افریقہ (رپورٹس)

سینیگال کے ریجن ’تانباکنڈا‘ میں مسجد کا افتتاح

(حافظ مصور احمد مزمل۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل سینیگال)

محض اللہ تعالیٰ کے فضل کے ساتھ جماعت احمدیہ سینیگال کو ریجن‘تانباکنڈا’ کے ایک گاؤں ‘سارے جیالو’ میں ایک نئی مسجد تعمیر کرنے کی توفیق ملی۔ الحمد للہ علیٰ ذلک

اس مسجد کی سنگ بنیاد مورخہ 23؍مارچ 2019ء کو یوم مسیح موعود علیہ السلام کےمبارک موقع پررکھی گئی اور اللہ تعالیٰ کے فضل سے دسمبر 2019ء کے اواخر میں اس کی تکمیل ہوئی۔ الحمد للہ

اس مسجد کا کل احاطہ 700مربع میٹر جبکہ مسقف حصہ 96 مربع میٹر ہے۔ اس مسجد کا منارہ اسے دیگر مساجد سے ممتاز کرتا ہے۔ مسجد کی تعمیر میں گاؤں کے احباب نے وقار عمل کر کے بہت کام کیا۔ نیز کنویں سے پانی لانے کی ذمہ داری گاؤں کی احمدی خواتین نے بخوبی نبھائی۔ فجزاھم اللہ احسن الجزاء

مورخہ 10؍جنوری2020ء کو مکرم کمال زیان بروجا صاحب مرکزی نمائندہ برائے جلسہ سالانہ سینیگال نے فیتہ کاٹا اور دعا کروا کر مسجد کا رسمی افتتاح کیا۔ اس کے بعد مکرم ناصر احمد سدھو صاحب امیر جماعت سینیگال نے نماز جمعہ کی امامت کروائی ۔ بعد ازاں مسجد کے احاطہ میں 6 عدد آم کے پودے لگائے گئے۔ الجزائر سے 5اور جرمنی سے ایک نمائندہ بھی مسجد کے افتتاح کے لیے پہنچنے والے وفد کا حصہ تھے۔
افتتاح کے موقع پرسرکاری حکام کے علاوہ دیگر معززین جن میں پولیس کے کمشنر اور متعدد گاؤں کےچیف شامل ہیں موجود تھے۔ مہمانوں نے جماعت کی دینی اور معاشرتی خدمات کی تعریف کی۔ اس کے بعددور و نزدیک سے آئے 26 دیہات کے نمائندگان نیز 300سے زائد افراد کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس مسجد کو ہدایت کا سر چشمہ بنا دے اور اس کو اس جماعت اور ارد گرد کے لوگوں کی ہدایت کا موجب بنائے ۔ آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

ایک تبصرہ

  1. جماعت احمدیہ پر اللہ تعالیٰ کا کس قدر فضل و احسان ہے کہ اُس کے ماننے والوں کو دنیا کے گوشے گوشے میں اللہ تعالیٰ کی توحید خالص کے لئے مساجد کی تعمیر کی توفیق مل رہی ہے ۔ الحمدللہ علیٰ ذٰلک ۔

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button