جماعت احمدیہ فن لینڈ کی بعض حالیہ سرگرمیاں
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ فن لینڈ کے وفود کو فروری ۲۰۲۵ء میں تاتاری مسلمانوں کی صد سالہ تقریب میں شرکت نیز مختلف اہم شخصیات سے ملاقاتوں کی توفیق ملی۔ ان سرگرمیوں کی تفصیل درج ذیل ہے۔
تاتاری مسلمانوں کی صد سالہ تقریب میں شرکت
مکرم احمد فاروق قریشی صاحب سیکرٹری امور خارجیہ تحریر کرتے ہیں کہ ۱۲؍فروری ۲۰۲۵ء کو جماعت احمدیہ فن لینڈ کے ایک وفد کو جس میں مکرم شاہد محمود کاہلوں صاحب مبلغ سلسلہ فن لینڈ اور خاکسار شامل تھے، فن لینڈ کی تاتاری مسلمان کمیونٹی کے چیئرمین جناب Gölten Bedretdinکی جانب سے صد سالہ تقریب میں شرکت کی دعوت ملی۔ یہ تقریب فنش پارلیمنٹ کی نیشنل آرکائیوز عمارت میں منعقد ہوئی۔

اس موقع پر معزز مقررین نے تقاریر کیں جن میں حکومت کی جانب سے فنش پارلیمنٹ کے سپیکر Mr. Jussi Halla-Aho بھی شامل تھے۔ اس کے علاوہ مختلف اداروں اور مذہبی کمیونیٹیز کے نمائندگان شریک ہوئے جن سے جماعت احمدیہ کے وفد کو تعارف کرانے کا موقع بھی ملا۔
ڈائریکٹر فنش پارلیمنٹ لائبریری سے ملاقات
مورخہ ۱۸؍فروری ۲۰۲۵ء کو جماعت احمدیہ فن لینڈ کے ایک وفد جس میں مکرم عطاء الغالب صاحب نیشنل صدر جماعت فن لینڈ اور مکرم زیرک اعجاز صاحب مبلغ سلسلہ فن لینڈ، نیشنل سیکرٹری امور خارجیہ اور نیشنل سیکرٹری تبلیغ شامل تھے، نے فن لینڈ کی پارلیمنٹ کی لائبریری کے ڈائریکٹر Mr. Antti Virrankoski سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہیں قرآن کریم کے فنش ترجمہ کا نسخہ بطور تحفہ پیش کیا گیا اور جماعت کا تفصیلی تعارف کرایا گیا۔
مزید برآں انہیں حضرت سرچودھری محمد ظفراللہ خان صاحبؓ کے مختلف ادوار میں فن لینڈ کے دوروں سے آگاہ کیا گیا جب آپؓ اقوام متحدہ کے صدر اور عالمی عدالت انصاف کے جج کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ ڈائریکٹر موصوف نے وفد کو لائبریری کا دورہ کروایا اور مختلف شعبہ جات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اس ملاقات میں باہمی تعاون سے مشترکہ پروگرامز کے انعقاد پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
گرین پارٹی کی سیاستدان اور ممبر پارلیمنٹ سے ملاقات
اسی طرح مورخہ ۲۶؍فروری ۲۰۲۵ء کو جماعت احمدیہ فن لینڈ کے ایک وفد جس میں نیشنل صدر جماعت، مبلغ سلسلہ فن لینڈ اور نیشنل سیکرٹری امور خارجیہ شامل تھے، نے گرین پارٹی کی سیاستدان اور ۲۰۱۹ء سے رکن پارلیمنٹ جناب Inka Hopsu صاحبہ سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات پارلیمنٹ کی عمارت میں ہوئی جس دوران جماعت احمدیہ کی تعلیمات اور خدمات پر تفصیلی پریزنٹیشن دی گئی۔ موصوفہ نے معاشرے کی بہتری کے لیے جماعتی کاوشوں اور عالمی امن کے قیام میں جماعت احمدیہ کے کردار کو سراہا۔ اس موقع پر انہیں قرآن کریم کے فنش ترجمہ کا ایک نسخہ بطور تحفہ پیش کیا گیا۔
اللہ تعالیٰ ان ملاقاتوں اور کاوشوں کو بابرکت فرمائے اور نیک نتائج پیدا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ: طاہر احمد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ کوسوو میں جلسہ یوم مصلح موعود کا انعقاد