قادیان دارالامان سےسہ روز عربی پروگرام ’’اسمعوا صوت السماء جاء المسیح‘‘ کی براہ راست نشریات
اللہ تعالیٰ کا بے انتہاء فضل و احسان ہے کہ قادیان دارالامان سے مورخہ 22تا24؍مارچ 2020ء کو خصوصی عربی پروگرام ‘‘اسمعوا صوت السماء جاء المسیح’’ براہ راست نشر کیا گیا۔ سیدنا حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی دعاؤں کے طفیل یہ پروگرام غیر معمولی طور پرعرب دنیا میں موثر اور کامیاب رہا۔ الحمد للہ علیٰ ذلک
اس پروگرام کی خصوصیات میں سے ایک یہ بھی ہے کہ قادیان سے نشر ہونے والے اس پروگرام میں قادیان اسٹوڈیوز کے علاوہ لندن اور کبابیر اسٹوڈیوز سے بھی مہمانان نے شرکت فرمائی۔
اس سہ روزہ پروگرام میںقادیان اسٹوڈیوز سے محترم محمد شریف عودہ صاحب امیر جماعت احمدیہ کبابیر بطور میزبان اور محترم مولانا محمد حمید کوثر صاحب اور مکرم محمد شریف کوثر صاحب بطور مجیب شامل ہوئے جبکہ لندن اسٹوڈیوز سے محترم محمد طاہر ندیم صاحب اور کبابیر اسٹوڈیوز سے محترم ایمن المالکی صاحب نے اس پروگرام میں شرکت فرمائی اور تینوں اسٹوڈیو زسے لائیو مناظر ایم ٹی اے کے تینوں چینلز سے براہ راست نشر کیے گئے۔ الحمد للہ علیٰ ذلک
اس سہ روزہ خصوصی پروگرام میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابہ کرام ؓ کی سیرت کے حوالہ سے گفتگو کی گئی جس میںحضرت مسیح موعود ؑکی اپنے صحابہؓ سے محبت اور کس رنگ میں آپؑ نے ان کی تربیت فرمائی تھی اس بارے میں ایمان افروز واقعات مشاہدین کی خدمت میں پیش کیے گئے۔ نیز حضرت مسیح موعودؑ کے صحابہ کرامؓ کی بیعت کے واقعات، آپ علیہ السلام سے عقیدت، خدمت اسلام کے لیے ان کا جذبہ، اطاعت و فرمانبرداری اخلاص و وفا کا اعلیٰ نمونہ جیسے موضوعات پر بھی اس پروگرام میں تفصیلی گفتگو ہوئی۔
تینوں روز اس پروگرام کی نشریات کے دوران حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کے پاکیزہ عربی قصائد بھی نشر کیے گئے۔ اسی طرح مصر سے محترم فتحی عبد السلام صاحب بھی بذریعہ ٹیلی فون اس پروگرام میں شریک گفتگو ہوئے اور اپنے نیک جذبات کا اظہار فرمایا۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس سہ روزہ عربی پروگرام کی لائیو نشریات خدا تعالیٰ کے غیر معمولی فضلوں اور برکتوں کو جذب کرنے والی تھیں۔
(رپورٹ: شعبہ پریس اینڈ میڈیا بھارت)