عالمی بُک فیئر نئی دہلی میں جماعت احمدیہ کی شرکت
اللہ تعالیٰ کے فضل اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی دعاؤں کے طفیل جماعت احمدیہ نئی دہلی کو عالمی بُک فیئر میں شرکت کرتے ہوئے لاکھوں لوگوں تک اسلام کی خوبصورت اور امن بخش تعلیمات پہنچانے کا موقع ملا۔ مورخہ 4؍ تا 12؍ جنوری 2020ء کو نئی دہلی کے پرگتی میدان میں نیشنل بُک ٹرسٹ آف انڈیا کی جانب سے عالمی بُک فیئر کا اہتمام کیا گیا جس میں 23؍ ممالک کے سینکڑوں پبلشرز اور بُک Sellers نے شرکت کرتے ہوئے اپنے سٹالز لگائے۔ جماعت احمدیہ نئی دہلی کو بھی اس موقع پر اپنا دیدہ زیب اسٹال نصب کرنے کا موقع ملا۔ الحمد للہ علیٰ ذلک
جماعتی بُک سٹال میں قرآن مجید کے مختلف تراجم کے نسخے اور جماعتی لٹریچر Display میں رکھے گئے۔ قیام امن کے حوالہ سے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے مختلف ارشادات پر مشتمل خوبصورت بینرز اسٹال میں آویزاں کیے گئے نیز سٹال میں ایک ٹی وی نصب کیا گیا جس میں حضور انور کی قیام امن کے سلسلہ میں کاوشوں پر مشتمل ڈاکومنٹری دکھائی گئی جو کہ زائرین کی توجہ کا مرکز بنی رہی۔
جماعتی بُک سٹال کا پچاس ہزار سے زائد لوگوں نے وزٹ کیا اور دو ہزار سے زائد افراد اسلام اور احمدیت کے متعلق مختلف سوالات پیش کرکے ان کے جوابات حاصل کرتے رہے جن میں سے بڑی تعداد تعلیم یافتہ طبقہ اور کالج و یونیورسٹیز کے طلباء کی تھی۔ مختلف سیاسی شخصیات، سرکاری افسران، مذہبی رہنما، پروفیسر صاحبان نے بھی جماعتی سٹال کا وزٹ کیا اور جماعتی تعلیمات سے متاثر ہوکر جماعتی خدمات کو سراہا اور اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
جماعتی سٹال میں آنے والے زائرین جو اسلامی تعلیمات سے خصوصی دلچسپی رکھتے تھے ان کو ان کے مزاج کے مطابق فری جماعتی لٹریچر بھی تحفۃً دیا گیا جن میں قرآن مجید، لائف آف محمدﷺ، عالمی بحران اور امن کی راہ، اسلامی اقتصادی نظام وغیرہ کتب شامل تھیں۔
اس بُک فیئر کے موقع پر اسلام کی امن بخش تعلیمات اور قیام امن عالم کے حوالہ سے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے مختلف روح پرور خطابات اور ارشادات پر مشتمل سات ہزار سے زائد لیف لیٹس تقسیم کیے گئے۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ جماعت احمدیہ نئی دہلی کی ان کاوشوں میں بےانتہا برکت عطا فرمائے اور اس سٹال کے نیک و دور رس نتائج ظاہر فرمائے۔ آمین
(رپورٹ: شعبہ پریس اینڈ میڈیا بھارت)
٭…٭…٭