عالمی خبریں

کورونا وائرس سے پیدا شدہ دنیا کے ہنگامی حالات میں جماعت احمدیہ کی جانب سے خدمتِ خلق کے نظارے

سری لنکا جماعت کی خدمات

تمام دنیا میں کورونا وائرس کی وبا پھیل رہی ہے۔ سری لنکا میں بھی فی الحال 210 کیسز ہیں جن میں سے 56 لوگ صحت یاب اور 7 فوت ہو چکے ہیں۔ جس کی وجہ سے سری لنکا میں بھی باقی ملکوں کی طرح لاک ڈاوٴن ہے۔ حکومت نے آرمی کو پورا اختیار دیا ہے کہ وہ اس بات کی یقین دہانی کروائیں کہ کوئی گھر سے باہر نہ نکلے۔

سری لنکا جماعت کے تحت خدمتِ خلق کا پروگرام آج کل جاری ہے۔ لوگوں کی خاطر داری کے لیے پولیس سے خاص طور پر اجازت لی گئی ہے۔ چونکہ بڑی تعداد میں راشن خریدنے پر حکومت کی طرف سے پابندی لگادی گئی ہے اس لیے ان حالات کے پیشِ نظر خشک راشن کی بجائے لوگوں کی رقم سے بھی مدد کی جارہی ہے۔ اسی طرح سری لنکا میں مقیم پاکستانی اسائلم سیکرز کی بھی خصوصاً مدد کی جارہی ہے۔ عوام الناس میں راشن یا رقم تقسیم کرنے میں بعض اوقات دقت ضرور پیش آرہی ہے چونکہ حکومت نے باہر نکلنے سے عمومی طور پر منع کیا ہے۔تاہم جہاں تک ملکی قوانین کے اندر رہتے ہوئے ممکن ہے جماعت خدمت خلق کے کام سر انجام دے رہی ہے۔

سری لنکا کی عوام کی سہولت کے لیے حکومت نے بعض دکانوں اور سپر مارکیٹوں کو اجازت دی ہے کہ وہ ڈلیوری کا سسٹم شروع کریں تاکہ لوگ گھر بیٹھے اپنی ضروریات کے سامان پا سکیں۔ (رپورٹ: جاوید رحیم۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

مارشل آئی لینڈز

مارشل آئی لینڈز میں وزارت صحت کےزیر اہتمام مذہبی لیڈرز کے ساتھ ہونے والی میٹنگ

٭ جماعت احمدیہ مارشل آئی لینڈز کی طرف سے صابن کی ڈونیشن Environmental Protection Agency کو دی گئی ہے۔ یہ اسکولوں میں تقسیم ہوں گے تاکہ بچے اپنے ہاتھ صاف رکھ سکیں۔

٭کچھ مارشلیز احمدیوں نے Youtube پر وڈیوز بنانی شروع کی ہیں جن میں وہ لوگوں کو sanitization کے مختلف طریق سکھا رہے ہیں۔

٭ Ministry of Health نے تمام مذہبی لیڈرز کے ساتھ میٹنگ کی تاکہ ان کی مدد سے لوگوں کو احتیاط کے مختلف طریق سکھا سکیں۔

٭ اسی طرح جماعت Social Media کے ذریعہ لوگوں کو صفائی کی اہمیت کے بارہ میں آگاہ کر رہی ہے۔

٭ مزید بر آں جماعت احمدیہ مارشل آئی لینڈز نے Ministry of Health کو خط لکھا ہے کہ اگر گورنمنٹ کو کسی بھی قسم کی مدد درکار ہے تو جماعت احمدیہ حاضر ہے۔

(رپورٹ: ساجد اقبال۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

گیمبیا میں کورونا وائرس اور جماعت کی خدمات

دنیا کے دوسرے ممالک کی طرح گیمبیا میں بھی کورونا وائرس کا حملہ ہو چکا ہے اور نو کنفرمڈکیس سامنے آچکے ہیں اور بہت سارے افراد ابھی قرنطینہ میں ہیں ۔ سارے ملک میں ایمرجنسی کا نفاذ ہو چکا ہے۔ ان حالات میں جبکہ اس موذی بیماری سے بچنے کے بظاہر کوئی ذرائع نہیں حضور انور کا تجویز کردہ ہومیوپیتھی حفاظتی نسخہ ایک نعمت غیر مترقبہ کی حیثیت رکھتا ہے اللہ کے فضل سے سارے ملک میں اس دوائی کو وسیع پیمانے پر مفت تقسیم کیا جا رہا ہے ۔ اس دوائی کو لینے والوں میں عزت مآب صدر مملکت دی گیمبیا، وائس پریذیڈنٹ ، اور وزرا ءبھی شامل ہیں ۔

اسی طرح دیگر حفاظتی سامان جن میں ھینڈ واش، سینیٹائزرز، صابن، ڈیٹول ہاتھ دھونے کے لیے خودکار سسٹم بڑی بالٹی بمعہ ٹونٹی ایک تقریب میں مورخہ ستائیس مارچ کو ریڈکراس گیمبیا کے حوالے کیا گیا ۔ ریڈ کراس کے نمائندے نے جماعت کا شکریہ ادا کیا اور دیگر تنظیموں سے اپیل کی کہ جماعت احمدیہ کی پیروی کرتے ہوئے غریب عوام کی مدد کریں ۔ اس تقریب کو سرکاری ٹی وی و ریڈیو ایم ٹی اے گیمبیا ،دی لائٹ ایف ایم اور اخبارات کے نمائندوں نے کور کیا ۔

اسی طرح اللہ کے فضل سے ایم ٹی اے گیمبیا اور احمدیہ ریڈیو سٹیشن دی لائٹ ایف ایم عوام کی آگاہی کے لیے کورونا وائرس کے متعلق مختلف پروگرام انگریزی اور مقامی زبانوں میں پیش کر رہا ہے ۔ (رپورٹ: سید سعید الحسن شاہ۔ مبلغ انچارج دی گیمبیا)

فرنچ گیانا

٭ ہیومینٹی فرسٹ کے تحت بے گھر افراد جن میں خاص طور پر شامی اور فلسطینی مہاجرین شامل ہیں کے لیے ہفتہ میں ایک سے دو مرتبہ کھانا تقسیم کیا جا رہا تھا۔ لیکن جب سے حکومت نے Lockdown نافذ کیا ہے ان لوگوں کے لیے تقریباً ہر روز کھانا بنایا جارہا ہے ۔ کیونکہ پہلے اور بھی لوگ تھے جو اپنے طور پر کھانا بنا کر لے جاتے تھے مگر اب Lockdown کی وجہ سے نہیں جا سکتے۔

٭حکومت نے ہیومینٹی فرسٹ کے رضاکاران کو باہر نکلنے کی خاص اجازت دی ہے تا کہ ہم ان مہاجرین کی مدد کر سکیں۔ اس دوران ہم احتیاطی تدابیر کو ملحوظ رکھنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔

٭…خاکسار کو فرنچ گیانا کے Prefetنے خود مل کر ہیومینٹی فرسٹ کا شکریہ ادا کیا ہے اور کہا کہ اس مشکل وقت میںکھانا تقسیم کرکے ہیومینٹی فرسٹ حکومت کی بہت مدد کر رہی ہے۔ الحمد للہ

٭…اللہ تعالیٰ کے فضل سے اسی ماہ فرنچ گیانا کے نیشنل ٹی وی TV Guyane 1ère نے ہیومینٹی فرسٹ کی انسانیت کی خدمت پر ایک رپورٹ اپنے چینل پر نشر کی ہے۔

٭…اس کے علاوہ ایسے مہاجرین جن کو حکومت کی طرف سے گھر مل گئے ہیں لیکن ابھی مالی امداد نہیں ملنا شروع ہوئی، ایسے 45گھرانوں کو ان کے گھروں میں جاکر راشن پیک پیش کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ۔

(رپورٹ: محمد بشارت۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

گنی بساؤ میں کورونا وائرس اور جماعتِ احمدیہ کی خدمات

دنیا بھر کے دوسرے ممالک کی طرح گنی بساؤ بھی کورونا وائرس کا شکار ہو چکا ہے ۔اور اب تک 38 کیسزکنفرم ہو چکے ہیں ۔ پورے ملک میں ایمرجنسی کو نافذ ہوئے چار ہفتے ہو چکے ہیں ۔ اس مشکل گھڑی میں حکومت نے تمام لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مشکل وقت میں حکومت کا ساتھ دیں ۔اس کے تحت احمدیہ مسلم جماعت گنی بساؤ نے اپنی خدمات پیش کیں۔ جن میں ہینڈ سینیٹائزرز ، ہینڈ واش، صابن، پانی اورمختلف دیگر صفائی کے سامان وزارت صحت کے حوالے کیے گئے اور ہاتھ صاف کرنے کے لیے بالٹیاں شہر کی مختلف جگہوں پر رکھی گئیں۔

ملک کے وزیر صحت نے جماعت احمدیہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ بعض اَور لوگوں نے بھی خدمت کی ہے مگر احمدیہ جماعت نے اب تک سب سے سبقت حاصل کی ہے۔ جماعت کی خدمات پر اقوام متحدہ کے دفتر کی طرف سے بھی جماعت کو فون آیا اور جماعت کی خدمات کو سراہا گیا۔

گنی بساؤ ایک غریب ملک ہے اور چار ہفتے کی مسلسل ایمرجنسی ہونے کی وجہ سے اکثر لوگوں کے گھروں میں کھانے کی اشیاء میں بھی کمی آگئی ہے۔ احمدیہ مسلم جماعت گنی بساؤ نے اب تک دو سو سے زائد افراد میں کھانے اور پینے کی اشیاء تقسیم کیں۔ جن میں چاول، چینی اور کھانے کا تیل شامل تھا ۔

جماعت کی ان تمام تقریبات کو نیشنل ٹی وی، نیشنل ریڈیو اور مختلف ایف ایم ریڈیوز نے اپنے چینل پر نشر کیا۔ جس کی وجہ سے ملک کے دور دراز علاقوں تک جماعت کی خدمات کو دیکھا اور سنا گیا۔ خدمت کا یہ سلسلہ ابھی بھی جاری ہے ۔

اللہ تعالیٰ ہم سب کو اپنی حفظ و امان میں رکھے اور انسانیت کی خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: محمد احسن میمن۔ مربی سلسلہ گنی بساؤ)

ان مشکل ایام میں مجلس انصار اللہ یوکے کی خدمات

مجلس انصار اللہ یوکے نے حضور اقدس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکے ارشادات کی روشنی میں COVID-19 وائرس کے دوران تمام انصار کی مدد کے لیے ہنگامی طور پر ایک پروگرام مرتب کیا تا کہ جلد از جلد تمام ضرورت مند انصار کی مدد کی جا سکے۔

صدر مجلس انصار اللہ کی ہدایات کی روشنی میں قیادت ایثار نے مکرم فہیم انورصاحب نائب صدر صف دوم کی سربراہی میں ایک میٹنگ منعقد کی۔ اس میٹنگ میں ان حالات میں انصار کی مدد کے لیے درج ذیل فیصلہ جات کیے گئے۔

1۔ دفتر انصار اللہ لندن میں ایک نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا قیام

2۔ شعبہ آئی ٹی مجلس انصار اللہ کے تحت یوکے بھر کے تمام انصار کو اس کنٹرول سینٹر کے متعلق مطلع کرنا ۔

3۔ تمام ریجنزاور مجالس کے ناظمین اورمنتظمین ایثار کو فعال کرنا۔

4۔ تمام ریجنزسے بیمار اور ضرورت مند انصار کا ڈیٹا اکٹھا کرنا۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے شعبہ ایثارمجلس انصار اللہ کی ٹیم نے دن رات محنت کر کے تمام ریجنز سے معلومات اکٹھی کیں۔

اور یوکے بھر کے تمام انصار کو مطلع کیا کہ اگر ان کو کسی بھی قسم کی ضرورت ہے تو وہ قیادت ایثار سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

اس دوران بہت سے احباب کی ضروریات کو پورا کرنے کی کوشش کی گئی ۔ جن میں ہومیوپیتھی ادویات، ایلوپیتھی ادویات اور ضرورت کی چیزیں وغیرہ شامل ہیں۔

اسی طرح اس بات کا بھی جائزہ لیا گیا کہ وہ انصار جو کہ گھروں سے نہیں نکل سکتے ان کی ضروریات کا کیسے خیال رکھا جائے۔ اس کا بھی انتظام کیا گیا ہے اور ہفتہ وار ڈیوٹی لگائی گئی ہے۔

اسی طرح چند لوکل ریجنز نے بھی اپنے طور پر کام کا آغاز کیا ہےجن میں سکاٹ لینڈ ریجن میں لوکل اولڈ ہوم میں ادویات تقسیم کی گئیں۔ اسی طرح سینٹر کی طرف سے ریجنز میں 225 کی تعداد میں انصار کو ادویات مہیا کی گئیں۔ اور ضرورت مند انصار کو 48کی تعداد میں اشیائے ضرورت مہیا کی گئیں۔

(رپورٹ: محمد محمودخان۔قائد عمومی مجلس انصار اللہ یوکے)

کورونا وائرس اور جماعت احمدیہ بنگلہ دیش کی سرگرمیاں

بنگلہ دیش میں کورونا وائرس کی وجہ سے درپیش مسائل سے نپٹنے کے لیےجماعت احمدیہ بنگلہ دیش احمدی احباب کی جہاں تک ممکن ہے ہمدردی کے جذبہ سے مدد کر رہی ہے۔ اب تک کے کاموں کی کچھ جھلکیاں پیش ہیں۔

گذشتہ دو ہفتوں سے اکثر احباب جماعت جو بے روزگار ہو گئے ہیں ان کی امداد کے سلسلہ میں مقامی جماعت کے ذریعہ سے اور پھر ڈھاکہ مرکزی جماعت کے ذریعہ سے امدادی کارروائی کی جا رہی ہے۔ اب تک 30 مقامی جماعتوں کی 397 فیملیز کو بنیادی خوارک مہیا کی گئی ہیں اورچند گھروں میں نقد رقوم کی تقسیم بھی کی گئی ہے اور یہ کارروائی جاری ہے۔ چند غیرازجماعت افراد کی بھی ان ایام میں مدد کی گئی ہے۔

ذیلی تنظیمیں مجلس خدام الاحمدیہ، انصار اللہ اور لجنہ اماء اللہ بھی خدمت خلق کے کاموں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے ماسک، صابن اور ہینڈ سینیٹائزر احمدی اور غیر از جماعت ہمسایوں میں تقسیم کیے ہیں۔

اسی طرح دو تین مقامی جماعتوں نے اپنے رہائشی علاقے کی آس پاس کی سڑکوں، مساجد، مدارس اور ساری بستی کو بلیچ ملے پانی سے دھویا۔ دیگر بڑی جماعتیں جیسا کہ ڈھاکہ، میرپور،برھمن باریا، چٹوگرام، احمد نگر، ناٹور،کھولنا اور سندربن وغیرہ بھی خدمت خلق کا کام کر رہی ہیں۔

مزید بر آں ہمارے پیارے امام حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی طرف سے عطا کردہ ہومیوپیتھی نسخہ تقسیم کیا جارہا ہے۔

Humanity Firstکے تحت بھی ان ایام میں خاص کام ہورہا ہے۔

اب تک کی رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش میں کل 621؍ افراد کورونا وائرس میں مبتلا ہوئے ہیں جن میں سے 39؍افراد صحت یاب ہوگئے ہیں اور 34؍افراد وفات پاگئے ہیں۔

اللہ تعالیٰ بنی نوع انسان کو اس وبا سے جلد نجات دے۔ آمین۔

(رپورٹ : نوید احمد لیمن ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل بنگلہ دیش)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button