جامعۃ المبشرین تنزانیہ میں سالانہ تقریب تقسیم انعامات و اسناد ۲۰۲۴ء کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل کے ساتھ مورخہ ۵؍دسمبر ۲۰۲۴ء کو جامعۃ المبشرین تنزانیہ کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات و اسناد کا انعقاد ہوا ۔ جس میں فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ میں اسناد اور تعلیمی سال کے دوران نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے گئے۔
تقریب کے مہمان خصوصی مکرم خواجہ مظفر احمد صاحب قائم مقام امیر و مبلغ انچارج تنزانیہ تھے۔ تلاوت قرآن کریم و نظم کے بعد درجہ ثالثہ کے ایک فارغ التحصیل طالب علم عزیزم عثمان Libuyi نے سپاس نامہ پیش کیا۔ مکرم شمعون جمعہ صاحب معلم سلسلہ و استاد جامعہ نے دفتر پرنسپل کی جانب سے بزبان سواحیلی کارگزاری رپورٹ اور خاکسار (مبلغ سلسلہ تنزایہ) نے انگریزی زبان میں احمدیہ پری اینڈ پرائمری سکول کی رپورٹ پیش کی۔ مہمان خصوصی صاحب نے طلبہ، اساتذہ اور مہمانان میں انعامات و اسناد تقسیم کیں اور طلبہ کو وقف کی حقیقت سمجھنے کی تلقین کی۔
قارئین کی خدمت میں جامعۃ المبشرین تنزانیہ کے تعلیمی سال ۲۰۲۴ء کی مختصر کارگزاری رپورٹ پیش ہے:
جامعہ احمدیہ تنزانیہ کا آغاز ۱۹۸۴ء میں ہوا۔ اس وقت جامعہ موروگورو ریجن کے علاقہ کیہونڈا (Kihonda)میں واقع ہے۔ ابتدا میں تین سالہ معلم کلاس کا نصاب پڑھایا جاتا تھا لیکن گذشتہ کچھ سال سے چار سالہ تعلیمی نصاب جاری ہے۔ جامعہ احمدیہ تنزانیہ میں مشرقی افریقہ کے بیشتر ممالک کے طلبہ تحصیل علم کے ليے آتے ہیں جن میں تنزانیہ کے ساتھ ساتھ ہمسایہ ممالک کینیا، ملاوی اور برونڈی شامل ہیں۔
امسال فارغ التحصیل طلبہ کی تعداد ۱۳؍ہے جو تنزانیہ، کینیا اور برونڈی سے تعلق رکھتے ہیں۔ ا ن کے نام ذیل میں درج ہیں:
Isa Boke Chacha, Libuyi Moses Brian Libuyi, Iddi Ramadhani Nassoro, Saidi Issa Kabuga, Ashraf Kashinje Kaziani, Ibrahim Isiaka Ngaile, Iddi Ramadhan Katololo, Nusuki Muhammad Ally, Mubaraka Ahmadi Seifu, Ibrahim Hemedi Makoka, Hamis Ismail Hamis, Nelly Junior Bakunduwukize, Shomary Adamu Shomary.
جامعۃ المبشرین تنزانیہ سے بعض منتخب طلبہ کو بعد از منظوری جامعہ انٹرنیشنل گھانا بھجوایا جاتا ہے۔ اس طرح اب تک جامعہ احمدیہ تنزانیہ سے جامعہ گھانا جانے والے طلبہ کی تعداد ۲۴؍ہے۔
جامعہ میں تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ طلبہ کی تربیت پر خاص زور دیا جاتا ہے۔ جامعہ کے آخری سال کےطلبہ کے لیے رمضان کے آخری عشرہ میں اعتکاف بیٹھنا بھی تربیتی سرگرمیوں کا لازمی حصہ ہے۔
تبلیغی مساعی: امسال سے تبلیغ کے کام کو گروپس( امانت، شجاعت اور شفقت) کے ماتحت ترتیب دیا گیا۔ رمضان کے بابرکت مہینہ میں روزانہ کی بنیاد پر تبلیغی مساعی پر زور دیا گیا۔ اور NANE NANE (سالانہ زرعی میلہ)کے موقع پر باقاعدہ جماعتی بک سٹال لگا کر تبلیغ کی گئی۔ امسال ۴۱؍تبلیغ ڈے منائے گئے اور ۳۱؍مرتبہ اتوار بازار میں بک سٹال لگائے گئے۔ اس طرح پانچ ہزار۳۸۹؍سے زائد جماعتی کتب فروخت ہوئیں۔ اس تمام سرگرمی سے اندازاً ۲۰؍ہزار لوگوں تک اسلام احمدیت کا پیغام پہنچا۔ الحمدللہ
وقار عمل: وقار عمل جامعہ کے روزمرہ کے معمول کا ایک لازمی جزو ہے۔ امسال ۲۱۸؍اجتماعی وقار عمل سر انجام دیے گئے۔ ان کے ذریعہ آٹھ ملین نو لاکھ ستر ہزارشیلنگزکی بچت ہوئی۔ نیز کھیتی باڑی اور زراعت سے بھی پانچ لاکھ ستتر ہزار شیلنگز بچت ہوئی۔
خدمت خلق: اس سال کے شروع میں بارشوں سے جامعہ احمدیہ تنزانیہ کے قریبی نشیبی علاقوں میں سیلابی صورت حال کا سامنا تھا جس سے کافی لوگ، مکانات اور عمارتیں متاثر ہوئیں۔ سٹاف و طلبہ جامعہ کو گورنمنٹ کے ایک پرائمری سکول جو کہ سیلاب سے متاثر ہوا تھا میں وقار عمل کرنے کی توفیق ملی۔
خدمت خلق بصورت عطیۂ خون: ۲۱؍فروری ۲۰۲۴ء کو طلبہ و اساتذہ جامعہ نے خون کا عطیہ دیا۔ ریجنل بلڈ بینک موروگورو کے نمائندوں نے جامعہ آکر خون کا عطیہ لیا۔ نیز Humanity First کے ذیلی شعبہ گلوبل ہیلتھ کے تحت موروگورو شہر کے مرکزی بازار Kingalu Soko La Chief میں عطیہ خون کا ایک پروگرام ترتیب دیا گیا جس میں مقامی میئر جناب Pascal Kihangaنے بھی شرکت کی اور جماعت احمدیہ کی خدمت خلق کی مساعی کو سراہا۔ ان دونوں پروگراموں سے کُل ۵۹؍خون کی بوتلیں عطیہ کی گئیں۔
اللہ تعالیٰ جامعہ احمدیہ تنزانیہ کو اپنے خاص فضلوں سے نوازے اور اس میں خدمت سر انجام دینے والوں کو جزائے خیر دے اور اس ادارے سے پاس ہو کر میدان عمل میں خدمت بجا لانے والوں کا حامی و ناصر ہو اور ہم سب کو وقف کی روح کو سمجھنے والا اور وقف کے تقاضوں کو پورا کرنے والا بنائے۔ آمین
(رپورٹ:عبد الناصر باجوہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: تنزانیہ میں ہیومینٹی فرسٹ کے تحت عطیہ خون کی مہم