنید کا سلسلہ چائے اور لوازمات کے دوران بھی جاری رہا۔ یہ بات قابل تحسین ہے کہ ایڈنبرا کے سیاستدان اور کونسلرز جماعت ایڈنبرا کےليے ایک مسجد کی خرید کےليے تعاون کررہے ہیں۔
مجلس انصاراللہ گلاسگو ساؤتھ کی امن کانفرنس:اسی طرح مورخہ ۳۰؍نومبر کو ہی شام چار بجے گلاسگو کےنواحی علاقے Cranhill کے ایک مقامی ہال میں امن کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں ۱۲؍غیر مسلم مقامی سکاٹش افراد سمیت ۳۵؍احباب نے شرکت کی۔
تلاوت قرآن کریم و ترجمہ کے بعد نعیم ستار صاحب نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور اس تقریب کا مختصر تعارف پیش کیا جس کے بعد جماعت احمدیہ کے تعارف پر مشتمل ایک ویڈیو دکھائی گئی۔
اس کے بعد مہمانوں کو اظہار خیال اورسوال وجواب کا موقع دیا گیا اور آخر میں ان کی کھانے سے تواضع کی گئی۔ اس موقع پر قرآن کریم کے تراجم اور بک سٹال کا بھی اہتما م کیا گیا تھا جہاں مہمانوں نے دلچسپی کا اظہار کیا اور اپنے ليے لٹریچر حاصل کیا۔
(رپورٹ:ارشد محمود خاں۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭