بنگلہ دیش کے نو مبائعین و نو مبائعات کے پانچویں اجتماع کا کامیاب انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ یکم و ۲؍نومبر۲۰۲۴ء بروز جمعۃ المبارک اور ہفتہ جماعت احمدیہ بنگلہ دیش کے نومبائعین اور نومبائعات کا پانچواں اجتماع جماعت کے مرکز بکشی بازار ڈھاکہ میں منعقد ہوا۔
اجتماع کا آغاز مکرم عبدالاول خان چودھری صاحب امیرو مبلغ انچارج بنگلہ دیش کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم اور دعا سے ہوا۔ افتتاحی اجلاس میں نومبائعین نے اپنا تعارف پیش کیا اور بعض نے اپنی بیعت کے واقعات سنائے۔
اس دو روزہ اجتماع میں ان موضوعات پر تقاریر ہوئیں: ’’نماز با جماعت کی اہمیت‘‘ از مکرم نوشاد احمد صاحب مربی سلسلہ، ’’ نماز مع ترجمہ‘‘ از مکرم شاہ محمد نور الامین صاحب مربی سلسلہ و نیشنل سیکرٹری تربیت نو مبائعین، ’’دعا ہی ہمارا ہتھیار ہے‘‘از مکرم محبوب الرحمٰن صاحب نیشنل جنرل سیکرٹری، ’’جماعت کا مالی نظام‘‘ از مکرم فضل الرحمٰن جہانگیر صاحب نیشنل سیکرٹری تربیت، ’’جماعت احمدیہ کی انتظامی ساخت‘‘ از مکرم جی ایم فیروز احمد صاحب نیشنل سیکرٹری مال اور ’’خلافت کی اہمیت اور برکات‘‘ از مکرم امتیاز احمد صاحب نیشنل سیکرٹری تبلیغ۔
علاوہ ازیں قرآن کریم کی آخری دس سورتوں کا حفظ، نماز باترجمہ یاد کرنا اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطبہ جمعہ پر مبنی ایک کوئز کا بھی انعقاد کیا گیا۔ نمایاں کارکردگی دکھانے والے شرکاء میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔ اجتماع کے اجلاسات اور تقاریر سے مسجد کے مستورات ہال میں موجود نومبائعات نے بھی بھرپور فائدہ اٹھایا۔ ان کے لیے خصوصی طور پر انعامات کا انتظام بھی کیا گیا تھا۔
اجتماع کی کُل حاضری ۳۷۱؍رہی جس میں ۲۶۸؍ نومبائعین، ۷۵؍نو مبائعات اور ۲۸؍غیر از جماعت مہمان شامل ہیں۔اس اجتماع میں سات افراد کو بیعت کرکے جماعت احمدیہ میں شمولیت کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
(رپورٹ:نوید الرحمٰن۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: بنگلہ دیش میں ماحیلا احمدیہ پرائمری سکول کی والدین کانفرنس کا انعقاد