حالاتِ حاضرہ

Covid-19 بلیٹن (نمبر 13، 10؍اپریل 2020ء)

دسمبر2019ء میں ظاہر ہونے والی یہ وباء اس وقت دنیا کے 200 سے زائد مما لک اور علاقوں میں پھیل چکی ہے۔

Worldometers.info کی طرف سے  جاری کئےگئے اعداد و شمار  کے مطابق تمام دنیا میں اب تک کے کنفرمڈ کیسز کی تعداد 1,680,527؍ہےاوراس وباء کے نتیجے میں وفات پانے والے101,762؍ افراد جبکہ 373,587؍افراد Covid-19 میں مبتلا ہو کر صحت یاب ہوچکے ہیں.

ذیل میں بعض ممالک کی ایک مختصر فہرست دی جا رہی ہے جو کہ اس وائرس سے زیادہ متاثر ہیں۔

(www.worldometers.info)

(ویب سائٹ پر نظر آنے والایہ چارٹ اوپر دئے گئے وقت اور دن  کے مطابق آپ کو تازہ ترین اعدادوشمار بتا رہا ہے)

افریقہ میں صحت کی سہولیات، ایک جائزہ

عالمی ادارۂ صحت کی رپورٹ کے مطابق افریقہ میں Covid-19 کا پہلا مریض 14؍فروری کو مصر میں ریکارڈ ہوا۔ اور اب تک یہ وبا افریقہ کے 52 ملکوں میں پھیل چکی ہے۔

عالمی ادارۂ صحت کے مطابق یورپ میں ہرایک ملین افراد پرانتہائی نگہداشت کے لئے 4,000 بسترموجود ہیں۔ اوراگراس کا افریقہ سے موازنہ کیا جائے تو یہ تعداد ہرایک ملین افراد پر5 بستروں کی بنتی ہے۔ افریقہ کے 43؍ ایسے ممالک ہیں جن میں کل ملا کر انتہائی نگہداشت  کے بستروں کی کل تعداد 5,000سے بھی کم ہے۔ اور افریقہ کے 41؍ ایسے ممالک ہیں  جن میں کارآمد وینٹی لیٹرز کی کل تعداد 2,000سے بھی کم ہے۔

اب تک افریقہ میں Covid-19 کے مریضوں کی تعداد 10,000سے تجاوز کرچکی ہے۔  (سی این این)

برطانیہ

وزیراعظم ہاؤس کے ترجمان کے مطابق Boris Johnson اب ہلکی پھلکی چہل قدمی کرسکتے ہیں ۔ انھوں نے اپنے ڈاکٹروں سے بھی بات کی ہے اور اپنی دیکھ بھال پر تمام طبی عملے کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انھیں  گزشتہ روز انتہائی نگہداشت کے وارڈ سے عام وارڈ میں منتقل کردیا گیا تھا۔ (بی بی سی)

ہیلتھ سیکرٹری Matt Hancock نے پریس بریفنگ میں بتایا ہے کہ برطانیہ کے ہسپتالوں میں Covid-19 سے مزید 980؍ افراد جاں بحق ہوئے ہیں اس طرح کل تعداد 8,958؍ ہوگئی ہے۔ (بی بی سی)

گوگل کی جانب سے اکٹھے کئے گئے ڈیٹا سے معلوم ہوا ہے کہ برطانیہ میں اگرچہ لوگوں کی نقل وحرکت محدود ہوئی ہے لیکن پارکوں میں جانے کے رجحان میں بہت اضافہ ہوا ہے۔ (بی بی سی اردو)

سپین

سپین میں Covid-19 سے مزید 605؍ افراد جاں بحق ہوئے ہیں اور کل تعداد 15,843 ہوگئی ہے۔ یہ 23 مارچ کے بعد کسی بھی دن ہونے والی سب سے کم اموات ہیں۔ (الجزیرہ)

اٹلی

اٹلی میں Covid-19 کی وجہ سے اب تک 100 ڈاکٹرز جاں بحق ہو چکے ہیں۔ ان میں وہ ریٹائرڈ ڈاکٹر بھی شامل ہیں جو حکومت کی درخواست پر دوبارہ کام پر آگئے تھے۔ 100ویں ڈاکٹر ایک 62؍ سالہ شامی نژاد ڈاکٹرثمرسنجاب تھیں۔ (الجزیرہ)

فرانس

فرانس میں 460,000 لوگوں نے ایک پٹیشن پر دستخط کئے ہیں جس میں صدر Emanuel Macron سے یہ کہا گیا ہے کہ وہ Covid-19 کےعلاج کے لئے Hydroxychloroquine کے استعمال کی اجازت دیں۔ (ڈان)

بیلجیئم

بیلجیئم میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 496؍ افراد جاں بحق ہوئے۔ یہ اس ملک میں ایک دن میں اس وبا سے ہونے والی سب سے زیادہ اموات ہیں۔ بیلجیئم میں Covid-19 سے اب تک 3,019؍ اموات ہوچکی ہیں۔ (بی بی سی اردو)

امریکہ

امریکہ کی نیویارک سٹیٹ کے Covid-19 کے مریضوں کی تعداد دنیا کے کسی بھی ملک کے مقابلہ میں سب سے زیادہ ہوگئی ہے۔نیویارک سٹیٹ میں یہ تعداد 160,000سے بڑھ چکی ہے۔ (سی این این)

امریکہ کے سنٹرل بنک کے اس اعلان کے بعد کہ وہ معیشت کو بہتر کرنے کے لئے مزید اقدامات کررہے ہیں امریکہ کی سٹاک مارکیٹ میں خاصی بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔ (بی بی سی)

امریکی افواج کے 2,000 سے زائد ارکان میں اب تک Covid-19 کی تشخیص ہوئی ہے۔

پاکستان

ایوان صدر میں نماز توبہ

پاکستان کے صدر جناب ڈاکٹرعارف علوی صاحب نے ایوان صدر میں وزارت مذہبی امور ڈاکٹرنورالحق قادری کی اقتدا میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد  خدا کے حضور توبہ کرتے ہوئے اور کورونا وائرس کی وبا سے نجات کے لئے نماز توبہ ادا کی۔نیشنل اسمبلی کے سپیکر اور چیئرمین سینٹ بھی نماز میں شامل ہوئے۔ نماز توبہ ادا کرنے کا فیصلہ صدراوراسلامی نظریاتی کونسل کی گزشتہ روز کی میٹنگ میں کیا گیا تھا۔ (ڈان)

خاتون ایس ایچ او زخمی

پاکستان میں حکومت نے مساجد میں نمازجمعہ اور باجماعت نماز کی ادائیگی پر پابندیاں عائد کی ہوئی ہیں۔ کراچی کے اورنگی ٹاؤن میں جب خاتون ایس ایچ اوشرافت خان نے لوگوں کو مسجد میں داخل ہونے سے روکا تو لوگوں نے مزاحمت کرتے ہوئے ان کو زخمی کردیا۔ (ڈان)

پاکستان نے افغانستان سے منسلک اپنی سرحد دو مقامات سے چار دن کے لئے کھولی تھی تا پاکستان میں پھنسے افغان باشندے واپس جا سکیں۔ اس سہولت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بیس ہزارسے زائد افغان باشندے واپس اپنے ملک چلے گئے ہیں۔  (VOAاردو)

بھارت

بھارت کے ممبئی شہر میں 70سے زائد نرسوں میں Covid-19 کی تشخیص ہوئی ہےاور250 نرسوں کو قرنطینہ کردیا گیا ہے۔ (سی این این)

ہاتھی سڑک پر

بھارت میں جہاں لاک ڈاؤن سے فضائی آلودگی میں کمی ہوئی ہے وہیں کہیں کہیں  جنگلی جانور بھی آبادیوں میں نظر آنے لگے ہیں۔ بھارت کے محکمۂ جنگلات کی طرف سے ایک وڈیو اپ لوڈ کی گئی ہے جس میں ایک ہاتھی گلی میں سے گزر رہا ہے۔ (VOAاردو)

ایران

ایران کی وزارت صحت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایران کے Covid-19 کے آدھے سے زیادہ مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔اب تک ریکارڈ کئے جانے والے 68,192 مریضوں میں سے 35,465 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔ ایران میں کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی کل تعداد 4,232 ہے۔ (سی این این)

یمن میں پہلا کیس

یمن کے جنوبی صوبہ حضرموت میں Covid-191 کا پہلا کیس سامنے آیا ہے۔یہ علاقہ حکومت کے کنٹرول میں ہے۔ مریض کی حالت بہتر ہے اوراس کا علاج چل رہا ہے۔ (الجزیرہ)

سعودی عرب

رپورٹس کے مطابق سعودی شاہی خاندان کے کم و بیش 150؍ افراد کورونا وائرس سے متأثر ہیں۔سعودی شہزادے فیصل بن بندر،جو کہ ریاض کے گورنر ہیں، وائرس سے متأثر ہیں اور انتہائی نگہداشت میں ہیں۔ شاہ سلمان اور ولی عہد  محمد بن سلمان  وائرس سے بچنے کے لئے تنہائی میں چلے گئے ہیں۔ سعودی عرب میں Covid-19 کے 2,932 مصدقہ کیس ہیں اور 41؍ افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔(الجزیرہ)

جنوبی کوریا

جنوبی کوریا کے حکام نے  ملک میں 91 مریضوں کے دوبارہ کورونا وائرس سے متأثر ہونے کی تصدیق کی ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مریض دوبارہ وائرس سے متأثر نہیں ہوئے بلکہ شاید وائرس دوبارہ متحرک ہو گیا ہے۔ اور یہ بات ابھی غیر واضح ہے کہ ایسا کیوں ہوا ہے ۔ اس بارہ میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔ (ڈان اردو)

جاپان

جاپان میں Covid-19 کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 6,000 سے تجاوز کرگئی ہے۔  جاپان میں گزشتہ ہفتے ایمرجنسی نافذ کردی گئی تھی۔ (ڈان)

چین

چین کی حکومت نے ایک لسٹ جاری کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ کون کون سے جانور بطور مویشی رکھے جا سکتے ہیں اور کن جانوروں کا گوشت کھایا جاسکتا ہے۔ ان جانوروں میں اب کتوں کو شامل نہیں کیا گیا۔ یاد رہے کہ چین میں کورونا وائرس کی وبا پھیلنے پر جنگلی جانوروں کو بطور خوراک استعمال کرنے پر عارضی طور پر پابندی لگا دی گئی تھی۔ (سی این این)

ہم دوائی فراہم کریں گے

فرانس کی فارماسیوٹیکل کمپنی Sanofi کا کہنا ہے کہ اگر تحقیقات سے یہ ثابت ہوجاتا ہے کہ hydroxychloroquin ،Covid-19 کے لئے ایک محفوظ دوا ہے تو ہم دنیا بھر کی حکومتوں کو اس کی 100 ملین خوراکیں فراہم کریں گے۔ (Yahoo News)

International Labour Organisation کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال نے دنیا کی اکثر کام کرنے کی جگہوں کو یا تو مکمل بند کردیا ہے یا وہ جزوی طور پر بند ہیں ،جس کی وجہ سےدنیا بھر میں  کام کرنے والے 81 فیصد لوگ متأثر ہوئے ہیں۔ (بی بی سی)

بچوں کے لئے کہانی

UNICEF نے بچوں کے لئے Covid-19 کو سمجھنے اور ا س سے بچنے کے لئے احتیاطی تدابیر سکھانے کے لیے ایک کتاب My Hero is You, How Kids can fight Covid-19،کے نام سے شائع کی ہے۔ یہ کتاب 6 سے11 سال کے بچوں کے لئے ہے۔ یہ کتاب 6 زبانوں میں میسر ہے اور مزید 30 زبانوں میں اس کے تراجم ہورہے ہیں۔ (سی این این)

کورونا وائرس  ہوا میں کتنی دیر رہتا ہے؟

فن لینڈ کے سائنسدانوں نے ایک تحقیق میں بتایا ہے کہ کورونا وائرس  کسی متأثرہ شخص کے کھانسنے، چھینکنے یا بولنے کے بعد ہوا میں پانی کے بہت باریک ذرات کےساتھ کئی منٹ تک موجود رہتا ہے۔ (sky news)

کورونا وائرس کی دوا کی قیمت کیا ہوگی؟

Covid-19 کے علاج کے لئے مختلف دوائیوں پر تحقیق اور تجربات ہورہے ہیں۔ مگراس کی قیمت کیا ہوگی؟ ایسی کسی بھی دوا کے مکمل کورس کی قیمت 1 سے29ڈالر تک ہو سکتی ہے۔ (Bloomberg)

فیس ماسک vending machine

تھائی لینڈ میں مختلف مقامات پر vending machines کے ذریعہ فیس ماسک فروخت کئے جارہے ہیں جو کہ قیدیوں نے تیار کئے ہیں۔ ایک ماسک کی قیمت 20 بھات ہے جو قریباً 100 پاکستانی روپے کے برابر ہے۔ (ڈان)

استعمال شدہ فیس ماسک کیسے تلف کئے جائیں؟

ہم میں سے اکثرآج کل فیس ماسک استعمال کر رہے ہیں۔

اب آپ کا ماسک استعمال کے قابل نہیں رہا؟ اسے پھینک دینا چاہئیے؟ ان ہدایات کو غور سے پڑھ کر ذہن نشین کر لیں۔

کورونا  وائرس  اور  بنگلہ دیش جماعت کی سرگرمیاں

بنگلہ دیش میں  کورونا وائرس کی وجہ سے درپیش مسائل سے نپٹنے کے لیےجماعت احمدیہ بنگلہ دیش احمدی احباب کی جہاں تک ممکن ہے ہمدردی کے جذبہ سے مدد کر رہی ہے ۔ اب تک کے کاموں کی کچھ جھلکیاں پیش ہیں۔

گزشتہ دو ہفتوں سے اکثر احباب جماعت جو بے روزگار ہو گئے ہیں انکی امداد کے سلسلہ میں فیملی لیول پر مقامی جماعت کے ذریعہ سے اور پھر ڈھاکہ مرکزی جماعت کے ذریعہ سے امدادی کارروائی کی جا رہی ہے۔ اب تک 30 مقامی جماعتوں کی 397 فیملیز کو بنیادی خوارک مہیا کی گئی ہیں اورچند گھروں میں نقد رقوم  کی تقسیم بھی کی گئی ہے اور یہ کارروائی جاری ہے۔  چند غیرازجماعت افراد کی بھی ان ایام میں مدد کی گئی ہے۔

ذیلی تنظیمیں مجلس خدام الاحمدیہ، انصار اللہ اور لجنہ اماء اللہ  بھی خدمت خلق کے کاموں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے ماسک، صابن اور ہینڈ سینیٹائزر احمدی اورغیر ازجماعت ہمسایوں میں  تقسیم کئے ہیں۔

 اسی طرح دو تین مقامی جماعتوں نے اپنے رہائشی علاقے کی آس پاس کی سڑکوں، مساجد، مدارس اور ساری بستی کو بلیچ ملے پانی سے دھویا۔  دیگر بڑی جماعتیں جیسا کہ ڈھاکہ، میرپور، برھمن باریا، چٹوگرام، احمد نگر، ناٹور، کھولنا اور سندربن وغیرہ  بھی خدمت خلق کا کام  کر رہی ہیں۔

مزید بر آں ہمارے پیارے امام حضرت  خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی طرف سے عطا کردہ ہومیوپیتھی نسخہ تقسیم کیا جارہا ہے۔

ہومیو پیتھی نسخہ کی تقسیم کا کام جاری ہے

Humanity First   کے تحت بھی ان ایام میں خاص کام ہورہا ہے۔

اب تک کی رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش میں کل 424 ؍افراد  کورونا وائرس  میں مبتلا  ہوئے ہیں جن میں سے 33 افراد  صحت یاب ہوگئے ہیں اور 27  افراد  وفات پاگئے ہیں۔ 

اللہ تعالیٰ بنی نوع انسان کو اس وبا سے جلد نجات دے۔ آمین۔ ( رپورٹ : نوید احمد لیمن ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل بنگلہ دیش)  

(رپورٹ: عبد الہادی قریشی۔ سیرالیون)

متعلقہ مضمون

ایک تبصرہ

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button