خدا تعالیٰ اُن لوگوں کے ساتھ ہے جو پرہیزگار ہیں اور سچ بولتے ہیں
میرے ہاتھ میں ایک چراغ ہے جو شخص میرے پاس آتا ہے ضرور وہ اُس روشنی سے حصّہ لے گا مگر جو شخص وہم اور بد گمانی سے دُور بھاگتا ہے وہ ظلمت میں ڈال دیا جا ئے گا۔ اس زمانہ کا حصنِ حصین مَیں ہوں جو مجھ میں داخل ہوتا ہے وہ چوروں اور قزّاقوں اور درندوں سے اپنی جان بچائے گا مگر جو شخص میری دیواروں سے دُور رہنا چاہتا ہے ہر طرف سے اس کو موت درپیش ہے! اور اُس کی لاش بھی سلامت نہیں رہے گی۔ مجھ میں کون داخل ہوتا ہے؟ وہی جو بدی کو چھوڑتا اور نیکی کو اختیار کرتا ہے اور کجی کو چھوڑتا اور راستی پر قدم مارتا ہے اور شیطان کی غلامی سے آزاد ہوتا اور خدا تعالیٰ کا ایک بندئہ مطیع بن جاتاہے۔
(فتح اسلام، روحانی خزائن جلد ۳صفحہ۳۴)
یقیناً یاد رکھو جھوٹ جیسی کوئی منحوس چیز نہیں۔ عام طور پر دنیا دار کہتے ہیں کہ سچ بولنے والے گرفتار ہوجاتے ہیں مگر میں کیونکر اس کو باور کروں؟ … اللہ تعالیٰ تو آپ سچائی کا حامی اور مددگار ہے۔ یہ ہوسکتا ہے کہ وہ راستباز کو سزادے؟ اگر ایسا ہو تو دنیا میں پھر کوئی شخص سچ بولنے کی جراٴت نہ کرے اور خدا تعالیٰ پر سے ہی اعتقاد اٹھ جاوے۔ راستباز تو زندہ ہی مرجاویں۔
(ملفوظات جلد ۸صفحہ ۳۵۱-۳۵۲، ایڈیشن ۱۹۸۴ء)
میں نے اس [لیکھرام] کی طرف لکھا کہ تمام بات خدا تعا لیٰ کے ہاتھ میں ہے۔سو اگر تو اپنی پیشگوئی میں سچا ہے تو تیری سچائی خدا تعالیٰ ظاہر کر دے گا۔ اور اگر میری بات سچ ہے تو اس کو اپنے فضل اور احسان سے ظاہر فرمائے گاکیونکہ خدا تعالیٰ ان لوگوں کے ساتھ ہے جو پرہیزگار ہیں اور سچ بولتے ہیں اور جھوٹوں کی وہ مدد نہیں کرتا ۔ سو اس کی جھوٹی پیشگوئی کا زمانہ بخیروعافیت گذرگیا اور ایک بال بھی ہمارا بیکا نہ ہوا۔
(نجم الھدیٰ،روحانی خزائن جلد ۱۴ صفحہ ۱۳۴)
مزید پڑھیں: تم میں سے اچھا وہ ہے جو اپنے اہل کے لئے اچھا ہے