متفرق مضامین

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادات کی روشنی میں شعبہ وقف نو مرکزیہ کی طرف سے والدین اور انتظامیہ کے لیے چند اصولی ہدایات

(لقمان احمد کشور۔ انچارج شعبہ وقفِ نو مرکزیہ)

جواحمدی احباب اپنے بچوں کو تحریک وقفِ نو میں شامل کرنا چاہتے ہوں یا ان کے بچے پہلے سے شامل ہوں ان کی اطلاع اور رہنمائی کے لیے مندرجہ ذیل تفصیلی ہدایات شائع کی جارہی ہیں۔

(1)تحریک وقف ِنو میں شمولیت کے لیے لازمی ہے کہ بچوں کی ولادت سے قبل والدین خود سیّدنا حضور انور ایدہ اﷲ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت ِ اقدس میں تحریری طور پر وقف کی درخواست بھجوائیںکہ وہ اپنے ہونے والے بچے کو وقف کے لیے پیش کرنا چاہتے ہیں۔ وہ اس بات کی تسلی کریں کہ درخواست پیش ہو گئی ہے اس معاملہ میں اپنی درخواست کی پوری طرح پیروی کریں تاکہ بچہ کی ولادت سے قبل آپ کو وقف نو کی ابتدائی منظوری مل جائے۔

(2)وقف کی درخواست والدین خود بھجوائیں۔اگر خود خط نہ لکھ سکتے ہوں یعنی ان پڑھ ہوں تو بھی درخواست والدین کی طرف سے ہونی چاہیے۔زندگی کا وقف کرنا ایک سنجیدہ معاملہ ہے اس لیے کسی اور کی طرف سے درخواست پر حضورانور کی طرف سے یہی جواب بھجوایا جاتا ہے کہ والدین خود لکھیں۔
وقف کی درخواست مختصر لکھیں اور اس میں صرف ہونے والی اولاد کے وقف کی منظوری کی درخواست کریں۔اس میں دیگر امور کا ذکر نہ کیا کریں تا آپ کو بروقت جواب بھجوایا جا سکے۔

(3)جو احباب اپنی مقامی جماعتوں میں خط جمع کرواویتے ہیں اور مرکز کو خط موصول ہی نہیں ہوتا ان کے بچوں کو وقفِ نو میں شامل نہیں کیا جاتا۔ اس لیے ایسے والدین جب مرکز سے رابطہ کرتے ہیں تو ان کے خط اور بچوں کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں ہوتا۔ وقفِ نو کے بارہ میں لکھے ہوئے خطوط مقامی جماعتوں میں جمع نہ کرائے جائیں اور نہ ہی ربوہ کے پتہ پرخط ارسال کیے جائیں بلکہ کوشش کرکے براہ راست لندن بھجوائیں۔

(4)لوکل یا ریجنل اور نیشنل سیکرٹریان ِ وقف نو کی خدمت میں گزارش ہے کہ وہ بچوں کو اس وقت تک اپنی وقفِ نَو کی فہرست میں شامل نہ کیا کریں جب تک والدین ان کو شعبہ وقف نو مرکزیہ لندن کی طرف سے منظوری اور حوالہ نمبر کا خط نہ دیں۔اگر والدین کے پاس خط موجود نہ ہو تو سیکرٹری وقف نو اپنے نیشنل سیکرٹری وقف نو سے رابطہ کریں اور اس بچہ کے مکمل کوائف بھجوا کر لندن دفتر سے تصدیق حاصل کرلیں۔

گزشتہ سالوں میں ایک والد کے ہربچے یا ایک فیملی کے سب بچوں کے لیے صرف ایک مخصوص نمبر الاٹ کیا جاتا تھا مگر جنوری 7102ء سے والدین کے ہر بچہ کا تجنید نمبر کی طرز پر علیحدہ علیحدہ نمبر جاری ہوتا ہے۔

سیکرٹریان اس بات کا ضرور خیال رکھیں کہ صرف اس بات پر بچے وقف ِ نو میں شامل نہیں ہوتے کہ والد ین نے خط لکھ دیا تھا اس لیے لازمی ہے کہ بچہ وقف میں شامل ہو گیا ہے۔ صرف وہ بچے وقف نو میں شمار ہوتے ہیں جن کی ابتدائی منظوری بھجوا دی جائے اور اس کے ساتھ لف شدہ فارم ان کی ولادت کے بعد والدین نے واپس مرکز ارسال کرکے اس کا حوالہ نمبر حاصل کر لیا تھا۔

اس کے متعلق حضور انور کی واضح ہدایت ہے کہ بچوں کی ولادت کے بعد والدین فارم فوراً واپس بھجوایا کریں ورنہ فارم تاخیر سے ملنے پر ان کے بچے وقف نو میں شمار نہیں ہونگے۔

حضور انور ایدہ اللہ کا یہ ارشاد بھی بار بار جماعتوں میں سرکلر کیا جا چکا ہے کہ ایسے والدین جن کے خلاف کوئی تعزیری کارروائی ہوتی ہے یا ان کو کو ئی سزا ملتی ہے تو ان کے بچے وقف نو میں شامل نہیں رہتے اور انتظامیہ کا کام ہے اس کے متعلق مرکز کو اطلاع کریں اور کسی وقف نو کو کوئی سزا ملتی ہے تو وہ بھی وقف نو سے فارغ سمجھا جائے اور مر کز لندن کو ضرور اطلاع دی جائے۔اس متعلق یہ یاد رہے کہ معافی کی صورت میں ایسے بچوں کی وقف ِنَو میں دوبارہ بحالی کے لیے بھی حضور انور ایدہ اللہ کی منظوری لازم ہے۔تمام معاملہ مکمل تفصیل مع تعلیمی کوائف بھجوایا جائے۔

(5)درخواست بھجواتے وقت بعض احباب مکمل کوائف درج نہیں فرماتے اور بعض صورتوں میں پتہ حتیٰ کہ شہر یا ملک کا نام بھی نہیں لکھا ہوتا جس کی وجہ سے ایسے خطوط پر کارروائی کرنا ممکن نہیں ہوتا۔ اگر خط پر مکمل نام پتہ درج نہ ہو تو جواب ارسال نہیں کیا جاسکتا۔اگر شہر یا ملک کا نام لکھا ہوا ہو تو جواب بتوسط امیر صاحب یا مشن ہاؤس بھجوایا جاتاہے جس میں کافی دیر لگ جاتی ہے۔

اس ضمن میں یہ بھی گزارش ہے کہ لفافہ کے باہر پتہ لکھنے کی بجائے اندر خط پر پتہ تحریر کرنا زیادہ مناسب ہے۔ بعض دفعہ پتہ فیکس میں بھی کٹ جاتا ہے۔اس لیے واضح کرکے لکھیں۔

حضور انور سے ذاتی ملاقات میں بھی ایسی درخواست تحریری طور پر دی جائے تو اس پر اپنا مکمل نام وپتہ ضرور لکھیں۔ ہوسکے تو خط میں اپنے گھر کا ٹیلیفون یا موبائل ٹیلیفون نمبر ضرور درج کریں اور بہتر ہوگا اگر ای میل ایڈریس بھی درج کردیں۔خاص طور پر فارم پر کرتے ہوئے یہ تمام معلومات ضرور لکھی جائیں۔

(6)بعض احباب لکھتے ہیں کہ انہیں جواب نہیں ملا یا انہیں حوالہ نمبر وقف نو نہیں بھجوایا گیا اور براہ راست حضور انور کی خدمت میں تحریر کر دیتے ہیں ۔ جس سے حضور انور کا قیمتی وقت بھی ضائع ہوتا ہے۔ایسے احباب کی اطلاع کے لیے عرض ہے کہ ایسی صورتحال میں براہ راست مرکزی شعبہ وقفِ نو(لندن) سے رابطہ کریں کیونکہ اکثر اوقات آپ کو جواب جا چکاہوتا ہے مگر کسی وجہ سے ملا نہیں ہوتا یا آپ کا خط اور فارم ہی دفتر کو نہیں ملا۔ایسی صورت میں بھی مکمل کوائف لکھا کریںتاکہ حوالہ نمبر تلاش کیا جا سکے خط کس نے لکھا تھا اور کہاں سے لکھا گیا تھا۔ یا حوالہ نمبر نہیں ملا تو بچہ کا نام کیا ہے ، اسکے والدین کا نام کیا ہے ۔اس کی تاریخ پیدائش کیا ہے۔ جو فارم منظوری کے ساتھ ملا تھا اس کا نمبر (PF) کیا ہے۔

(7)وقف نو میں منظوری کے بعد والدین کو چاہیے کہ وہ اپنی مقامی جماعت کے سیکرٹری وقف نو سے رابطہ کر کے انہیں اپنے کوائف سے آگاہ کر کے وقف نو کے پروگراموں میں شمولیت اختیار کریں۔

(8)وقف نو کے ضمن میں نصاب وقف نو،خطبات وقف نو (لائحہ عمل)شائع ہو چکے ہیں۔نیشنل سیکرٹریان وقف نو یہ کتب اپنے ملکی نظام کے تحت ایڈیشنل وکالت اشاعت(ترسیل) لنڈن کے توسط سے منگوا سکتے ہیں۔

حضور انور ایدہ اللہ کی رہنمائی میں شعبہ وقف نو مرکزیہ لندن کی زیر نگرانی واقفین نو کے لیے مرکزی رسالہ ‘‘اسماعیل’’ اور واقفات نو کے لیے ‘‘مریم ’’ جاری ہے۔ان کے حصول کے لیے بھی اپنے نیشنل سیکرٹری سے رابطہ کریں۔

51 سال کی عمر میں ہر وقف نو اپنے وقف کی تجدید کرے اور تحریری طور پر حضورانور کی خدمت میں لکھے کہ وہ اپنا وقف جاری رکھنا چاہتا ہے یا چاہتی ہے اور تعلیمی میدان میں بھی ہر قدم پر رہنمائی کے لیے لکھے کہ اسے کس مضمون میں دلچسپی ہے یا اسے کونسا مضمون اختیار کرنا چاہیے کہ آئندہ بہتر طور پر سلسلہ کی خدمت کرسکے۔

اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد بھی خود کو اپنے تمام پروفیشنل کوائف کے ساتھ حضور انور کی خدمت میں وقف کی تجدید کرتے ہوئے پیش کردے کہ اب وہ خدمت کے لیے تیار ہے اور اس کے بعد جو بھی فیصلہ ہو اس کی تعمیل کرے۔ اگر دوران تعلیم یا کسی وجہ سے ذاتی ملازمت یا کام کرنا پڑے تو لازمی طور پر وجہ بیان کرتے ہوئے اس کی اجازت تحریری طور پر حضور انور سے حاصل کی جائے ورنہ بغیر اجازت ذاتی کام کرنے والے واقفین نو سے متعلق حضور انو ر کا ارشاد ہے کہ اس کا معاملہ حضور انور کی خدمت میں وقف نو سے فراغت کے لیے پیش کر دیا جائے۔

واقفین نو اطفال اور خدام کی کونسلنگ ، کیریئر پلاننگ اور دیگر تنظیمی کاموں میں رہنمائی کے لیے گزشتہ کچھ سالوں سے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ مجلس خدام الاحمدیہ کی نیشنل عاملہ میں ایک معاون صدر کے تعین کی ہدایت فرماچکے ہیں۔

(9)پتہ تبدیل ہونے کی صورت میں نہائت ضروری ہے کہ اپنے مقامی اور نیشنل سیکرٹری وقف نو کوا طلاع دیں تا وہ اپنے ریکارڈ میں اپ ڈیٹ کرلیں اورخصوصاً ملک تبدیل ہونے کی صورت میں لازم ہے کہ اس کی اطلاع شعبہ وقف نو مرکزیہ لندن کو ضرور دی جائے۔بعض احباب کئی کئی سال تک اپنے پتہ کی تبدیلی سے آگا ہ نہیں کرتے۔اگر وقف نو کا فارم پُر کرنے کے بعد سے آپ کا پتہ تبدیل ہو گیا ہے اور آپ نے ابھی تک اطلاع نہیں کی تو درخواست ہے کہ فوری طور پر شعبہ ہذا کو اپنے نئے پتہ کی اطلاع دیں ۔

کسی بھی حوالہ سے خط وکتابت کرتے وقت وقف نو کا حوالہ نمبر ضرور درج کیا کریں۔

دفترشعبہ وقف نو مرکزیہ کا پتہ مندرجہ ذیل ہے:

Waqf-e-Nau Office Central
Deer Park Road, London 22
SW19 3TL, UK

(10)وقف نو کی درخواستیں اور فارمز براہ راست شعبہ وقف نو مرکزیہ لندن کی فیکس پر بھی بھجوائے جا سکتے ہیں۔

دفتر کا فیکس نمبر درجِ ذیل ہے:

00442085447643

دفتر ہٰذا سے ٹیلیفون کے ذریعہ بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

دفترکاٹیلیفون00442085447633 ہےاور دفتری اوقات لندن وقت کے مطابق صبح 10 بجے تا شام 7 بجے ہیں۔

دفتر کا ای میل ایڈریس مندرجہ ذیل ہے:

[email protected]

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button