ماسٹرٹن، نیوزی لینڈ میں مجلس انصار اللہ کے تحت قرآن کریم کی ایک نمائش
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصار اللہ نیوزی لینڈ کو مورخہ ۲؍نومبر۲۰۲۴ء کو ماسٹرٹن(Masterton) میں ایک کامیاب قرآن کریم نمائش منعقد کرنے کی توفیق ملی۔
ماسٹرٹن، نیوزی لینڈ کے دارالحکومت ویلنگٹن سے تقریباً ۱۰۰؍کلومیٹر شمال مشرق میں واقع ہے۔ ۱۸۵۴ء میں قائم ہونے والا یہ قصبہ اب تقریباً ۲۳؍ہزار کی آبادی پر مشتمل ہے اور سرسبز کھیتوں اور دلکش پہاڑیوں سے گھرا ہوا ہے۔
مجلس انصار اللہ کا ایک وفد اپنے معزز مہمان مکرم عبدالخالق تعلقدار صاحب اسسٹنٹ پرائیویٹ سیکرٹری (انصار سیکشن)کے ہمراہ ہفتہ کی صبح آکلینڈ سے ویلنگٹن پہنچا۔
نمائش مقامی جماعت کے نماز سینٹر میں منعقد کی گئی جہاں قرآن کریم کے ۴۰؍تراجم نمائش کی زینت تھے۔ سینٹر کے ہال کو بڑے بینرزاور کتابوں کی نمائش سے سجایا گیا تھا۔ مقامی ماؤری لوگوں کی زبان ’تے رے او ماؤری‘ (Te Reo Maori) کا ترجمہ خاص طور پر نمایاں کرکے رکھا گیا تھا۔
دو معلوماتی سیمینارز کا انعقاد کیا گیا جن کا موضوع ’’انتہاپسندی کے بارہ میں قرآن کریم کی تعلیمات‘‘ تھا۔ ان سیمینارز میں تقریباً ایک درجن مہمانوں نے شرکت کی۔
بہت سے مہمانوں نے نمائش میں خاص دلچسپی لی اور پوسٹرز اور حضرت مسیح موعودؑ کے مشن کے بارے میں تفصیلی گفتگو کی۔ کچھ مہمانوں نے گیسٹ بک میں اپنے تاثرات لکھے اور جماعت احمدیہ مسلمہ کی امن، باہمی ہم آہنگی اور برداشت کے فروغ کی کوششوں کو سراہا۔ ایک اَور مہمان نے اسلام کے تعارف پر شکر گزار ی کا اظہار کرتے ہوئے ہوئے فرانسیسی زبان میں قرآن کریم کے ایک نسخہ کی درخواست کی۔
الحمدللہ، نمائش بہت کامیاب رہی۔ یہ ماسٹرٹن میں مجلس انصاراللہ کی کوششوں سے منعقد ہونے والا پہلا پروگرام تھا۔ جماعت کے تمام افراد نے بڑی دلچسپی دکھائی اور اپنے دوستوں، ساتھیوں اور اساتذہ کو مدعو کرنے میں بھرپور حصہ لیا۔ اس پروگرام کی وائراراپا مڈویک(Wairarapa Midweek)، پرنٹ میڈیا اور سوشل میڈیا پر بھی تشہیر ہوئی۔ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے کئی مہمانوں نے نمائش میں شرکت کی۔
(رپورٹ: ثاقب احمد۔ قائد تبلیغ مجلس انصار اللہ نیوزی لینڈ)
مزید پڑھیں:
مجلس انصاراللہ نیوزی لینڈ کی پانچویں مجلس شوریٰ کا انعقاد