جماعت احمدیہ بینن کے لیے اعزازی تقریب
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ دنیا بھر میں خدمت خلق کے کاموں میں مصروف ہے۔ بینن میں جماعت کی انہی غیر معمولی خدمات کے پیش نظر حکومتِ بینن کی طرف سے جماعت احمدیہ بینن کومورخہ 23نومبر2019ء کو آسکر ایوارڈ دیا گیا ہے۔
پس منظر: گزشتہ کئی سالوں سے جماعت کی جانب سے خدمتِ انسانیت کے جذبہ سے سرشار ہوکر پورے ملک میں منعقد کیے جانے والے رفاہی کاموں کو نہ صرف عوام بلکہ میڈیا اور حکومتی حلقوں میں بھی سراہا جاتا ہے ۔جماعت کے انہی رفاہی کاموں کی وجہ سے حکومت نے جماعت احمدیہ بیننکو اعزاز دینے کا فیصلہ کیا ۔
تقریب کی کارروائی:یہ اعزاز حکومت بیننکی جانب سے گزشتہ ایک دہائی سے ملک میں کام کرنے والی تنظیموں میں سے صرف ایسی تنظیموں کو دیا جاتا ہے جن کی طرف سے بینن کی عوام کی غیر معمولی خدمت کی گئی ہو۔ چنانچہ امسال مورخہ 23؍نومبر 2019ءکی شام Azalai Hotel Cotonou میں ایک پروقار تقریب میں جماعت احمدیہ بینن کی غیر معمولی ملکی خدمات کے پیشِ نظربینن کے وفاقی وزیر برائے سیاحت،کلچر اورآرٹ جناب جون مائیکل ابمبولا(Mr Jean Michael Abimbola)کی موجودگی میں صدر آسکر کمیٹی بینن جناب پروفیسر سونانو تولیبا(Sounanou Toleba)کے ہاتھوں یہ ایوارڈ امیر جماعت احمدیہ بینن مکرم رانا فاروق احمدصاحب نے وصول کیا۔
تقریب کے آخر میں مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر برائے سیاحت،کلچر اور آرٹ نے جماعت احمدیہ کی خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے جماعت کا شکریہ ادا کیا اور مکرم امیر صاحب کو مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر مکرم امیر صاحب نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے حضرت مسیح موعودؑ کی آمد کی غرض بیان کی اور اسلام احمدیت کی تعلیم بیان کرتے ہوئے بتایا کہ جہاں انسان کا اس کے خالق سے تعلق مضبوط کرنے کی تلقین کی گئی ہے وہیں انسانیت کے حقوق ادا کرنےکی طرف بھی توجہ دلائی گئی ہے۔ اسی لیے جماعت احمدیہ اپنا مذہبی فریضہ ادا کرتے ہوئے انسانیت کی خدمت کرتی ہے اور اس کے لیے کسی اجر یا شکریہ کی متمنی نہیں ہوتی ۔
اس پروگرام میں سیاستدانوں ،مختلف NGO’sکے نمائندوں اور مختلف طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔
اس تقریب کی کارروائی کی ملک کے طول و عرض میں بذریعہ ریڈیو، T.Vاور اخبارات تشہیر ہوئی۔فالحمدللہ علیٰ ذالک۔