کبابیر میں یوم مصلح موعود کے حوالے سے سرگرمیاں اور وقف نو کے نویں (۹) سالانہ اجتماع کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ کبابیر کو مورخہ ۲۱؍فروری ۲۰۲۵ء بروز جمعۃ المبارک مسجد محمود میں جلسہ یوم مصلح موعود منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ اس موقع پر علمی و تربیتی سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا جن سے احباب جماعت نے بھرپور استفادہ کیا۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک
نماز مغرب و عشاء کے بعد مرکزی جلسہ یوم مصلح موعود مکرم محمد شریف عودہ صاحب امیر جماعت احمدیہ کبابیر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اس موقع پر جلسہ ہال میں ۱۵۰؍احباب جماعت موجود تھے جبکہ خواتین، ویسٹ بینک جماعت کے ممبران اور دیگر افراد کے لیے آن لائن شرکت کا بھی انتظام کیا گیا تھا جس کے تحت ویسٹ بینک اور غزہ سے ۶۰؍خاندانوں نے جلسہ میں شمولیت اختیار کی۔ الحمدللہ

جلسے کا آغاز تلاوت قرآن کریم و نظم سے ہوا۔ بعدازاں ان موضوعات پر تقاریر ہوئیں: ’’حضرت مصلح موعودؓ کی قرآن کریم سے گہری محبت‘‘ از مکرم راشد خطاب صاحب، ’’۱۹۴۸ء کے واقعات کے تناظر میں حضرت مصلح موعودؓ کی دُوراندیشی‘‘ از مکرم فلاح الدین عودہ صاحب اور ’’رمضان المبارک کی تیاری اور حضرت مصلح موعودؓ کی رمضان کی دعائیں‘‘ از خاکسار (مبلغ انچارج)۔
آخر میں مکرم امیر صاحب نے اختتامی تقریر کی اور دعا کے ساتھ یہ جلسہ اختتام پذیر ہوا۔
احمدیہ سکول میں خصوصی تقریب: لجنہ اماء اللہ اور مجلس خدام الاحمدیہ کے تعاون سے کبابیر کے احمدیہ سکول میں خصوصی تقریب منعقد کی گئی۔ جس میں طلبہ کو یوم مصلح موعود کی اہمیت سے روشناس کرایا گیا۔
لجنہ اماء اللہ کا خصوصی اجلاس:لجنہ اماء اللہ نے ۲۰؍فروری کو جماعت کی نئی خریدی گئی عمارت ’’مسرور سنٹر‘‘ کے آڈیٹوریم میں ایک خصوصی اجلاس منعقد کیا جس میں تقریباً ۱۰۰؍مستورات نے شرکت کی۔ اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور نظم سے ہوا۔ اس کے بعد مقررین نے حضرت مصلح موعودؓ کی سیرت کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ آخر میں مکرم امیر صاحب نے قیمتی نصائح پر مبنی تقریر کی۔
اطفال اور ناصرات کے لیے سرگرمیاں: اطفال اور ناصرات کے لیے بھی ۲۱؍فروری بروز جمعہ خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔
وقف نو کا نواں سالانہ اجتماع
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۲۲؍فروری ۲۰۲۵ء کو کبابیر میں واقفین نو کا نواں سالانہ اجتماع منعقد ہوا جس کی صدارت خاکسار (مبلغ انچارج) نے کی۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور قصیدہ سے ہوا جس کے بعد مکرم سامی عساف صاحب سیکرٹری وقف نو نے تقریر کی۔ اس کے بعد چھوٹی عمر کے واقفین اور واقفات نو نے تلاوت، احادیث، قصیدہ، اذان اور مختلف موضوعات پر مختصر تقاریر پیش کیں۔

اجتماع میں جملہ واقفین و واقفات نو اور والدین شامل ہوئے جبکہ ویسٹ بینک کی جماعت کے واقفین نو اور ان کے والدین نے آن لائن شرکت کی۔ اس موقع پر وقف نو کی سالانہ کارگزاری پر مبنی مختصر ویڈیو بھی پیش کی گئی۔ آخر میں بچوں میں انعامات تقسیم ہوئے اور ضیافت کا اہتمام کیا گیا۔ الحمدللہ
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ کبابیر میں جلسہ سیرۃ النبی صلی اللہ علیہ وسلم کا انعقاد