اطلاعات واعلانات
نوٹ: اعلانات صدر؍ امیر صاحب حلقہ؍جماعت کی تصدیق کے ساتھ آنا ضروری ہیں
دو احمدیوں کا اعزاز
٭…محمد سلطان ظفر صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل کینیڈا تحریر کرتے ہیں کہ مجلس خدام الاحمدیہ نیو مارکیٹ کینیڈا نے Run for New Marketکی بنیاد رکھی اور اس کے ذریعہ مسلسل عوام کی خدمت کی توفیق پارہی ہے۔
مورخہ ۱۳؍دسمبر۲۰۲۴ء اولڈ ٹاؤن ہال، نیومارکیٹ میں پارلیمنٹ ممبرعزت مآب Tony van Bynen نے ۲۰؍تنظیموں اور رضا کاروں کو King Charles III Coronation Medal سے نوازا۔ یہ اعزاز ان افراد کو دیا جاتا ہے جنہوں نے کینیڈا اور اپنی مقامی کمیونٹی کے لیے نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ یہ ایوارڈ پانے والوں میں Run for New Market کے چیئرمین مکرم عارف فہیم خان بھی شامل تھے۔ یہ ایوارڈ خاص طور پر Run for New Marketکے سالانہ پروگرام کے لیے کام کرنے والے بہترین رضاکاروں کی اجتماعی کوششوں کا اعتراف ہے جس نے گذشتہ تین سال میں مقامی فلاحی اداروں کے لیے فنڈز اکٹھے کیے ہیں۔
عارف فہیم خان صاحب کی قابل قدر خدمات، بطور قائد مجلس خدام الاحمدیہ نیومارکیٹ (۲۰۲۰ء – ۲۳ء) عوام کو اکٹھا کرنے، باہمی تعلقات کو بہتر بنانے میں نہایت معاون ثابت ہوئی ہیں۔ ان کی زیرِ نگرانی خون کے عطیات، کھانوں کی تقسیم، علاقہ کی صفائی، بزرگوں کے لیے برف ہٹانے کی خدمات اور کپڑوں کے عطیات جیسے فلاحی منصوبے شامل ہیں۔
٭… حافظ احتشام احمد مومن صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل برازیل تحریر کرتے ہیں کہ مورخہ ۱۷؍ستمبر۲۰۲۴ء کو ریو دی جنیرو صوبہ کی سب سے بڑی فیڈرل یونیورسٹی میں ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں بعض افراد کو ان کی غیرمعمولی سرگرمیوں اور کاوشوں کے نتیجہ میں آنریری ڈاکٹریٹ کی ڈگری سے نوازا گیا۔ یہ اعزاز ایسے افراد کو دیا جاتا ہے جنہوں نے علمی یا عملی طور پر کسی رنگ میں معاشرہ کو بہتر بنانے میں غیر معمولی طور پر خدمات سر انجام دی ہوں۔ اس اعزاز کے ذریعہ ان کی محنت اور کوششوں کو سراہا جاتا ہے۔
یہ پروگرام ریو دی جنیرو کی فیڈرل یونیورسٹی کے مین ہال میں منعقد ہوا جس میں اللہ تعالیٰ کے فضل سے خاکسار (مبلغ سلسلہ برازیل) کو آنریری ڈاکٹریٹ کی ڈگری سے نوازا گیا۔ یہ اعزاز خاکسار کی اسلام احمدیت کی امن پسند تعلیمات کو پھیلانے نیز بڑے پیمانے پر معاشرہ میں ہم آہنگی اور مساوات کو پیدا کرنے کی مساعی کو سراہتے ہوئے اس کے نتیجہ میں دی گی۔
اللہ تعالیٰ یہ اعزازات دونوں احباب جماعت نیز جماعت احمدیہ کے لیے بے حد بابرکت بنائے، انہیں شرف قبولیت بخشے اور پہلے سے بڑھ کر عزم، ہمت اور طاقت کے ساتھ اسلام احمدیت کا پیغام دنیا کے ہر کنارے تک پہنچانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
٭…٭…٭