امریکہ (رپورٹس)

مجلس انصاراللہ کینیڈا کی قیادت تعلیم کے زیر اہتمام نیشنل تعلیم کوئز اور مقابلہ بیت بازی

اراکین مجلس انصار اللہ کینیڈا میں مسابقت کی روح پیدا کرنے کے لیے اور ان کی علمی استعدادوں کو بڑھانے کے لیے قیادت تعلیم مجلس انصار اللہ کینیڈا کی طرف سے کئی پروگرام مسلسل جاری رہتے ہیں جن میں نمایاں طور پر تعلیمی نصاب میں سے سہ ماہی امتحانات کا انعقاد ہے۔ نیز ہر سال تعلیمی نصاب سے ہی سال کے آخر میں کوئز کا انعقاد ہوتا ہے۔

خدا تعالیٰ کے فضل و کرم سے مورخہ ۸؍دسمبر ۲۰۲۴ءبروز اتوار مسجد بیت الحمد، مسی ساگا، کینیڈا میں قیادت تعلیم کے زیر اہتمام نیشنل کوئز اور پہلا مقابلہ بیت بازی کے پروگرام منعقد کیے گئے جو شام پانچ بجے اختتام پذیر ہوئے۔ اس دوران ناشتہ، دوپہر اور رات کے کھانے کے علاوہ دن بھر چائے اور دیگر لوازمات کی فراہمی کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔

کوئز اور مقابلہ بیت بازی کی ٹیمیں کینیڈا کے طول و عرض سے مورخہ ۵؍دسمبر بروز جمعرات سے ہی بیت الانصار، ٹورانٹو مرکز پہنچنا شروع ہو گئی تھیں جہاں مہمانوں کی رہائش اور ان کے کھانے کے انتظام کی ذمہ داری شعبہ ضیافت (برائے بیرون مہمان) نے نہایت احسن طریقے سے ادا کی۔

ٹیموں کے علاوہ ٹورانٹو اور اس کے گرد و نواح کے ریجنز سے انصار بھائیوں کی کثیر تعداد ان مقابلوں کو دیکھنے کے لیے جوش اور ولولہ کے ساتھ بیت الحمد میں جمع ہوئے جن کی تعداد تقریباً ۲۳۰؍تھی۔ ان مقابلوں کے لیے مکرم ثناءاللہ خاں صاحب نائب صدر مجلس انصاراللہ کینیڈا کو ناظم اعلیٰ، جبکہ خاکسار (قائد تعلیم مجلس انصاراللہ کینیڈا) کو سیکرٹری اور مکرم مرزا وقاص احمد صاحب(ایڈیشنل قائد تعلیم مجلس انصاراللہ کینیڈا) کو نائب سیکرٹری مقرر کیا گیا۔

نماز فجر کے بعد رجسٹریشن اور ناشتے کا انتظام تھا۔ افتتاحی اجلاس صبح ساڑھے آٹھ بجے مسجد کے مین ہال میں منعقد ہوا جہاں مجلس انصاراللہ کینیڈا سٹوڈیو نے اپنا سٹیج بنا رکھا تھا۔ یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ بفضل اللہ تعالیٰ پہلی مرتبہ امسال ایم ٹی اے کینیڈا سٹوڈیوز کی بجائے مجلس انصاراللہ کینیڈا سٹوڈیوز نے ان مقابلوں کی خوش اسلوبی سے ریکارڈنگ کی۔

افتتاحی اجلاس کی صدارت مکرم عبدالحمید وڑائچ صاحب صدر مجلس انصاراللہ کینیڈا نے کی۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور عہد کے بعد خاکسار نے نیشنل کوئز اور بیت بازی کے مقابلوں کے اغراض و مقاصد مختصراً بیان کیے۔ بعدازاں مکرم صدر صاحب نے مختصرالفاظ میں انصار کو خوش آمدید کہا اور حضرت اقدس مسیح موعودؑ کی تحریرات کو پڑھنے کی طرف انصار بھائیوں کو متوجہ کیا۔ دعا کے ساتھ افتتاحی اجلاس اختتام پذیر ہوا۔

افتتاحی اجلاس کے فوراً بعد ٹھیک نو بجے تعلیمی کوئز کا آغاز ہوا جو دوپہر ایک بجے تک جاری رہا۔ کوئز میں ۱۶؍ریجنز کے مابین پہلے عمومی راؤنڈ ہوا جس میں سے چار بہترین ٹیمیں فائنل راؤنڈ میں شریک ہوئیں۔ تعلیمی کوئز کا نصاب مجلس انصاراللہ کینیڈا کا تعلیمی نصاب۲۰۲۴ء مقرر کیا گیا تھا جوقرآن کریم کا ساتواں پارہ، احادیث، ہماری تعلیم، براہین احمدیہ حصہ پنجم اور چار منتخب خطبات امام پر مشتمل تھا۔

تعلیمی کوئز کی میزبانی مکرم محمد موسیٰ صاحب مربی سلسلہ (قائد اشاعت) کے حصے میں آئی جبکہ ججز کے فرائض مکرم عبدالنور عابدصاحب مربی سلسلہ و استاد جامعہ احمدیہ کینیڈا اور مکرم فرحان حمزہ قریشی صاحب مربی سلسلہ و استادجامعہ احمدیہ کینیڈا نے اداکیے۔ تعلیمی کوئز کی درج ذیل ٹیمیں پہلی تین پوزیشنوں کی حقدار قرار پائیں اور اُن کو کوئز کے اختتام پر بالترتیب ۵۰۰، ۳۰۰ اور ۲۰۰؍ڈالرز احمدیہ کتب خانہ واؤچرز کے انعامات سے نوازا گیا۔

اوّلکیلگیری ریجنمکرم عبدالحمید غنی صاحب
مکرم مرزا محمد فاروق طاہر صاحب
دومایسٹرن کینیڈا ریجنمکرم شہزاد احمد صاحب
مکرم ضیاءاللہ صاحب
سومٹورانٹو ویسٹ ریجنمکرم فخراللہ صاحب
مکرم محمد احسن قریشی صاحب

دوپہر کے کھانے اور نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد مقابلہ بیت بازی شروع ہوا جس کی میزبانی مکرم امتیاز احمد سرا صاحب مربی سلسلہ نے کی۔ آپ نے پہلے بیت بازی کے قواعدو ضوابط پڑھ کر سنائے۔ بیت بازی کا نصاب درثمین، کلام محمود، کلام طاہر، درعدن اور بخارِدل پر مشتمل تھا۔

بیت بازی کا مقابلہ۱۲؍ٹیموں کے مابین نہایت دلچسپ اور سنسنی خیز رہا۔ حاضرین کا جوش و جذبہ دیدنی تھا اور اس مجلس سے خوب لطف اندوز ہوئے۔ ۱۲؍ٹیموں نے پہلے عمومی راؤنڈ میں آپس میں مقابلہ کیا اور اس کے بعد چار بہترین ٹیمیں فائنل راؤنڈ میں شریک ہوئیں۔ بیت بازی میں درج ذیل پہلی تین ٹیموں نے مکرم صدر صاحب مجلس سے بالترتیب ۲۰۰، ۱۵۰ اور ۱۰۰؍ڈالرز کی مالیت کے احمدیہ کتب خانہ کےواؤچرز بطور انعام وصول کیے۔

اوّلہملٹن نائیگرا ریجنمکرم قیصر ندیم صاحب
مکرم شیراز احمد صاحب
دومناردن اونٹاریو ریجن مکرم عدیل احمد صاحب
مکرم آدم سعید صاحب
سومٹورانٹو ویسٹ ریجنمکرم محمداحمد مظہر صاحب
مکرم فخراللہ منگلا صاحب

مقابلہ بیت بازی میں ججز کے فرائض مکرم فرحان حمزہ قریشی صاحب اور مکرم نجیب اللہ ایاز صاحب مربی سلسلہ نے ادا کیے۔ بیت بازی کا دلچسپ مقابلہ شام پانچ بجے تک جاری رہا۔

آخر پر مکرم صدر صاحب مجلس انصار اللہ کینیڈا نے اپنے اختتامی کلمات میں انصار بھائیوں کو حضرت مسیح موعودؑکےشعری کلام سے استفادہ کرنے اوراشعار یاد کرنے کی طرف متوجہ کیا۔ پھر آپ نے دعا کروائی اور تمام انتظامیہ اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور یوں یہ بابرکت مجلس اپنے اختتام کو پہنچی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

(رپورٹ:خالد محمود شرما۔ قائد تعلیم مجلس انصاراللہ کینیڈا)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button