برطانیہ کے شہر لیڈز میں امن کانفرنس کا انعقاد
مکرم مبارک احمد بسرا صاحب مربی سلسلہ تحریر کرتے ہیں کہ برطانیہ کے نارتھ ایسٹ ریجن کی جماعت لیڈز کو مورخہ یکم دسمبر۲۰۲۴ء بروز اتوار ایک امن کانفرنس منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ کے بعد ایک ویڈیو کے ذریعےجماعت احمدیہ کا تعارف پیش کیا گیا۔ مکرم طاہر سلبی صاحب مربی سلسلہ نے اپنی تقریر میں امام جماعت احمدیہ کی طرف سے دنیا میں قیام امن کے لیے کی جانے والی کاوشوں کا ذکر کرتے ہوئے تیسری عالمی جنگ کے خطرات، اُس کے بد اثرات اور نقصانات سے انسانیت کو بچانے کے لیے امن کی ضرورت کو اُجاگر کیا۔ اس ضمن میں آپ کی تقریر کے دوران ویڈیو سلائیڈز کے ذریعےبعض قرآنی آیات اور احادیث کے حوالہ جات بھی دکھائے گئے۔ بعد ازاں مہمانوں کو سوالات پوچھنے کا موقع دیا گیا جس میں مختلف موضوعات پر جماعت احمدیہ کے موقف کو تفصیل سے بیان کیا گیا۔
مقامی کونسلر مکرم ایڈورڈز صاحب نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہمارے درمیان امن سے رہنے کے لیے بہت سی ایسی مشترکہ وجوہات ہیں جو ہمیں متحد کرسکتی ہیں لیکن صرف چند ہی اختلافات ہمیں آپس میں تقسیم کرتے ہیں۔ انہوں نے دنیا بھر میں مختلف اقوام کو امن اور بھائی چارے کے ساتھ مل کر رہنے کی ضرورت پر زور دیا۔ دعا کے ساتھ یہ امن کانفرنس اختتام پذیر ہوئی۔ اس کانفرنس میں ۱۸؍مہمانوں نے شرکت کی۔
بعد ازاں تمام شرکاء کی کھانے سے تواضع کی گئی جس دوران مہمانوں کی اکثریت نے مثبت تاثرات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر جماعتی لٹریچر اور مختلف کتابوں پر مشتمل ایک سٹال بھی لگایا گیا تھا جس میں مہمانوں کی اکثریت نے دلچسپی کے ساتھ لٹریچر اور کتب کے بارے میںبھی دریافت کیا۔ تمام مہمانوں کو رخصت کرتے ہوئے لٹریچر اور مختلف کتابچے تحفۃً بھی دیے گئے۔
(مرسلہ:لطیف احمد شیخ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)