خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭… برطانیہ میں مسلسل تیز ہواؤں کے باعث ہیتھرو ایئرپورٹ نے ایک سو سے زائد پروازیں منسوخ کردیں۔ سکاٹ لینڈ اور آئرلینڈ کے درمیان فیری سروس بھی معطل کردی گئی۔ سکاٹ لینڈ، ناردرن آئرلینڈ، ویلز سمیت شمالی و مغربی انگلینڈ میں تیز ہواؤں کی ییلو وارننگ جاری کردی گئی۔ کرسمس منانے کےلیے گھروں سے گاڑیوں پر نکلے ہزاروں افراد کو بھی تیز ہواؤں کے باعث پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔بی بی سی کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ ہوائیں ۵۰ سے ۶۰؍میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی جبکہ ساحلی اور پہاڑی علاقوں میں ۷۰؍میل فی گھنٹہ تک کی جھکڑیں چلنے کا امکان ہے۔ فیری کمپنیوں نے آئر لینڈ کے ساحل اور دیگر راستوں پر خدمات معطل کر دی ہیں۔ اس کے ساتھ، سکاٹ ریل نے کچھ روٹس پر رفتار کی پابندیاں نافذ کی ہیں، جس کی وجہ سے تاخیر اور منسوخیاں ہو رہی ہیں۔
٭…اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے گولان کی پہاڑیوں پر امن فوج کے قیام میں چھ ماہ کی توسیع کر دی۔ روس اور امریکہ کی طرف سے مشترکہ طور پر پیش کی گئی قرارداد کو کونسل کے تمام پندرہ ارکان نے متفقہ طور پر منظور کر لیا ہے۔ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے اسرائیل اور شام پر ۱۹۷۴ء کے معاہدے کی مکمل تعمیل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
٭…میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکہ نے شام کے نئے راہنما، ہیئۃ التحریر الشام (ایچ ٹی ایس) کے سربراہ احمد الشرح المعروف ابو محمد الجولانی کی گرفتاری پر دس ملین ڈالرز کے انعام کا اعلان واپس لے لیا۔ دمشق میں شام کی نئی حکومت کے ساتھ بات چیت کے بعد امریکہ نے شام کے نئے راہنما احمد الشرح کی گرفتاری پر دس ملین ڈالرز انعام کا اعلان واپس لے لیا ہے۔ یہ فیصلہ امریکی نائب وزیرِ خارجہ برائے مشرقی امور باربرا لیف نے دیگر امریکی حکام کے ہمراہ دمشق کے دورے اور نئی شامی انتظامیہ سے ملاقات کے بعد کیا۔