ریممبرنس ڈے (Rememberance Day)میں جماعت احمدیہ گیانا کی اعزازی شمولیت
ریممبرنس ڈےRemembrance Day ساری دنیا کے کامن ویلتھ Commonwealthممالک میں منایا جاتا ہے۔ یہ تقریب پہلی جنگِ عظیم کے بعد شروع ہوئی جس میں فوت شدگان فوجیوں کو خراجِ تحسین ادا کیا جاتا ہے۔ وطن سے محبت کے اظہار میں جماعت احمدیہ کے افراد بھی مختلف ممالک میں اس تقریب میں شامل ہوتے ہیں۔
اس سال گیانا،جنوبی امریکہ میں 10؍نومبر2019ء کو یہ تقریب منعقد ہوئی۔ محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے گیانا جماعت کو تاریخ میں پہلی بار Remembrance Day کی آفیشل تقریب میں شمولیت کا موقع ملا ہے۔ اس تقریب میں گیانا ملک کے نیشنل صدر Hon. David Grangerصاحب، نائب صدر،قائم مقام پرائم منسٹراور منسٹر آف پبلک سکیورٹی Hon. Khemraj Ramjattanکے علاوہ، آرمی و پولیس کے انچارج، چار منسٹرز اور متعدد ڈپلومیٹس شامل ہوئے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے ان تمام اہم شخصیات کے سامنے گیانا جماعت کی طرف سے ریتھ(Wreath) رکھنے کا موقع ملا۔ ان پھولوں کی ریتھ پر جلی حروف میں جماعت احمدیہ کا نام اور ‘محبت سب سے نفرت کسی سے نہیں ’لکھا ہوا تھا۔ یہ ساری تقریب براہِ راست سارے ملک میں نشر ہوئی۔ بعد میں گورنمنٹ کی ویب سائٹ پر بھی تصاویر شائع ہوئیں۔
اس تقریب کی وجہ سے گیاناؔ جماعت کا تعارف لاکھوں لوگوں تک پہنچا۔ خاکسار کو منسٹرز،ایمبیسڈرز اور ہائی کمشنرز سے ملاقات کا موقع ملا اور انہیں جماعت کا تعارف کروایا۔ جس میں خصوصیت کے ساتھ، امریکہ،کینیڈا، یو کے، یورپ، انڈیا، مالٹا و دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے نمائندگان کو جماعت کا تعارف کروایا۔ اسی طرح منسٹر آف سوشل کوہیژن سےبھی ملاقات کی اور انہیں بھی جماعت کا خصوصی تعارف کروایا۔ الحمد للہ علیٰ ذالک۔
اس تقریب کے بعد غیر احمدی مسلمان اس سے بہت متاثر ہوئے۔ ایک تنظیم گیانا اسلامک ٹرسٹ کے سینئر ممبر نے بھی خوشی کا اظہار کیا۔ اسی طرح گورنمنٹ کی تنظیم مسلم کور گروپ کی انچارج نے کہا کہ یہ ایک بہت اعزاز کی بات ہے کہ آپ نے مسلمانوں کی طرف سے پھول چڑھائے ہیں۔
اس تقریب کے بعد دوپہر کے وقت گیاناؔ ویٹرنز لیجن (Guyana Veterans Legion)کی تقریب ہوئی۔ خاکسار جماعت احمدیہ کی طرف سے اس تقریب میں بھی شامل ہوا۔اس تقریب میں تمام تنظیموں کے معزز مہمانان کو مدعو کیا گیا تھا۔ جس میں برٹش ہائی کمشنر اور کینیڈین ہائی کمشنر بھی شامل تھے۔ تقریب کے بعد خاکسارنے برٹش ہائی کمشنر، پریزیڈنٹ آف گیاناؔ ویٹرنز لیجن اورگیاناؔ کے ویٹرنز سے ملاقاتیں کی اور جماعت کا تعارف کرایا۔
احبابِ جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ جماعتِ احمدیہ کے پیغام کو مثبت طور پر گیاناؔ میں پھیلانے کے سامان پیدا فرمائے ۔آمین
(رپورٹ: مقصود احمد منصور ۔ مبلغ انچارج گیانا۔ ساؤتھ امریکہ)
٭…٭…٭