جماعت احمدیہ برازیل کے تیسویں(۳۰)جلسہ سالانہ کا بابرکت انعقاد
٭… حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خصوصی ایمان افروز پیغام
٭… متعدد سیاسی، مذہبی و سماجی شخصیات کی شرکت
اللہ تعالیٰ کے بے حد فضل اور احسان سے جماعت احمدیہ برازیل کو اپنا تیسواں جلسہ سالانہ بڑی کامیابی کے ساتھ مورخہ ۲۶تا۲۸؍اپریل۲۰۲۴ء بروز جمعۃ المبارک، ہفتہ و اتوار جماعت احمدیہ برازیل کے مرکز مسجد بیت الاول، پیٹروپولس (Petrópolis) میں ’’خدا تعالیٰ کا شکر بجا لانا‘‘ کے موضوع پر منعقد کرنے کی توفیق ملی۔
پہلا روز: مورخہ ۲۶؍اپریل بروز جمعۃالمبارک تقریب پرچم کشائی کےساتھ جلسہ سالانہ کا افتتاح عمل میں آیا۔ خاکسار (نیشنل صدر و مبلغ انچارج جماعت احمدیہ برازیل) نے لوائے احمدیت اور مکرم حافظ احتشام احمد مومن صاحب مربی سلسلہ نے قومی پرچم لہرایا اور دعا ہوئی۔ بعد ازاں خاکسار نے خطبہ جمعہ میں حضرت اقدس مسیح موعودؑ کی تحریرات کی روشنی میں جلسہ سالانہ کے مقاصد اور اس کی اہمیت کا ذکر کیا۔
نماز جمعہ و نماز عصر کی ادائیگی اور کھانے کے وقفہ کے بعد شام کا اجلاس مکرم ندیم احمد طاہرصاحب صدر ہیومینٹی فرسٹ برازیل کی صدارت میں ہوا۔ اس میں تلاوت قرآن کریم مکرم حافظ احتشام احمد مومن صاحب مربی سلسلہ، نظم مکرم ناصر ضیاء صاحب اور ملفوظات سے ایک اقتباس مکرم عابد کاہلوں صاحب نے پڑھا۔ خاکسار نے جلسہ سالانہ کے موقع پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خصوصی ایمان افروز پیغام پڑھ کر سنایا۔
بعد ازاں ان موضوعات پر تقاریر ہوئیں: ’’خلافت سے وابستگی‘‘از خاکسار، ’’والدین کی خدمت‘‘ از مکرم مزمل کلیم صاحب، ’’نماز کی اہمیت‘‘ از مکرم تکریم احمد ظفر صاحب اور ’’سوشل میڈیا کا استعمال اور احمدی نوجوانوں کی ذمہ داریاں‘‘ از صدر اجلاس۔
دوسرا روز: اگلے روز مورخہ ۲۷؍اپریل بروز ہفتہ باجماعت نماز تہجد و فجرادا کی گئیں اور درس القرآن ہوا۔ اس روز صبح کے اجلاس میں مردوں کے اجلاس کی صدارت مکرم اعجاز احمد ظفر صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ برازیل اور مستورات کے اجلاس کی صدارت مکرمہ انیلہ ظفر صاحبہ صدر لجنہ اماء اللہ برازیل نے کی۔ دونوں اجلاسات میں علمی و تربیتی امور پر مبنی تقاریر کی گئیں۔
دوپہر کے کھانے اور نماز ظہر و عصر کے وقفہ کے بعد شام کو ایک تربیتی نشست بھی منعقد کی گئی جس میں خاکسار نے جماعت احمدیہ کے حوالہ سے بعض اہم اور بنیادی باتیں بتائیں۔ بعدازاں نومبائعین کے ساتھ مکرم حافظ احتشام احمد مومن صاحب کی صدارت میں ایک خصوصی اجلاس ہوا۔ اس اجلاس میں تلاوت قرآن کریم مکرم مزمل کلیم صاحب، نظم مکرم تکریم احمد ظفر صاحب، ملفوظات سے ایک اقتباس مکرم صہیب کلیم صاحب نے پیش کیا۔ بعدہٗ ان موضوعات پر تقاریرہوئیں: ’’مالی قربانی‘‘ از خاکسار، ’’جماعتی کتب کا مطالعہ اور ایم ٹی اے دیکھنے کی اہمیت‘‘ از مکرم اعجاز احمد ظفر صاحب اور ’’تبلیغ اور ہماری ذمہ داریاں‘‘ از صدر اجلاس۔
اس کے بعد نومبائعین نے اپنی قبولیت احمدیت کے تعلق میں ایمان افروز واقعات بیان کیے۔
تیسرا روز: مورخہ ۲۸؍اپریل بروز اتوار باجماعت نماز تہجد ادا کی گئی اور حسب معمول نماز فجر کی ادائیگی کے بعد قرآن کریم کا درس ہوا۔
پروگرام کے مطابق صبح گیارہ بجے جلسہ کا آخری اجلاس خاکسار کی صدارت میں شروع ہوا۔ اس اجلاس میں دُور و نزدیک سے کم و بیش ۱۴۰؍افراد نے شرکت کی جن میں زیادہ تعداد لوکل مہمانوں کی تھی۔ شہر پیٹروپولس کے میئر اور کونسل کے خصوصی نمائندوں کی شرکت کے علاوہ مختلف سیاسی، مذہبی اور سماجی نمائندگان بھی اس اجلاس میں شامل ہوئے جن میں ایک یہودی وفد، عیسائیت کے مختلف فرقوں اوربدھ مت کے نمائندگان شامل تھے۔ مشن ہاؤس کے ہال کے علاوہ ملحقہ گیلری بھی بھری ہوئی تھی جس کے پیش نظر افراد جماعت کے ليے نچلے ہال میں بھی انتظام کیا گیا۔ اس اختتامی اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جو مکرم عبدالقدوس صاحب نے کی اور مکرم تکریم احمد ظفر صاحب نے پرتگیزی زبان میں ترجمہ پیش کیا۔ مکرم اعجاز احمد ظفر صاحب نے خوش الحانی سے نظم پڑھی جس کے بعد مکرم ندیم احمد طاہر صاحب نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خصوصی پیغام کا پرتگیزی زبان میں ترجمہ پڑھ کر سنایا۔ مکرم حافظ احتشام مومن صاحب مربی سلسلہ نے اپنی تقریر میں جماعت احمدیہ کے قیام کا مقصد بیان کیا۔ مکرم ندیم احمد طاہر صاحب نے ہیومینٹی فرسٹ کا تعارف کرایا اور اس ضمن میں جماعتی خدمات کا بھی ذکر کیا جس کے بعدمختلف مذہبی و سیاسی نمائندگان نے باری باری اپنے خیالات کا اظہار کیا اور جلسہ سالانہ میں شمولیت پر خوشنودی کا اظہار کرتے ہوئے مبارکباد دی۔ ان احباب میں صوبائی ممبر پارلیمنٹ جناب Sergio Fernandes، شہر پیٹروپولس کے کونسلر جناب Mauro Peralta، ریو دی جانئیرو کے ایک کونسلر جناب Alexandre Beça، کیتھولک چرچ کے ایک مشہور پادری جنابbrock Frei Volney Berken، ریو دی جانئیرو کے ایک مذہبی سکالر جناب Ivanir do Santos اور شہر پیٹروپولس کی ایک یہودی کمیونٹی کی صدر Tavares Claudia کے علاوہ دیگر متعدد طبقات سے تعلق رکھنے والے نمائندگان شامل ہیں۔ علاوہ ازیں امریکہ سے آئے ہوئے مکرم لطیف احمد طاہر صاحب اور کینیڈا کے مکرم ناصر ضیاء صاحب بھی حاضرین سے مخاطب ہوئے۔ آخر میں خاکسار نے تقریر کرتے ہوئے جماعت احمدیہ برازیل کے جلسہ ہائے سالانہ کی تاریخ بتائی اور جلسہ کے موضوع ’’خدا تعالیٰ کا شکر بجا لانا‘‘ پر بات کی۔
یہ اجلاس کم و بیش اڑھائی گھنٹے تک جاری رہا۔ خاکسار نے دُور و نزدیک سے آنے والے سب مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور اختتامی دعا کرائی۔ جلسہ کےبعد کونسلرز اور بہت سے دوسرے شاملین جلسہ نے سوشل میڈیا پر اس جلسہ کی فوٹوز اپلوڈ کیں اور بڑے اچھے الفاظ میں اپنے تاثرات بیان کیے جس میں جماعت کی مذہبی رواداری کو خوب سراہا اور مبارکباد دی۔
میڈیا: شہر کے دو اخباروں Diario de Petrópolis اور Tribuna de Petropolis نے جلسہ سالانہ کے انعقاد سے قبل اور بعد میں بھی تصاویر کے ساتھ بہت تفصیلی رپورٹس شائع کیں۔ اسی طرح فیس بک، انسٹاگرام وغیرہ پر بھی جلسہ کے بارے میں رپورٹس اور فوٹوز اپلوڈ ہوتی رہیں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس طرح وسیع پیمانہ پر جماعت کا پیغام پہنچانے اور تعارف کروانے کا موقع ملا۔ الحمدللہ
نمائش:ہر سال کی طرح اس جلسہ کے موقع پربھی مشن ہاؤس کی لائبریری میں تراجم قرآن کریم، پرتگیزی کتب و دیگر لٹریچر پر مشتمل ایک نمائش کا بھی انتظام کیا گیا تھا جس سے شاملین نے بھر پور استفادہ کیا۔
لنگر خانہ:اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہمیشہ کی طرح امسال بھی تینوں دن کھانا مشن ہاؤس میں تیار کیا گیا۔ مہمانوں کی ایک بڑی تعداد کے ليے پاکستانی طرز کا کھانا کھانے کا پہلا موقع تھا جسے سبھی نے بہت پسند کیا اور تعریف کی۔
امسال جلسہ سالانہ پر حاضری تقریباً ۱۴۰؍تھی۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے جلسہ انتہائی خوش اسلوبی اور کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا۔ اللہ تعالیٰ سب شاملین جلسہ و رضاکاروں کو جزائے خیر عطا فرمائے۔ آمین (رپورٹ:وسیم احمد ظفر۔نمائندہ الفضل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: ریو دی جنیرو،برازیل کے ایک کالج میں بین المذاہب کانفرنس کا انعقاد