جماعت احمدیہ ہنڈوراس (جنوبی امریکہ)کے پہلے جلسہ سالانہ کا بابرکت انعقاد
امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خصوصی پیغام
مقامی افراد کے علاوہ بیرون ممالک سے افراد جماعت کی شمولیت۔علمی و تربیتی موضوعات پر ایمان افروز تقاریر
خدا تعالیٰ کے فضل سے جنوبی امریکہ کے ملک ہنڈوراس کی جماعت احمدیہ کا اولین جلسہ مورخہ 6؍ اور7؍مارچ 2020ء کو منعقد ہوا۔ اس جلسہ سالانہ میں کینیڈا ، گوئٹے مالا اور بیلیز وغیرہ ممالک کےنمائندگان کے علاوہ ، آئی لینڈ آف ہنڈوراس جماعت کے مقامی افراد نے بھرپور شرکت کی۔
6؍مارچ کو نمازجمعہ ادا کی گئی جو مکرم ہادی علی چودھری صاحب نائب امیر و مشنری انچارج جماعت احمدیہ کینیڈا نے پڑھائی۔ خطبہ جمعہ انگریزی میں دیا گیا جبکہ اس کا رواں ترجمہ ہسپانوی زبان میں پیش کیا گیا۔
نماز جمعہ کی ادائیگی اور وقفہ کے بعد، جلسے کی کارروائی کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جو گھانا سے تعلق رکھنے والے دوست مکرم محمد صدیق صاحب نے کی۔ جس کے بعد ایک نظم پیش کی گئی۔ بعد ازاں مکرم ظاہر احمد صاحب مشنری ہنڈوراس نے اس پہلےتاریخی جلسہ میں شمولیت کی سعادت حاصل کرنے والےجملہ افراد اور والنٹیئرز کا باری باری تعارف کروایا ۔
بعد ازاں مکرم محمد صالح صاحب مشنری آف بیلیز (Belize) نے ‘خلافت اَور ذکرِ الٰہی ’کے موضوع پر تقریر کی۔ ان کے بعد ہنڈوراس کے ایک مقامی احمدی مکرمPercy Murilloنے ‘خلافت کی برکات’ کے موضوع پر تقریر کی اور جلسہ سالانہ برطانیہ میں اپنی شمولیت کے ایمان افروز واقعات سنائے۔ نیز حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ اپنی ملاقات کا روح پرور احوال سنایا۔
ان کے بعد مکرم ہادی علی صاحب چودھری صاحب اور مکرم ظفر اقبال صاحب مشنری انچارج ہنڈوراس نے حاضرین کے مختلف سوالوں کے جوابات دئیے۔ سوال و جواب کایہ سلسلہ نماز مغرب و عشاء تک جاری رہا۔ نمازوں کی ادائیگی کے بعد جملہ حاضرین جلسہ کی خدمت میں عشائیہ پیش کیا گیا۔ جس کے ساتھ آج کی کارروائی کا اختتام ہوا۔
کہاں ہندوستان میں قادیان نام کی ایک گمنام اور چھوٹی سی بستی اور کہاں جنوبی امریکہ کا یہ ہزاروں میل کے فاصلہ پر ملک ہنڈوراس … بلاشبہ امام زمانہ کی پیشگوئیاں جس شان و شوکت کے ساتھ پوری ہو رہی ہیں، احمدیت کا ان علاقوں تک پہنچنا ان کی صداقت پر ایک گواہ کا درجہ رکھتا ہے ۔
ہفتہ 07؍مارچ 2020ء کو جلسہ کی کارروائی ساؤتھ ہال میں منعقد ہوئی۔ نماز ظہر وعصر جمع کرکے پڑھنے کے بعد، جلسے کی کارروائی کا آغاز دوپہر ایک بجے ہوا۔ تلاوت و نظم کے بعد، گوئٹے مالا کے امیر جماعت احمدیہ مکرم عامر نفیس صاحب نے تقریر کی ۔جس کے بعد ‘ارکان اسلام ’کے موضوع پر، ہنڈوراس جماعت کے ایک مقامی احمدی Dr.Rolando Antunez Murillo صاحب نے تقریر کی۔ بعد ازاں جماعت احمدیہ عالمگیر کے تعارف کے متعلق ، اسپینش زبان میں ایک Documentary بھی دکھائی گئی۔
اس کے بعد مکرم مبشر احمد صاحب نائب امیر جماعت احمدیہ کینیڈا نے جماعت احمدیہ کے بنیادی ڈھانچہ کی بابت جملہ حاضرین جلسہ سے تقریر کی۔ جس کے بعد کچھ دیر کے لیے چائے کا وقفہ کیا گیا ۔
چائے کے وقفہ کے بعد اس جلسے کا اختتامی اجلاس شروع ہوا۔ سب سے پہلے صدر اجلاس مکرم ہادی علی چوہدری صاحب نے حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا اس ملک کے اس اولین جلسہ سالانہ کے لیے خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا۔ جس کا رواں اسپینش زبان میں ترجمہ، مکرم ظاہر احمد صاحب نے کیا۔
بعد ازاں ایک نَو احمدی مکرم Dr.Jose Edgardo صاحب نے ‘میں کیوں اسلام کی طرف راغب ہوا ؟’ اور ‘جب سے میں احمدیت میں داخل ہوا کیا پایا ؟ ’ کے موضوع پر اپنے تأثرات بیان کیے۔ جس کے بعد مختلف مہمانانِ گرامی نے جلسہ کے متعلق اپنے اپنے ذاتی تأثرات بیان کیے۔ ان معزز مہمانوں میں ملک کی نیشنل پارٹی کے نمائندہ برائے ضلع Olancho، وزارت انرجی کے ڈائریکٹر اور ایک لوکل احمدی خاتون جو کہ میڈیکل اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن کی نمائندگی بھی کر رہی تھیں شامل ہیں۔
اختتامی تقریر مکرم صدر صاحب اجلاس کی تھی۔ جلسہ کے اختتام پر حاضرین جلسہ کی خدمت میں عشائیہ پیش کیا گیا۔ نمازِ مغرب و عشاء کی ادائیگی کے بعد جماعت احمدیہ ہنڈوراس کا یہ پہلا جلسہ سالانہ بفضلہ تعالیٰ اختتام پذیر ہوا۔
جماعت احمدیہ ہنڈوراس کے اس اولین جلسہ کی خصوصیت یہ تھی کہ اس میں دیگر مقررین کے علاوہ پانچ مقامی ہنڈروین جماعتی ممبران نے بھی تقاریر ، تلاوت اور نظم پیش کی۔
مقامی دوست اس اوّلین جلسہ کے انعقاد پر انتہائی خوش نظر آتے تھے۔ مزید برآں اسی جلسہ کے موقع پر ایک خاتون نے جو کافی دُور سے جلسہ سالانہ میں شرکت کی غرض سے تشریف لائی تھیں اسلام احمدیت قبول کرنے کی توفیق پائی۔
اس جلسہ سالانہ کی کل حاضری 63؍افرادکی تھی۔ آٹھ افراد کینیڈا سے (جن میں 4؍واقفین عارضی تھے)،11؍احباب گوئٹے مالا سے جماعتی وفدکی حیثیت میں جبکہ 5 افراد بیلیز سے اس جلسے میں شامل ہوئے۔ مقامی حاضرین ِ جلسہ کی تعداد بھی کافی حوصلہ افزا تھی۔ الحمد للہ
اللہ تعالیٰ جماعت ہنڈوراس کو یہ جلسہ مبارک فرمائے۔
٭…٭…٭