افریقہ (رپورٹس)

سیرالیون کے ویسٹرن ایریا کے ٹرائبل سربراہان کی جماعتی وفد کے ساتھ ایک ملاقات

مورخہ ۱۴؍دسمبر ۲۰۲۴ء کو سیرالیون کے ویسٹرن ایریا کے ٹرائبل ہیڈز یعنی قبیلوں کے سربراہان کو احمدیہ ہیڈکوارٹرز میں مدعو کیا گیا۔ یاد رہے کہ سیرالیون میں موجود قبائل کے نمائندگان کی کونسل ہے جو حکومتی تنظیم ہے جس کوسرکاری سطح پر تسلیم کیا جاتا ہے اور یہ اپنے اپنے لسانی قبائل کی نمائندگی کرتے ہیں۔ ان نمائندگان کی تعداد ۱۶؍ہے جن میں سے اس موقع پر ۱۲؍موجود تھے۔ قبائل کے سربراہان کو دعوت دینے کا مقصد جماعت کے ساتھ دیرینہ تعلقات کو فروغ دینا اور اگلے سال منعقد ہونے والے جلسہ سالانہ کی اہمیت واضح کرنا اور اس میں شمولیت کی دعوت دینا تھا۔ جماعتی نمائندگی میں مکرم موسیٰ میوا صاحب امیر جماعت احمدیہ سیرالیون کے علاوہ نعیم احمد اظہر صاحب مبلغ انچارج، فواد ایف لولے صاحب سیکرٹری تعلیم، صدیقی سانکو صاحب چیئرمین ہیومینٹی فرسٹ اور خاکسار (مبلغ سلسلہ فری ٹاؤن)بھی موجود تھے۔

خلافت لائبریری میں منعقدہ اس ملاقات میں تلاوت قرآن کریم کے بعد مکرم امیر صاحب نے مہمانوں سے استقبالیہ کلمات کہے۔ پھر قبائل کے سربراہان نے اپنا اپنا تعارف کرایا۔ اسی طرح جماعت کے نمائندگان کا بھی تعارف کرایا گیا۔ بعدہٗ امیر صاحب نے جماعت کا تعارف اور اس کے قیام کی اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔ آپ نے کونسل کا شکریہ ادا کیا کہ وہ ہمیشہ سے جماعت کی معاونت کرتے آرہے ہیں اور جماعت احمدیہ کو عزت و احترام سے دیکھتے ہیں۔ نیز آپ نے کونسل کو آنے والے جلسہ سالانہ سیرالیون میں شمولیت کی دعوت دی۔ کونسل کے چیئرمین نے کہا کہ یہ اعزاز کی بات ہے کہ انہیں اس مقصد کے ليے یہاں بلایا گیا ہے اور اس بات پر جماعت کا شکریہ ادا کیا۔ نیز کہا کہ اس ملک میں جماعت کا اعلیٰ مقام سب پر واضح ہے۔ جماعت احمدیہ اس ملک کو لمبے عرصہ سے تعلیم و صحت کے میدان میں نوازتی چلی آرہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کونسل کے بعض اراکین کو جلسہ سالانہ برطانیہ میں شمولیت اور خلیفۃ المسیح کے ساتھ ملاقات کا شرف بھی حاصل ہے۔ موصوف نے آنے والے جلسہ سالانہ سیرالیون میں بھرپور شرکت کا یقین دلایا اور جماعت کے ساتھ انمٹ تعلق کو ہمیشہ جاری رکھنے کا اظہار کیا۔

ان کے علاوہ ایک دو مزید ہیڈز نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ مکرم امیر صاحب کے علاوہ جماعتی نمائندگان نے بھی مختصر تقاریر کیں۔ ملاقات کے آخر پر مہمانان کو ظہرانہ پیش کیا گیا۔ تقریب کے اختتام پر گروپ تصویر بھی بنائی گئی۔ اس تقریب میں حاضری ۱۷ تھی۔

(رپورٹ:سید سعید الحسن شاہ۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ برکینافاسوکے تنتیسویں(۳۳)جلسہ سالانہ ۲۰۲۴ء کا کامیاب و بابرکت انعقاد

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button