پہلے جلسہ سالانہ ہنڈوراس کے موقع حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا خصوصی پیغام (اردو مفہوم)
عزیز ممبران احمدیہ مسلم جماعت ہنڈوراس
السلام علیکم و رحمۃ اللہ و بر کاتہ
مجھے خوشی ہے کہ آپ اپنا پہلا جلسہ سالانہ7مارچ 2020ء کو منعقد کر رہے ہیں۔ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کا جلسہ بہت کامیاب فرمائے اور تمام شاملین جلسہ بے انتہا روحانی فوائد اور ان گنت برکتیں اس منفرد مذہبی اجتماع سے حاصل کریں۔
اللہ تعالیٰ کا آپ پر بہت بڑا فضل ہے کہ آ پ کا تعلق احمدیہ جماعت سے ہے۔ پس یہ نہایت ضروری ہے کہ آپ احمدی مسلمان ہونے کے ناطے اپنے مقاصد کو نبھائیں اور بہترین رنگ میں اسلام کی تعلیمات پر عمل کرنے کی کوشش کریں۔
آپ کی بہت بڑی خوش نصیبی ہے کہ محض خدا تعالیٰ کے فضل سے آپ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے ماننے والوں میں سے ہیں جو اس زمانے کے امام اور مصلح ہیں اور جن کے ظہور کی پیشگوئی حضور ﷺ نے فرمائی تھی اور تمام مسلمانوں پر آپ علیہ السلام کی اطاعت و فرمانبرداری کو لازم قرار دیا تھا۔
حضرت مسیح موعود علیہ السلام فرماتے ہیں:وہ جو اس سلسلہ میں داخل ہو کر میرے ساتھ تعلق ارادت اور مریدی کا رکھتے ہیں اس سے غرض یہ ہے کہ تا وہ نیک چلنی اور نیک بختی اور تقوی ٰ کے اعلیٰ درجہ تک پہنچ جائیں اور کوئی فساد اور شرارت اور بد چلنی ان کے نزدیک نہ آسکے۔ وہ پنجوقت نماز با جماعت کے پابند ہوں۔ وہ جھوٹ نہ بولیں۔ وہ کسی کو زبان سے ایذانہ دیں۔ وہ کسی قسم کی بدکاری کے مرتکب نہ ہوں اور کسی شرارت اور ظلم اور فساد اور فتنہ کا خیال بھی دل میں نہ لاویں۔ غرض ہر ایک قسم کے معاصی اور جرائم اور ناکردنی اور نا گفتنی اور تمام نفسانی جذبات اور بیجا حرکات سے مجتنب رہیں اور خدا تعالیٰ کے پاک دل اور بے شر اور غریب مزاج بندے ہو جائیں اور کوئی زہریلا خمیر ان کے وجود میں نہ رہے۔
(مجموعہ اشتہارات جلد 3 صفحہ 46تا47)
پس حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی جماعت میں ہونے کے ناطے آپ ہمیشہ اپنے عہد بیعت کو یاد رکھیں جو آپ نے کیا ہے اور اس کو ہر دم پورا کرنے کی کوشش کریں۔ احمدی مسلمان ہونے کے ناطے آپ سے یہ توقع کی جاتی ہے کہ آپ ہمیشہ اپنے ہر کام اور عمل میں بہترین نمونہ پیش کریں گے اور ہر کسی کے ساتھ پیار و محبت سے پیش آئیں گے۔ آپ کو چاہیئے کہ ہمیشہ اپنی اندرونی حالت کا جائزہ لیتے رہیں اور ہمیشہ اچھائی، ایمانداری اور سب سے بڑھ کر تقویٰ کی اعلیٰ مثال قائم کرنے والے ہوں کیونکہ اس جماعت کو خود خدا تعالیٰ نے قائم فرمایا ہے اور اس کا واحد مقصد احیائے اسلام اور حقوق العباد کی ادائیگی ہے۔
آپ کو ہنڈوراس میں اسلام کا حقیقی پیغام پہنچانے کی بھی کوشش کرنی چاہیے۔ نیز اپنے ملک کا مثالی شہری بننے کی کوشش کریں اور اپنے ملک سے محبت کا اظہار کریں کیونکہ یہ حضور ﷺ کی بنیادی تعلیمات میں سے ہے کہ حب الوطن من الایمان
میں آپ کو یہ بھی نصیحت کرتا ہوں کہ ہمیشہ خلافت احمدیہ کے بابرکت نظام کے ساتھ منسلک رہیں اور وفا کا تعلق رکھیں کیونکہ احیائے اسلام کا فعل اور دنیا میں امن صرف نظام خلافت کے ساتھ وابستہ رہ کر ہی قائم ہو سکتا ہے۔ اسی لیے ہمیشہ اس بابرکت مقام کا پاس رکھیں اور اس امر کو یقینی بنائیں کہ آپ اور آپ کی آئندہ نسل ہمیشہ خلافت کی ہدایت و سائے تلے رہے۔
اللہ تعالیٰ آپ کا جلسہ سالانہ بہت کامیاب فرمائے، آپ کو تقویٰ میں بہت بڑھا ئے، آپ روحانیت میں ترقی کریں ۔ اللہ تعالیٰ آپ کو اپنی زندگیوں میں نیکی و بہترین اخلاقی تبدیلی پیدا کرنے کی توفیق عطا فرمائے اورتمام انسانیت کی خدمت کی توفیق دے۔ اللہ آپ سب پر بہت فضل فرمائے۔ آمین
والسلام
خاکسار
(دستخط) مرزا مسرور احمد
خلیفة المسیح الخامس