سالانہ اجتماع وقفِ نو سویڈن برائے سال 2019ء تا 2020ء
اللہ تعالیٰ کے فضل سے شعبہ وقفِ نو سویڈن کو 08؍ اور 09؍ فروری 2020ء کو سالانہ اجتماع وقفِ نو منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمد للہ علی ذالک۔
پلاننگ کا پہلا اہم مرحلہ اجتماع کی انتظا میہ کی تشکیل تھی۔ مکرم اکرام الحق صاحب بطور ناظم اعلیٰ اجتماع مقرر کیے گئے اور ناظم اعلیٰ صاحب کے ساتھ مختلف نظامتیں، ناظمین اور ان کی ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔
یوں تو تمام شعبہ جات اہمیت کے حامل ہیں اور اپنی تیاریاں کرتے رہے لیکن خاص طور پر رہائش، ٹرانسپورٹ اور حاضری کو بہتر بنانے کے لیے مقا می سیکرٹریان ِوقف ِنو کے تعاون سے ملک بھر کے واقفینِ نو اور ان کے والدین سے بارہا رابطے کیے گئے اور شاملین کی فہرستیں تیار کی گئیں۔ علمی مقابلہ جات، انعامات، طعام، سمعی و بصری اور دیگر نظامتوں نے اپنے اپنے معاونین اور نائبین کا تقرر کیا اور بھر پور رنگ میں روزانہ کی بنیاد پر اجتماع کی تیاری میں تندہی سے مشغول ہو گئے۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی واقفینِ نو کے ساتھ ساتھ واقفاتِ نو کے اجتماع کا انعقاد بھی انہی تاریخوں میں نیشنل صدر لجنہ سویڈن محترمہ رخشندہ تحسین صاحبہ اور معاونہ صدر لجنہ برائے واقفاتِ نو سویڈن محترمہ ملیحہ قاضی صاحبہ کے تعاون سے ہوا۔ واقفاتِ نو کے اجتماع کے لیے لجنہ نے بھی ناظمات اور ٹیمیں اسی طور پر تشکیل دیں اور بھرپور طور پر تیاریاں شروع کر دیں۔
اجتماع کے شعبہ جات کی تیاریوں کے ساتھ ساتھ خدا کے فضل سےنیشنل سیکرٹری وقف نو مکرم طارق یوسف صاحب نے لوکل سیکرٹریانِ کرام وقفِ نو کی مدد سے سویڈن کی پانچوں مقامی جماعتوں، گوتھن برگ، مالمو، سٹاک ہوم، کالمار اور لولیو، میں خصوصی طور پر یومِ والدین کا انعقاد کروایا جن کا بنیادی مقصد تمام والدین اور واقفینِ نو کو سالانہ اجتماع کی اہمیت سے آگاہ کرنا تھا۔
بفضلہ تعالیٰ اجتماع سے ایک دن قبل مورخہ 07؍فروری 2020ء بروز جمعہ تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جا چکی تھی۔ مکرم وسیم ظفر صاحب امیر جماعت سویڈن نے انتظامیہ کے ساتھ میٹنگ کی اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
جمعہ کی صبح سے ہی دور دراز سے مہمان تشریف لانا شروع ہو گئے۔ اجتماع میں تمام جماعتوں سے واقفینِ نو اور واقفاتِ نو اور ان کے والدین کے علاوہ باقی احباب جماعت نے بھی شمولیت اختیارکی۔ ہر جماعت سے نمائندگی اور شمولیت نے اجتماع کی رونق کو چار چاند لگا دیے۔ اجتماع کی کُل حاضری تقریبا ً 220؍رہی۔
اجتماع کا پہلا دن
پہلے دن کی افتتاحی تقریب 11؍بج کر30 منٹ پر شروع ہوئی۔ تلاوتِ قرآن کریم اور نظم کے بعد نیشنل سیکرٹری صاحب وقف نو نے تمام مہمانانِ کرام کو خوش آمدید کہا اور اجتماع میں شمولیت کے اصل مقصد یعنی آپس میں بھائی چارہ بڑھانے اور اپنی علمی استعدادوں میں اضافہ کرنے کی طرف توجہ دلائی۔ اسی طرح مقابلہ جات میں منصفین کے فیصلے کے احترام کے ذریعے اطاعتِ نظام کی روح کے بارے میں واقفین کو توجہ دلائی گئی۔ مکرم ناظم اعلیٰ صاحب نے دونوں دن کا پروگرام بتایا اور پھر مبلغ انچارج سویڈن مکرم آغایحٰی خان صاحب نے والدین کو نصائح کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کو وقف کرنےکے بعد والدین کوان کے خدا تعالیٰ سے تعلق کو مضبوط کرنے کےلیےکوشش کرنی چاہیے تاکہ بچوں کے ذہنوں میں راسخ ہو جائے کہ انہوں نے صرف اور صرف دین کی خدمت کے لیے اپنے آپ کو پیش کرنا ہے۔ نصائح کے بعد آپ نے دعا کروائی۔ اور یوں قریبا ًساڑھے بارہ بجے دوپہر علمی مقابلہ جات کا آغاز ہوا۔ علمی مقابلہ جات میں تلاوت قرآن، حفظ قرآن، ترجمة القرآن، نظم، نماز، اذان، تقریر اردو، تقریر سویڈش اور اردو پڑھنےکے مقابلہ جات شامل تھے۔ خدا کے فضل سے واقفینِ نو کے تمام معیاروں میں شاملین اجتماع نے بھرپور تیاری کے ساتھ حصّہ لیا۔
شام چھ بجے ایک قریبی کھیلوں کے ہال میں تمام واقفین نو کے ورزشی مقابلہ جات کروائے گئےجن میں تمام شاملین نے انتہائی دلچسپی اور شوق سے حصہ لیا۔
اجتماع کا دوسرا دن
دوسرے دن کا آغاز نماز تہجد سے ہوا، نمازِ فجر اور درس کے بعد ناشتہ کا اہتمام کیا گیا۔ تقریباً ساڑھے نو بجے واقفینِ نو کےچند تفریحی مقابلہ جات کروائے گئے جن میں پیغام رسانی اور میوزیکل چیئر شامل تھے۔ دوسرے دن کا پہلا اجلاس صبح ساڑھےدس بجے شروع ہوا۔ اس اجلاس میں ایک سیشن والدین اور بچوں کے ساتھ ایک ورکشاپ کی صورت میں تھا جس میں نیشنل سیکرٹری صاحب وقف نو نے حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کے خطابات اور ہدایات کی روشنی میں تفصیل کے ساتھ وقفِ نو کے اغراض و مقاصد نیز خلیفۃ المسیح کی واقفین سے توقعات کوایک پریزینٹیشن کے ساتھ مؤثر رنگ میں پیش کیا۔ اس سیشن میں ایک واقفِ زندگی کی پیدائش سے لے کر اپنے آپ کو وقف کے لیے پیش کرنے تک کی زندگی کے مختلف مراحل اور رہ نمائی کے ذرائع پر خاص توجہ دی گئی۔ ساتھ ہی سوال و جواب کے لیے مربیانِ کرام کو بھی سٹیج پرمدعو کیا گیا۔
اس سیشن کے بعد تقسیم انعامات اور اختتامی اجلاس کے لیے تمام شاملینِ اجتماع مسجد ناصر گوتھن برگ کے مین ہال میں اکٹھے ہوئے۔ تقریب تقسیمِ انعامات میں تلاوت، ترجمہ اور نظم کے بعد مقابلہ جات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے واقفینِ نو میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ امسال اجتماع میں شمولیت کے لیے سات سال سے کم عمر کے واقفین کو اپنے والدین کے ہمراہ خصوصی شمولیت کے لیے دعوت دی گئی تھی۔ اور اسی اعتبارسے ان سب کو اسناد اور خصوصی انعامات دیے گئے۔ اسی طرح اِس بات کو یقینی بنایا گیا کہ ہر وہ وقفِ نو جو کسی ایک مقابلہ میں بھی شامل ہوا ہو اس کو کم از کم حوصلہ افزائی کا انعام ضرور دیا جائے۔ تقسیمِ انعامات کے بعد اجتماع کی رپورٹ مکر م ناظم اعلیٰ صاحب اجتماع نے پیش کی۔ جس کے بعد نیشنل سیکرٹری صاحب وقف نو نے تمام مہمانانِ کرام کا اور تمام کارکنان کا شکریہ ادا کیا۔ اور آخر پر مکرم مبلغ انچارج صاحب سویڈن نے بطور نمائندہ امیر صاحب سویڈن، اختتامی تقریر کی جس میں آپ نے بچوں کو بتایا کہ کامیاب زندگی گزارنے کا نسخہ قرآن کریم ہے اور ا س سے فائدہ صرف متقین حاصل کر سکتے ہیں اور متقی بننے کا آسان طریق اللہ تعالیٰ نے احمدیوں کو یہ دیا ہے کہ خدا کے خلیفہ کی باتوں کو سنیں اور ایک ایک لفظ کی پیرو ی کریں تو آپ متقی بن جائیں گے۔ اختتامی تقریر کے بعد دعا کے ساتھ اس اجتماع کا اختتام ہوا۔ نماز ظہر اور عصر کے بعد طعام پیش کیا گیا جس کے بعد حاضرین اپنے اپنے گھروں کو روانہ ہوئے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ اس اجتماع کی برکات سے تمام شاملین کو مستفید فرمائے۔ آمین
(رپورٹ: رضوان افضل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)