Covid-19 بلیٹن (نمبر9، 6؍اپریل 2020ء)
دسمبر2019ء میں ظاہر ہونے والی یہ وباء اس وقت دنیا کے 200سے زائد مما لک اور علاقوں میں پھیل چکی ہے۔
Worldometers.infoکی طرف سے جاری کئےگئے اعداد و شمار کے مطابق تمام دنیا میں اب تک کے مصدقہ کیسز کی تعداد 1,329,877؍ ہےاور اس وباء کے نتیجہ میں وفات پانے والے73,842 افراد ہیں جبکہ 277,640؍افراد Covid-19 میں مبتلا ہو کر صحت یاب ہوچکے ہیں۔
ذیل میں بعض ممالک کی ایک مختصر فہرست دی جا رہی ہے جو کہ اس وائرس سے زیادہ متاثر ہیں۔
(www.worldometers.info)
(ویب سائٹ پر نظر آنے والایہ چارٹ اوپر دئے گئے وقت اور دن کے مطابق آپ کو تازہ ترین اعدادوشمار بتا رہا ہے)
برطانیہ
Boris Johnson کو انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں منتقل کر دیا گیا
برطانوی وزیراعظم Boris Johnson کو دس دن پہلے Covid-19 کی تشخیص ہوئی تھی اور وہ اپنی رہائش گاہ تک محدود ہو گئے تھے۔ انھیں کل رات کو بعض ٹیسٹ کے لئے ہسپتال لے جایا گیا۔ جبکہ آج ان کی طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے انہیں انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ (ہفنگٹن پوسٹ)
کل بورس جانسن نے اپنی ٹویٹ میں ذکر کیا تھا کہ ان میں ابھی تک کورونا وائرس کی علامات موجود ہیں لیکن ان کا حوصلہ بلند ہے۔
سکاٹ لینڈ کی چیف میڈیکل آفیسر اپنے عہدے سے مستعفی
سکاٹ لینڈ کی چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر کیتھرین کالڈروُڈ ( Dr Catherine Calderwood) نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ موصوفہ نے ملک میں لاک ڈاؤن کے اعلان کے بعد دو مرتبہ اس اصول کی خلاف ورزی کی تھی۔ اخبار سکاٹش سَن نے جب ان کی تصاویر شائع کیں تو پولیس کی طرف سے انہیں وارننگ دی گئی۔ بعد ازاں اتوار کے روز انہوں نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کر لیا۔
ملکہ کا پیغام کس نے سنا؟
اعدادوشمار کے مطابق ملکۂ برطانیہ کا قوم سے خطاب قریبا24؍ ملین لوگوں نے سنا۔ یہ تعداد پچھلے خطاب سے دوگنا زیادہ ہے۔ ملکہ نے اپنے خطاب میں اس وبا سے نمٹنے کے لیے بے مثال کام کرنے پر برطانیہ کے طبی عملے کا شکریہ ادا کیا تھا اور لوگوں کو مضبوط اور متحد رہنے کا کہا تھا۔ مذکورہ تعداد میں آن لائن سننے والے شامل نہیں ہیں۔ (بی بی سی)
برطانیہ میں Covid-19 سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 5,373ہوگئی ہے۔ (بی بی سی)
آپ لندن میں رہتے ہیں؟
اگر آپ لندن میں رہتے ہیں تو میئر صادق خان کی ان باتوں کو ذہن نشین کر لیں۔
امریکہ
امریکہ میں Covid-19 سے ہونے والی اموات10,000 سے تجاوز کرگئی ہیں۔ امریکہ میں اس وقت Covid-19 کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 356,000سے زائد ہے اور 10,490؍اموات ہوئی ہیں۔ (بی بی سی)
امریکی نیوی کمانڈر بھی Covid-19 کے مرض میں مبتلا
امریکی بحری جہاز USS Theodore Roosevelt کے کمانڈرCapt. Brett Crozier نے انتظامیہ کو خبردار کیا تھا کہ جہاز کے عملہ میں Covid-19 کے کئی مریض موجود ہیں اور انھیں مدد کی ضرورت ہے۔ ان کو نا اہل قرار دے کر ان کی ذمہ داریوں سے ہٹا دیا گیا تھا۔ Capt. Crozier میں بھی Covid-19 کی علامات پائی گئی تھیں اور ان کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ (سی این این)
نیویارک
نیویارک میں اتوار کے روز Covid-19 سے 594؍افراد کی ہلاکت ہوئی جو کہ ہفتہ کے روز سے کم ہے۔ تاہم واشنگٹن ڈی سی، ڈیٹرائٹ اورNew Orleans میں کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ (بی بی سی)
ایک چیتے کو بھی Covid-19
امریکہ کے ایک چڑیا گھر میں ایک چیتے کو جب خشک کھانسی کی شکایت ہوئی تو ٹیسٹ کرنے پر اس کا Covid-19 کا ٹیسٹ مثبت آیا۔ اس چیتے کا نام Nadia ہے، اورامریکہ میں جانوروں میں کورونا وائرس کا یہ پہلا معلوم کیس ہے۔ (سی این این)
یورپ
اٹلی
اتوار کے روز اٹلی میں ہونےوالی اموات دو ہفتے میں کسی بھی روز ہونے والی اموات سے کم تھیں۔ جبکہ گذشتہ 24؍ گھنٹوں میں 636؍ اموات ہوئی ہیں۔ انتظامیہ اس بارے میں پر امید ہے کہ نئے ہونے والے کیسز میں کمی کا رجحان ہے۔ ابھی تک اٹلی میں Covid-19سے 16,523؍ اموات ہوئی ہیں۔ (بی بی سی)
فرانس
فرانس میں گزشتہ24گھنٹوں کے دوران 833؍اموات ہوئی ہیں جو فرانس میں Covid-19میں ایک دن میں ہونے والی سب سے زیادہ اموات ہیں۔ (بی بی سی)
سپین
حکومت ملک بھر میں دس لاکھ ٹیسٹ کرنے والی کٹس تقسیم کرے گی۔ اور ایسے لوگوں کو جن میں علامات پائی جائیں گی، عوامی سپورٹس ہالوں میں الگ رکھا جائے گا۔ (بی بی سی)
آسٹریا
آسٹریا کی حکومت سوموار کے روز سے اس بات کو لازم کر رہی ہے کہ لوگ جب سپر مارکیٹس میں آئیں تو وہ حفاظتی ماسک پہنیں۔ آسٹریا کے چانسلر کا کہنا ہے کہ اس ہدایت کو جلد ہی عوامی جگہوں کے لئے بھی لاگو کردیا جائے گا۔ (بی بی سی)
آسٹریا کا پلان ہے کہ وہ لاک ڈاؤن میں نرمی کرتے ہوئےاگلے ہفتے سے چھوٹی دکانیں کھول لیں۔ ان کا ارادہ ہے کہ یکم مئی تک وہ تما م بڑی دوکانیں اور مال کھول لیں۔ (الجزیرہ)
ایران
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایران نے نہ کبھی امریکہ سے مدد مانگی ہے اور نہ کبھی مانگے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ ایران پر یک طرفہ لگائی گئی تمام غیر قانونی پابندیاں ختم کرے۔ (الجزیرہ)
بھارت
بھارت میں Covid-19 کی وجہ سے ہونے والی اموات کی تعداد100؍سے تجاوز کر گئی ہے۔ اور مصدقہ مریضوں کی کل تعداد 4,067 ہے۔ (ڈان)
بھارت کے ریلوے ڈیپارٹمنٹ نے 14؍ اپریل تک تما م مسافر ٹرینیں منسوخ کردی ہیں۔167 سال میں یہ پہلی بار ہے کہ ایشیا کا سب سے پرانا ریلوےنیٹ ورک رک گیا ہے۔قریبا 20,000 ٹرین کی بوگیوں کو Isolation Wards میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔ (سی این این)
پاکستان
چین سے آئے ہوئے ڈاکٹر جو اس وقت لاہور میں پاکستانی ڈاکٹروں کی مدد کر رہے ہیں، انھوں نے حکومت پنجاب سے کہا ہے کہ موجودہ لاک ڈاؤن کو 28؍ دن تک بڑھا دیں تاکہ صوبہ کو بڑی تباہی سے بچایا جا سکے۔ اور پھر بعد میں صورتحال کو دیکھتے ہوئے یہ پابندیاں تدریجا ختم کر دی جائیں۔ ( ڈان)
پاکستان میں کتنے وینٹی لیٹرز ہیں؟
NDMA کے چیئر مین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کا کہنا ہے کہ پاکستان کے پاس اس وقت 3,800؍سے زائد وینٹی لیٹزر ہیں اور 2,000؍چین سے منگوائے جارہے ہیں۔ (ڈان)
پاکستان نے ایک مذہبی گروہ کے 20,000 ممبران کو الگ تھلگ کردیا ہے اور دیگر ایسے ہزاروں افراد کی تلاش جاری ہے جنھوں نے لاہور کے قریب ایک مذہبی اجتماع میں شرکت کی تھی۔ انتظامیہ نے اجتماع کی انتظامیہ سے بارہا درخواست کی تھی کہ وہ اس اجتماع کو ملتوی کردیں۔ (الجزیرہ)
ٹوکیو میں ایمرجنسی کا نفاذ
Covid-19کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر جاپان کی حکومت ارادہ کر رہی ہے کہ وہ منگل کے روز سے ٹوکیو اورچھ اورعلاقوں میں ایمرجنسی نافذ کردیں۔ جاپان میں Covid-19 کے 3,500 سے زائد مصدقہ مریض ہیں اور 85؍ اموات ہوچکی ہیں۔ ٹوکیو میں مریضوں کی تعداد ایک ہزار سے زائد ہے۔ (الجزیرہ)
افریقہ کے لئے امداد
چینی ارب پتی Jack Ma نے 54؍افریقی ملکوں کے لئے امداد بھجوائی ہے۔ اس امدادی پیکج میں 500؍وینٹی لیٹر، دو لاکھ حفاظتی لباس ، پانچ لاکھ ماسک اور دیگر اشیاء شامل ہیں۔ (بی بی سی)
دلہا ،دلہن گرفتار
جنوبی افریقہ میں انتظامیہ نے ایک دلہا ،دلہن، پادری اور 40 مہمانوں کو اس الزام میں گرفتار کر لیا ہے کہ انھوں نے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کی ہے۔ جنوبی افریقہ میں Covid-19 کے 1,655 مصدقہ مریض ہیں اور گیارہ اموات ہوئی ہیں۔ (بی بی سی)
آئیوری کوسٹ
آئیوری کوسٹ کے شہر Abidjan میں بننے والے ایک کورونا وائرس ٹیسٹنگ سنٹر کو وہاں کے مقامی لوگوں نے یہ کہہ کر توڑ دیا کہ اس سے علاقے میں وائرس پھیلے گا۔ آئیوری کوسٹ میں اس وقت 260؍سے زائد مریض ہیں اور 3؍اموات ہوئی ہیں۔ (بی بی سی)
سیرالیون
سیرالیون میں اب تک کے کل کیسز کی تعداد 6ہوگئی ہے۔
آسٹریلیا
Ruby Princess نامی کروز شپ جنوبی آسٹریلیا کی ایک بندرگاہ پر لنگر انداز ہوگئی ہے تا عملہ کے ان ممبران کو ضروری طبی امداد فراہم کی جا سکے جو بیمار ہیں۔ (الجزیرہ)
لاطینی امریکہ
بارباڈوس اور ہیٹی میں Covid-19 سے پہلی ہلاکت ہوئی ہے۔ (بی بی سی)
گوئٹے مالا نے امریکہ سے درخواست کی ہے کہ وہ ان لوگوں کی تعداد میں کمی کرے جنھیں وہ روزانہ کی تعداد میں غیر قانونی طور پر امریکہ میں داخل ہونے کی وجہ سے واپس بھیج رہا ہے۔ گوئٹے مالا میں اس طرح واپس بھیجے جانے والے دو افراد میں Covid-19 کی تشخیص ہوئی ہے۔ (بی بی سی)
EmitratesاورEtihad نے پروازیں شروع کردیں
متحدہ عرب امارات کی فضائی کمپنیوں نے غیر ملکیوں کو ان کے ملکوں تک جانے کے لئے چنیدہ فلائٹس شروع کی ہیں۔ ان فلائٹس سے کوئی مسافر واپس نہیں لایا جائے گا۔ ان دونوں کمپنیوں نے دو ہفتے قبل تمام فلائٹس بند کردی تھیں۔ متحدہ عرب امارات میں Covid-19 کے 1,799؍مصدقہ کیس ہیں اور دس ہلاکتیں ہوئی ہیں۔(ڈان)
کرکٹ
پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ ان کی کوشش ہے کہ حالات بہتر ہوتے ہی، پاکستان پریمیئر لیگ کے ناک آؤٹ میچز کروا کے ٹورنامنٹ کو مکمل کر لیا جائے۔ اس ضمن میں سال کے آخر میں دو تاریخوں پر غور ہو رہا ہے۔ (VOAاردو)
فٹ بال
جرمن فٹ بال کلب Bayern Munich کا کہنا ہے کہ وہ سوموار کے روز سے اپنی ٹریننگ دوبارہ شروع کر رہے ہیں۔ جرمنی کی فٹ بال لیگ 30؍ اپریل تک ملتوی ہے اور کلبوں کی ٹریننگ5؍اپریل تک بند تھی۔ (بی بی سی)
گالف
Covid-19 کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر برٹش اوپن گالف ٹورنامنٹ کی انتظامیہ نے اعلان کیا کہ ٹورنامنٹ منسوخ کردیا گیا ہے۔ دوسری جنگ عظیم کے بعد یہ پہلی مرتبہ ہے کہ یہ ٹورنامنٹ منسوخ کرنا پڑا۔ (France24)
ڈنڈ بیٹھکیں
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی کے چیلنج کو ان کے بیٹے اذان اظہر نے بھی پورا کیا ہے اور وڈیو اپ لوڈ کی ہے۔ انھوں نے جن کھلاڑیوں کو آگے چیلنج کیا ہے ان میں فواد عالم بھی شامل ہیں۔ (ARY sports)
پابندیاں ختم سیریں شروع؟
چین میں اس ویک اینڈ پر، انتظامیہ کی وارننگ کے باوجود ہزاروں لوگ مشہور تفریحی مقامات کی سیر کو نکل پڑے۔ انتظامیہ نے لوگوں کو تنبیہہ بھی کی ہے کہ کورونا وائرس کی وبا ابھی تک ختم نہیں ہوئی۔ بعض تصویریں جو انٹرنیٹ پر اپ لوڈ ہوئی ہیں، میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بہت بڑی تعداد میں لوگ Huangshan Mountain Park میں آئے ہوئے ہیں۔ اور رش اتنا تھا کہ7:48پر انتظامیہ کو یہ نوٹس لگانا پڑا کہ پارک اپنی حد گنجائش یعنی 20,000؍افراد کو پہنچ چکا ہے اور مزید لوگوں کو داخلہ کی اجازت نہیں ملے گی۔ ایسی ہی صورتحال چین کی اور تفریح گاہوں میں بھی دیکھنے کو نظر آئی۔ (سی این این)
فیس ماسک کیسے بنائیں؟
کیا آپ کو فیس ماسک نہیں مل رہے؟ کیا ان کی قیمت بہت زیادہ ہے؟ آپ اپنا ماسک خود تیار کریں۔۔۔۔
گنی بساؤ میں کورونا وائرس اور جماعت احمدیہ کی خدمات
دنیا بھر کے دوسرے ممالک کی طرح گنی بساؤ بھی کورونا وائرس کا شکار ہو چکا ہے ۔
اور اب تک 21 کیسز کنفرم ہو چکے ہیں ۔ پورے ملک میں ایمرجنسی کو نافذ ہوئے چار ہفتے ہو چکے ہیں ۔ اس مشکل گھڑی میں حکومت نے تمام لوگوں سے اپیل کی ہے کہ تمام لوگ اس مشکل وقت میں حکومت کا ساتھ دیں ۔اس کے تحت احمدیہ مسلم جماعت گنی بساؤ نے اپنی خدمات پیش کیں۔ جن میں ہینڈ سینیٹائزرز ، ہینڈ واش، صابن، پانی اورمختلف دیگر صفائی کے سامان وزارت صحت کے حوالے کیے گئے اور ہاتھ صاف کرنے کے لئے بالٹیاں شہر کی مختلف جگہوں پر رکھی گئیں۔
ملک کے وزیر صحت نے جماعت احمدیہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ بعض اَور لوگوں نے بھی خدمت کی ہے مگر احمدیہ جماعت نے اب تک سب سے سبقت حاصل کی ہے۔ جماعت کی خدمات پر اقوام متحدہ کے دفتر کی طرف سے بھی جماعت کو فون آیا اور جماعت کی خدمات کو سراہا گیا۔
گنی بساؤ ایک غریب ملک ہے اور چار ہفتے کی مسلسل ایمرجنسی ہونے کی وجہ سے اکثر لوگوں کے گھروں میں کھانے کی اشیاء میں بھی کمی آگئی ہے۔ احمدیہ مسلم جماعت گنی بساؤ نے اب تک دو سو سے زائد افراد میں کھانے اور پینے کی اشیاء تقسیم کیں۔ جن میں چاول، چینی اور کھانے کا تیل شامل تھا ۔
جماعت کی ان تمام تقریبات کو نیشنل ٹی وی، نیشنل ریڈیو اور مختلف ایف ایم ریڈیوز نے اپنے چینل پر نشر کیا۔ جس کی وجہ سے ملک کے دور دراز علاقوں تک جماعت کی خدمات کو دیکھا اور سنا گیا ۔خدمت کا یہ سلسلہ ابھی بھی جاری ہے ۔
اللہ تعالیٰ ہم سب کو اپنی حفظ و امان میں رکھے اور انسانیت کی خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین (رپورٹ: احسن میمن۔ مربی سلسلہ گنی بساؤ)
(رپورٹ: عبدالہادی قریشی)
ماشا اللہ بڑی اچھی کاوش ہے