سیدنا امیرالمومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے دستِ مبارک سے روزنامہ الفضل آن لائن کی ویب سائٹ کا اجرا
www.alfazlonline.org
(مسجد مبارک، اسلام آباد13؍ دسمبر2019ء، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل لندن) سیّدنا حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے بعد اپنے دستِ مبارک سے الفضل آن لائن (روزنامہ)کی ویب سائٹ کا اجرا فرمادیا۔ حضور انور نے خطبہ جمعہ کے دوران اس ویب سائٹ کے اجرا کا اعلان فرماتے ہوئے اس کا مختصر تعارف بھی بیان فرمایا۔
حضورِ انور نے فرمایا کہ الفضل کے 106سال پورے ہونے پر لندن سے الفضل آن لائن ایڈیشن کا آغاز ہو رہا ہے۔ یہ اخبار الفضل آج سے 106سال پہلے حضرت مصلح موعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے حضرت خلیفۃ المسیح الاول کی اجازت اوردعاؤں کے ساتھ 18 جون 1913ءکو شروع فرمایا تھا۔ قیام پاکستان کے بعد کچھ عرصہ لاہور سے شائع ہوتا رہا پھر حضرت مصلح موعود کی قیادت میں ربوہ سے نکلتا رہا۔ اس قدیم روزنامہ اخبار کا لندن سے الفضل آن لائن ایڈیشن کا آغاز مؤرخہ 13 دسمبر 2019ء سے ہو رہا ہے جو بذریعہ انٹرنیٹ دنیا بھر میں ہر جگہ بڑی آسانی کے ساتھ دستیاب ہو گا۔ اس کی ویب سائٹ ALFAZLONLINE.ORG تیار ہو چکی ہے اور پہلا شمارہ بھی اس میں دستیاب ہے۔ یہاں ہماری مرکزی ٹیم جو ہے آئی ٹی کی انہوں نے اس کے لیے بڑا کام کیا ہے ۔
حضورِ انور نے مزید فرمایا کہ اب کیونکہ یہ روزانہ شروع ہو گیا ہے اس سے اردو پڑھنے والے احباب کو استفادہ کرنا چاہیے اور اسی طرح مضمون نگار اور شعراء حضرات بھی اس کے لیے اپنی قلمی معاونت کریں تاکہ اچھے اور تحقیقی مضامین بھی اس میں شائع ہوں۔
حضورِ انورایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نمازِجمعہ ، نمازِ عصر اور نمازِ جنازہ غائب کی ادائیگی کے بعد دو بج کرآٹھ منٹ پر مسجد کے دروازے کے پاس رونق افروز ہوئے جہاں اندرونی جانب ویب سائٹ کے اجرا کے لیے سکرین نصب کی گئی تھی۔ حضور پُر نور نے اپنے دستِ مبارک سے سکرین کو مسّ فرماکر ویب سائٹ کا اجرافرمایا۔ حضورِ انور نے کچھ دیر اس ویب سائٹ کو ملاحظہ فرمایا اور پہلو میں موجود عبدالودود صاحب (انچارج مرکزی آئی ٹی ٹیم)سے اس کے بارے میں معلومات لیں۔ بعد ازاں حضورِ انور اپنی رہائش گاہ تشریف لے گئے۔
’الفضل‘ حضرت صاحب زادہ مرزا بشیرالدین محمود احمد (خلیفۃ المسیح الثانی) رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے دستِ مبارک سے لگایا گیا پودا ہے جس کا آغاز18؍ جون 1913ء کو حضرت خلیفۃ المسیح الاوّل رضی اللہ عنہ کی اجازت اور دعاؤں کے ساتھ بطورہفت روزہ ہوا۔ تب سے بفضل اللہ تعالیٰ یہ اخبار بڑی باقاعدگی کے ساتھ شائع ہو رہا ہے۔ تقسیمِ ہند کے بعد یہ اخبار پہلے لاہور اور پھر بعض مراحل طے کرنے کے بعد ربوہ سے شائع ہونے لگا۔ پاکستان میں احمدیوں کی مخالفت کی وجہ سے کچھ عرصہ اس کی اشاعت پر پابندی رہی۔ اس کے بعد ایک مرتبہ پھر اس کا اجرا ہوا لیکن گذشتہ چند سال سے پاکستان میں اس کی اشاعت پر پھر سے پابندی عائد کر دی گئی۔
حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ نے 1994ءمیں لندن سے اس کے انٹرنیشنل ایڈیشن کا اجرا بطور ہفت روزہ کے فرمایا جو آج اپنی سہ روزہ اشاعت کے ساتھ خدمت کی توفیق پا رہا ہے۔ الحمد للہ
آج کا دن حضرت مصلح موعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے ہاتھ سے جاری کردہ ’الفضل‘ کے لیے ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے کیونکہ قدرتِ ثانیہ کے پانچویں مظہر حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اس کے آن لائن (روزنامہ) ایڈیشن از لندن کا اجرا فرمایا۔
الفضل آن لائن کے ایڈیٹر ابو سعید نے ادارہ الفضل انٹرنیشنل سے اس موقع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے پیشگوئی مصلح موعود میں فرمایا تھا کہ ’اس کے ساتھ فضل ہے جو اس کے آنے کے ساتھ آئے گا‘ چنانچہ اخبار ’الفضل‘ بھی ان فضلوں میں سے ہی ایک فضل ہے۔ آج اللہ کے فضل سے اس کے آن لائن ایڈیشن کا اجرا ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے اس موقعے پرعطا فرمودہ خصوصی پیغام کو لے کر ہم سب کو آگے بڑھنا چاہیے اور اس ‘فضل’کو جتنا ممکن ہو سکے پھیلانا چاہیے۔
اس کی ویب سائیٹ کی تیاری پر گذشتہ کچھ عرصے سے مرکزی شعبہ آئی ٹی کے تعاون سے کام جاری تھا۔ مزید برآں اس کی android ٹیلی فون کی ایپلیکیشن بھی تیار ہو چکی ہے۔ احبابِ جماعت اپنے انڈرائڈ فون پر بھی اس سے استفادہ کر سکتے ہیں۔
ادارہ الفضل انٹرنیشنل حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز، الفضل آن لائن (روزنامہ)کی انتظامیہ اور احبابِ جماعت کی خدمت میں مبارک باد پیش کرتا ہے اور دعا گو ہے کہ اللہ تعالیٰ ادارہ الفضل کو کہ جس کی شاخیں آج دنیا کے ایک سے زائد ممالک میں قائم ہو چکی ہیں مجموعی طور پر بھی اورانفرادی طور پر بھی، ہر لحاظ سے خلیفۂ وقت کا سلطانِ نصیر بنائے، احبابِ جماعت دنیا بھر میں اس سے استفادہ کریں اوراس کو حضرت خلیفۃ المسیح ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے منشائے مبارک کے مطابق اپنے قیام کے اغراض و مقاصد کو پورا کرنے کی توفیق حاصل رہے۔ (آمین)
(رپورٹ: احسن مقصود، مربی سلسلہ الفضل انٹر نیشنل لندن)
٭…٭…٭
اسلام علیکم
الحمدللہ کہ اللہ تعالیٰ نے جماعت کو جہاں دیگر بے شمار ترقی کے ذرائع عطا فرمائے وہیں الفضل جیسی نعمت جماعت کی تعلیم و تربیت اور دنیا تک اسلام احمدیت کا پیغام پہنچا رہا ہے.
اللہ تعالیٰ اس نئے سنگ میل کو بابرکت کرے اور خلیفہ وقت کی قیادت م جماعت ترقی کری چلی جائے.
آمین
الحمد للّٰہ
This is the milestone in the history of The Alfazl on its way from Qadian to Rabwah through Lahore and now from London.
Today , the digitised Alfazl look like treasure of great value since we can get to know more than 100 years old stuff from The Alfazl.
Today, we can pray for our beloved Caliphs Hadhrat Caliph I Raziyyalha Taala Anho under whose blessed Khilafat, Hadhrat Musleh Maud Raziyyallah Taala Anho commenced the issuance of Alfazl .
Khilafat e Ahmadiyya Zindabad
May Allah enable us to get benefit from The Alfazl, ameen .
ماشاءاللہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت روز بروز ترقی کی طرف گامزن ہے اللہ تعالیٰ ہمیشہ اپنی حفاظت میں رکھے آمین
ماشاء اللہ الفضل لندن کے اجراء پر پیارے آقا کی خدمت اقدس میں بہت بہت مبارک باد ۔اللہ کرے یہ اخبار دن دوگنی رات چوگنی ترقی کرے ۔آمین
شکر الحمدللّٰہ !!! انتہائی شکر کا دن ھے ، پیارے آقا کی خدمت اقدس مین بہت بہت مبارکباد اللہ تعالی سے دعا ھے کہ اس رسالہ کی برکت سے احمدیت مزید پھیلے اور پھولے
ماشاء اللہ اللہ تعالیٰ یہ قدم الفضل کے لئے مبارک فرمائے آمین۔ ہمارے گھر میں عرصہ نامعلوم سے الفضل آتا رہا اور اب اپنی عمر 40 سال ہوچکی ہے اسے پڑھے بنا دن آغاز نہیں ہوتا تو مگر پھر پاکستان کے کالے مذیبی قوانین کی وجہ سے اس کے اجرا پر روک لگا دی گئی۔ لیکن سعید فطرت ہے کہ جتنا دباؤ گے اتنا اچھلے گا۔ اللہ تعالیٰ ہر لحاظ سےبابرکت فرمائے ، آمین
ایک لمبا عرصہ پاکستان میں مخالفت کے باعث روزنامہ الفضل اور دیگر جماعتی لٹریچر بند ہونے کی وجہ سے تعلیم و تربیت میں کمی محسوس ہو رہی تھی لیکن محض اللہ کے فضل و کرم سے اور سائے خلافت میں اللہ تعالیٰ نے ہمیں پھر سے علم کے نور سے مستفیذ ہونے کی توفیق عطا فرمائی ۔اللہ ہم سب کو روزنامہ الفضل سے حقیقی رنگ میں فائدہ اٹھانے کی توفیق عطا فرمائے آمین۔اور اللہ تعالیٰ تمام کارکنان کی کاوشوں کو قبول کرتے ہوئے اجر عظیم سے نواے آمین