گھانا میں مرکزی وفد کے اعزاز میں عشائیہ
مرکزی وفود کا دورہ کسی بھی جماعت میں زندگی کی ایک نئی لہر پیدا کر دیتا ہے۔ جماعت میں ترو تازگی آتی ہے اور اسے نئی توانائی ملتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جہاں جہاں یہ وفود جاتے ہیں وہاں کی جماعتیں اُن سے بہت عزت و احترام سے پیش آتی ہیں اور اُن کی نصائح اور ہدایات کو بغور سن کر عملی جامہ پہنانے کی بھر پور کوشش کرتے ہیں۔
جماعتِ احمدیہ گھانا کو بھی مرکز سے آنے والے وفد کا خیر مقدم کرنے کی توفیق ملی۔ 17؍فروری 2020ء کو احمدیہ مسلم مشن ہاؤس کے ہیڈ کوارٹرز واقع اکرا (Accra)میں ان مرکزی مہمانوں کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔درج ذیل مہمان مرکزی وفد میں شامل تھے:
1: مکرم عبدالماجد طاہر صاحب۔ ایڈیشنل وکیل التبشیر یوکے۔2: مکرم حافظ احسان سکندر صاحب۔ مشنری انچارج بیلجیم۔3: مکرم عبدالخالق تعلقدار صاحب۔ معاون پرائیویٹ سیکرٹری برائے انصار اللہ
پروگرام کے آغاز میں مکرم رضوان اللہ صاحب مربی سلسلہ نے تلاوت کی۔مکرم ابراہیم علی صاحب مربی سلسلہ نے اردو زبان میں نظم ‘رہے گا خلافت کا فیضان جاری’ کے چند اشعار خوش الحانی سے پڑھے۔ مکرم الحاج احمد سلیمان اینڈر سن صاحب نائب امیر ثالث نے جماعتِ احمدیہ گھانا کی طرف سے ان معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔آپ نے بتایا کہ ان مہمانوں کی آمد پر بے حد خوش ہیں اور یہی خواہش کرتے ہیں کہ ایسے دورے بار بار ہوں۔ اس کے بعد معزز مہمانوں نے باری باری تقریر کی۔
مکرم عبدالخالق تعلقدار صاحب نے بتایا کہ وہ مجلس انصار اللہ کے نمائندگان کا ریفریشر کورس کروارہے ہیں۔ اس سلسلہ وہ گیمبیا اور سینیگال گئے تھے۔ گھانا میں ہونے والے ریفریشر کورس میں گھانا،نائیجیریا، سیرالیون، لائبیریا سے انصاراللہ کے وفودشامل ہوئے۔ انہوں نے جماعت ِاحمدیہ گھانا میں جماعتی ترقی پر خوشی کا اظہار کیا۔
مکرم حافظ احسان سکندر صاحب نےبتایا کہ انہیں لمبا عرصہ بینن میں کام کرنے کا موقع ملا ہے اور ان کی خواہش بھی تھی کہ گھانا آئیں۔الحمد للہ کہ اس دفعہ انہیں گھانا آنے کا موقع ملا اور وہ یہاں جماعتی ترقیات کو دیکھ کر بہت خوش ہوئے ہیں۔
آخر پر مکرم عبدالماجدطاہر صاحب ایڈیشنل وکیل التبشیر یوکے نے اپنی تقریر میں ذکر کیا کہ جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا دیکھ کر بے حد خوشی ہوئی۔آپ نے جامعۃ المبشرین ،مدرسۃ الحفظ اور مقبرہ موصیان بھی دیکھا۔ آپ نے جماعتِ احمدیہ گھانا اور بالخصوص امیر و مشنری انچارج صاحب گھانا کا بے حد شکریہ ادا کیا۔
بعد ازاںمکرم نور محمد بن صالح صاحب امیر و مشنری انچارج گھانا نے معزز مہمانوں کو گھانا کے روایتی کپڑے Kente Cloth سے بنا ہوا اسکارف پہنایا جس پر Greetings from Ghanaکے الفاظ لکھے ہوئے تھے۔طعام کے بعد معزز مہمانوں کے ساتھ گروپ تصاویر ہوئیں۔اس تقریب میں نیشنل عاملہ کے مبران،مرکزی مربیان،معلمین وغیرہ نے شرکت کی۔