ایشیا (رپورٹس)

بنگلہ دیش میں ماحیلا احمدیہ پرائمری سکول کی والدین کانفرنس کا انعقاد

اللہ تعالیٰ کے فضل سے ماحیلا احمدیہ پرائمری اینڈ لوئر سیکنڈری سکول میں مورخہ ۲۲؍اکتوبر۲۰۲۴ء بروز منگل والدین کانفرنس منعقد ہوئی۔

یہ ذکر کرنا بھی مفید ہوگا کہ بنگلہ دیش کے پہاڑی ضلع رنگاماٹی کے دشوار گزار علاقے بگھائی چھڑی کے ماحیلا گاؤں میں احمدیت کا نفوذ ۲۰۰۳ء میں ہوا۔ تاہم یہ دُور دراز علاقہ بنیادی سہولیات جیسے تعلیم اور صحت کی خدمات سے یکسر محروم تھا۔ اس علاقے کے زیادہ تر باشندے بدھ مت کے پیروکار ہیں۔ جماعت احمدیہ نے اس علاقے میں پرائمری سکول قائم کر کے ایک اہم قدم اٹھایا جو اب لوئر سیکنڈری تک تعلیمی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔

یہ تقریب صبح ساڑھے نو بجے سکول کے میدان میں تلاوت قرآن کریم سے شروع ہوئی۔تقریب کی صدارت مکرم امیر حسین صاحب معلم وقف جدید ماحیلا جماعت نے کی جو احمدیہ سکول کی مینیجنگ کمیٹی کے صدر بھی ہیں۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد بدھ مت کی مقدس کتاب ’تری پیٹک‘ سے ایک منتخب حصہ پیش کیا گیا۔

تقریب کے دوران اساتذہ کرام میں سے چند نے اپنی تقاریر میں تعلیم کی اہمیت، والدین کے کردار اور طلبہ کی تربیت جیسے موضوعات پر روشنی ڈالی۔ بعد ازاں والدین میں سے چند افراد نے بھی اظہار خیال کیا۔

مینیجنگ کمیٹی کے نمائندہ کے طور پر مکرم عبد الخالق صاحب نے سکول کی ترقی کے لیے جاری کی جانے والی کوششوں کا ذکر کیا۔ اختتام پر مکرم رقیب الاسلام صاحب ہیڈ ماسٹر احمدیہ سکول نے والدین، اساتذہ اور تمام متعلقین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سکول کی ترقی میں ان کے تعاون کی اہمیت کو بیان کیا۔

اس تقریب میں ۱۸۵؍احباب نے شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر ناشتہ سے تمام شرکا کی تواضع کی گئی۔

(رپورٹ:نوید الرحمٰن۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ بنگلہ دیش کی لوکل امارت ڈھاکہ میں وصیت سیمینار کا انعقاد

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button